پورشَ پانامیرا ٹربو ایس ای-ہائبرِڈ کا ایک تفصیلی جائزہ: قیمت، خصوصیات اور تفصیلات

0 188

نئی پورشَ پانامیرا ٹربو ایس ای-ہائبرِڈ ماڈل دونوں لحاظ سے بہترین ہے، ایک طرف آپ کو ایک مکمل اسپورٹس کار کا جوش و ولولہ ملتا ہے جبکہ اُسی وقت آپ کو ایک سیڈان کے مزے بھی ملتے ہیں کہ جس میں چار افراد باآسانی بیٹھ سکتے ہیں۔ عام طور پر اسپورٹس کاریں اِس سہولت کے لیے نہیں بنائی جاتیں۔ یہ اسپورٹس سیڈان 4.5 سیکنڈز میں صفر سے 100 کلومیٹرز فی گھنٹہ کی رفتار پا لیتی ہے۔ یہ ایک الیکٹرک ہائبرڈ ہے جو 500kW/680ps دیتی ہے۔ 

ایکسٹیریئر، انٹیریئر اور کارکردگی: 

ٹربو ایس ای-ہائبرڈ ماڈل پانامیرا تقریباً مرسڈیز ایس کلاس جتنا ہی ہے، لیکن اس کی ہموار شکل اور ڈیزائن اسے زیادہ جارحانہ، دیکھنے میں بڑا اور زیادہ اسپورٹی گاڑی بناتے ہیں۔ اس کی گراؤنڈ کلیئرنس 138 ملی میٹر ہے جو شہر میں سفر کے لیے بہترین ہے اور عام اونچے نیچے راستوں کے لیے کافی ہے۔ فرنٹ اور بیک لائٹس دونوں LEDs ہیں اور بہت خوبصورت ہیں! فرنٹ لائٹس دراصل سینسری لائٹس ہیں جو آنے والے ٹریفک کا اندازہ لگاتی ہیں اور اس حساب سے اپنی بلندی کو ایڈجسٹ کر لیتی ہیں تاکہ دوسرے ڈرائیورز کو پریشانی نہ ہو۔ یہ روشنی کی ضرورت کے مطابق اس کی شدت کو کم یا زیادہ بھی کر دیتی ہیں۔ ڈے ٹائم رننگ LEDs کی شدّت بالکل مناسب ہے ، واضح بھی اور ایسی بھی نہیں کہ آنکھوں کو چبھے۔ 

فرنٹ بمپر کے نیچے ایک ایپرن اور کروم لائننگ ہے، جو پوری گاڑی پر پھیلی ہوئیہے اور یوں اسے جمالیاتی طور پر ایک تسلسل دیتی ہے۔ سائیڈز پر پارکنگ سینسرز لگے ہوئے ہیں کہ جن پر اسٹین لیس اسٹیل سے بنے “ای-ہائبرڈ” کی علامت موجود ہے۔ 

یہ ماڈل 21 انچ کے بڑے الائے رکھتا ہے، جو کار کی رنگت کے ہی ہیں یعنی پیانو بلیک رنگ کے۔ اس کار کے ڈسک بریکس calipers پیلے رنگ کے ہیں جبکہ ڈسکس سیرامِک کی بنی ہوئی ہیں، جو پائیدار بھی ہیں اور سخت ڈرائیونگ میں انہیں جلد ٹھنڈا کرنے میں مدد دیتا ہے۔ 

وڈیو جائزہ نیچے دیکھیں: 

آگے 10 پسٹن المونیم مونوبلاک فکسڈ بریک calipers اور پیچھے فور-پسٹن بریکس ہیں۔ کاربن فائبر کی بریک ڈسکس آگے 420 ملی میٹر اور پیچھے 410 ملی میٹر کا ڈایامیٹر رکھتی ہے اور یوں آپ کو گاڑی روکنے کے لیے پورشَ کی زبردست طاقت ملے گی۔ اِس کے الیکٹرانیکلی کنٹرولڈ اسپائلر ایک بٹن دباتے ہی باہر نکل آتا ہے اور باآسانی واپس بھی چلا جاتا ہے اتنی خوبی کے ساتھ کہ اسپائلر بند ہونے کے بعد کوئی اندازہ بھی نہیں لگا سکتا کہ باڈی کے اندر اسپائلر موجود ہے۔ اس گاڑی کی چھت پر بریک لائٹ بھی موجود ہے جو بہترین جگہ پر لگی ہوئی ہے اور کچھ فاصلے سے بھی نظر آ جاتی ہے۔ 

پانامیرا ٹربو ایس ای-ہائبرڈ کی زیادہ سے زیادہ رفتار 310 کلومیٹرز فی گھنٹہ ہے اور یہ 3.3 سیکنڈوں میں 0 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار حاصل کر لیتی ہے (اور 4.5 سیکنڈز میں 0 سے 100 کلومیٹرز فی گھنٹہ کی رفتار)۔ یہ 86.0 بور اینڈ اسٹروک کے ساتھ کُل آٹھ سلنڈرز رکھتی ہے۔ کیونکہ یہ کار الیکٹرک اور فیول دونوں پر مبنی ہے، اِس لیے اچھے طریقے سے چلائی جائے تو 40 کلومیٹرز فی لیٹر کا زبردست ایوریج دے سکتی ہے۔ 

