زوٹے زیڈ 100 کی قیمت، تفصیلات اور خصوصیات: پہلی نظر میں ایک جائزہ

0 36,189

آگے بڑھنے سے پہلے یہ بات ذہن میں واضح کر لیں کہ کمپنی نے کوئی الیکٹرک کار لانچ نہیں کی ہے۔ یہ غلط خبر ہے کہ جسے چند میڈیا اداروں کی جانب سے پھیلایا جا رہا ہے۔ 

ٹاپ سن موٹرز (Topsun Motors) نے حال ہی میں پاکستان میں نئی زوٹے Z100 ہیچ بیک متعارف کروائی ہے۔ ٹاپ سن ڈیرہ غازی خان میں ایک مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر پر بھی غور کر رہا ہے۔ یہ پلانٹ زوٹے (Zotye) اور JMC برانڈز کی گاڑیاں بنائے گا۔ 

اِس وقت مارکیٹ میں موجود Z100 کے یونٹس دراصل Completely Built Units یعنی CBUs ہیں۔ Z100 کی قیمت اِس وقت 15,20,000 روپے ہے۔ اس کا مقابلہ کرنے والی اہم گاڑیاں سوزوکی ویگن آر، کِیا پکانٹو اور سوزوکی کلٹس ہیں۔

زوٹے Z100 کا پہلی نظر میں ایک جائزہ: 

ایکسٹیریئر:

زوٹے Z100 کا ایکسٹیریئر بہت عمدہ اور دلکش ہے۔ ہیڈ لائٹس بڑی ہیں اور گاڑی کو اسپورٹی انداز دینے کے لیے انہیں سیاہ tint بھی دیا گیا ہے۔ ہیڈ لائٹس ہیلوجن ہیں اور ان کے اندر ٹرن سگنل بھی عمدگی سے لگائے گئے ہیں۔ فرنٹ بمپر میں فوگ لیمپس لانے کی جگہ بھی دی گئی ہے۔ Z100 ہیچ بیک 14 انچ الائے رِمز اور امپورٹڈ چینی ٹائروں کے ساتھ آتی ہے۔ سائیڈ مِررز باڈی کی رنگت کے ہی ہیں البتہ ڈور ہینڈلز کالے رنگ کے ہیں۔ ٹیل لائٹس سائز میں بڑی اور ہیلوجن ہیں۔ Z100 چار رنگوں میں دستیاب ہے، سفید، سرخ، نیلے اور سلوَر میں۔ سائیڈ مِررز پاورڈ اور ایڈجسٹ ایبل ہیں۔ Z100 میں دیا گیا ایک عمدہ فیچر یہ ہے کہ جب آپ key fob پر اَن لاک بٹن کو دبائے رکھتے ہیں تو تمام کھڑکیاں خودکار طور پر نیچے ہو جاتی ہیں۔ یہ فیچر گرمیوں میں انٹیریئر کو فوراً ٹھنڈا کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ گراؤنڈ کلیئرنس بھی پاکستانی سڑکوں کے حساب سے اچھی ہے۔

انٹیریئر:

زوٹے Z100 کا انٹیریئر دو رنگوں کی configuration میں دستیاب ہے۔ انٹیریئر بھورے اور خاکی رنگ کے ملاپ سے بنایا گیا ہے۔ ڈور ہینڈلز میں کروم فِنش دی گئی ہے۔ Z100 پاور ونڈوز اور پاور اسٹیئرنگ رکھتی ہے۔ RPM اور مائلیج میٹرز ڈجیٹل ہیں جبکہ اسپیڈومیٹر اینالوگ ہے۔ اس وقت Z100 میں کوئی انفوٹینمنٹ اسکرین نہیں ہے؛ البتہ آڈیو سسٹم AUX اور FM کنیکٹیوٹیز رکھتا ہے۔ Z100 کے اگلے بیچ میں انفوٹینمنٹ اسکرین ہوگی۔ یہ ہیچ بیک ایئر کنڈیشننگ یونٹ اور آرام دہ سیٹوں کے ساتھ آتی ہے۔ سیٹیں دو رنگوں کی ہیں اور بھورے اور خاکی رنگ میں آتی ہیں۔ اس وقت گاڑی میں کوئی ایئر بیگ یا ABS نہیں ہے۔ بعد ازاں اگلے بیچز میں اسے ایئر بیگز اور ABS سے لیس کیا جائے گا۔ پیچھے ایک شیلف بھی ہے جو انٹیریئر کو ڈِگی سے الگ کرتا ہے۔ ٹُول کِٹ کو ڈِگی میں سائیڈ پر اچھی طرح شامل کیا گیا ہے۔

کارکردگی

زوٹے Z100 ایک 1000cc یورو 4 انجن کے ساتھ آتی ہے۔ کمپنی ایک ڈرائی بیٹری بھی فراہم کرتی ہے۔ تمام الیکٹرانک پارٹس بوش (Bosch) کے ہیں۔ گو کہ Z100 ایک چھوٹے انجن کے ساتھ آتی ہے، لیکن اس کی کارکردگی عمدہ ہے یہاں تک کہ ایئر کنڈیشنر چلا  کر بھی۔ ہیچ بیک شہر کے اندر 18 کلومیٹر فی لیٹر اور ہائی وے پر 22 کلومیٹرز فی لیٹر دیتی ہے، یعنی روزانہ کی بنیاد پر استعمال کی جائے تو یہ گاڑی جیب پر بھاری نہیں پڑے گی ۔ ٹاپ سن موٹرز 50,000 کلومیٹرز یا 2 سال کی وارنٹی بھی دے رہا ہے، جو بھی پہلے مکمل ہو جائے۔ اس ہیچ بیک کی مرمت کے لیے تمام اسپیئر پارٹس ٹاپ سن موٹرز کی 3S ڈیلرشپس پر دستیاب ہیں۔ 25,000 کلومیٹرز تک کار کے مفت چیک اَپس بھی دستیاب ہیں۔ انجن کے حساب سے دیکھیں تو گاڑی کی رفتار اور پِک اچھا ہے۔ اِس وقت یہ گاڑی صرف مینوئل ویرینٹ میں دستیاب ہے؛ البتہ مستقبلِ قریب میں آٹومیٹک ویرینٹ بھی پیش کیا جائے گا۔

آرام اور ہینڈلنگ

مجموعی طور پر ڈرائیونگ کا تجربہ رواں اور آرام دہ ہے۔ ڈرائیونگ پوزیشن بھی بہترین اور اطمینان بخش ہے، جو اسے طویل سفر کے لیے ایک اچھی کار بناتی ہے۔ درمیان میں آرم ریسٹ کی عدم موجودگی آرام میں کچھ کمی ضرور لاتی ہے۔ زوٹے Z100 کی ڈِگی کا سائز اچھا ہے اور یہ اضافی ٹائر کے ساتھ بھی آتی ہے۔ پچھلے حصے میں ہیڈ روم اور لیگ روم ایک عام قد و قامت کے بالغ فرد کے لیے کافی ہے۔ آگے بیٹھنے والے مسافر اور ڈرائیور کے لیے بھی لیگ رُوم بہترین ہے۔

سیفٹی

سیفٹی کے معاملے میں Z100 اتنی متاثر کُن نہیں ہے کیونکہ اِس وقت اس میں ایئر بیگز اور ABS نہیں ہیں۔ یہ سیفٹی فیچرز سوزوکی آلٹو اور کلٹس جیسی دوسری ہیچ بیکس میں موجود ہیں۔