انٹیریئر اور فیچرز 

اس گاڑی میں اسپورٹی لیکن بہت عمدہ کمبی نیشن رکھنے والا سرخ اور سیاہ چمڑے کا کام کیا گیا ہے۔ ڈیش بورڈ اور اسٹیئرنگ آدھے چمڑے اور آدھے زبردست کاربن فائبر کے بنے ہوئے ہیں۔ پانامیرا ماڈل ایک سے بڑھ کر ایک فیچر سے لیس ہے جیسا کہ اسٹیئرنگ کے پیچھے پیڈل شفٹرز۔ آپ اسٹیئرنگ کے بالکل نیچے موڈ سلیکٹر بھی پائیں گے جس کے ذریعے آپ گاڑی کو اکانمی موڈ، ای-ہائبرڈ موڈ اور اسپورٹس موڈ میں ڈال سکتے ہیں۔ کسی بھی موڈ پر منتقل ہو جانے کے بعد گاڑی فوراً ہی اس حساب سے ہم آہنگ ہو جاتی ہے۔ جیسا کہ اگر آپ اسپورٹس موڈ پر منتقل ہوتے ہیں تو کار کچھ نیچے ہو جاتی ہے، اسپائلر باہر آ جاتا ہے اور انٹیریئر کی روشنیاں تبدیل ہو جاتی ہیں۔ آپ موڈ شفٹرز کے درمیان ایک بٹن بھی دیکھ سکتے ہیں کہ جسے دبانے کے ساتھ ہی بیس سیکنڈز کے لیے ساری پابندیاں ختم ہو جاتی ہیں اور ٹربو انجن اس موڈ میں زیادہ سے زیادہ طاقت فراہم کرتا ہے۔ 

آڈیو سسٹم بھی ٹاپ برانڈز کی چیزوں سے بنا ہوا ہے۔ اس ماڈل میں بوس اسپیکرز لگے ہوئے ہیں۔ لگژری آپشنز کے ساتھ ساتھ آپ کو الیکٹرانک ہینڈ بریک، سیٹ ہائٹ کنٹرول، ہیٹنگ اور کولنگ سیٹس ملیں گی؛ پچھلی سیٹیں مساجر چیئرز ہیں، جو آپ کو اپنی منزل تک آرام سے اور تازہ دم ہو کر پہنچنے کی سہولت دیتی ہیں۔ پچھلی سیٹوں پر ٹانگیں پھیلانے اور سر اٹھانے کے لیے کافی لیگ رُوم اور ہیڈ رُوم موجود ہے۔ 

ویسے اس کے ساتھ آپشن ہوتا ہے کہ آپ کو پیچھے کس طرح کی نشستیں چاہئیں۔ صوفے جیسی یا پھر دو الگ الگ سیٹیں کہ جن کے درمیان ایک اسکرین بھی لگوائی جا سکتی ہے۔ آپ کار کا ملٹی میڈیا، کلائمٹ/ٹمپریچر، نیوی گیشن، ڈسپلے سیٹنگ، ایئر کنڈیشنر سیٹنگ وغیرہ سب اپنی پچھلی سیٹوں پر بیٹھے بیٹھے تبدیل کر سکتے ہیں۔ پانامیرا ایگزیکٹو ماڈل میں پیچھے آرم ریسٹ کے اندر آپ کو ایک ٹیبل بھی ملے گی جسے آپ کھانے پینے اور کوئی کام کرنے کے لیے بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ کام کے بعد آرم ریسٹ کے اندر باآسانی فٹ بھی ہو جاتی ہے۔ 

پیچھے والی کھڑکیاں پرائیویسی وِنڈوز ہیں، یعنی یہ مکمل طور پر tinted ہیں اور مزید پرائیویسی کے لیے آپ کے پاس آٹومیٹک الیکٹرک پردے ہیں جو ایک بٹن دباتے ہی شیشوں کو ڈھک دیتے ہیں۔ اس کی ڈگی کی گنجائش 405 لیٹرز ہے۔ اگر آپ اس گنجائش کو تین گنا سے بھی زیادہ بڑھانا چاہتے ہیں تو پچھلی سیٹوں کو تہہ کر سکتے ہیں اور یوں 1395 لیٹرز کی زبردست سامان کی گنجائش پا سکتے ہیں۔ 

مجموعی طور پر یہ ایک سپر لگژری اسپورٹس سیڈان ہے جو آرام، لگژری اور کارکردگی کو یقینی بناتے ہوئے آپ کے تصور میں آنے والی تقریباً ہر چیز رکھتی ہے۔ وہ سب کچھ جو زیادہ تر سپر اسپورٹس کاریں صرف خواب میں دیکھ سکتی ہیں!

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.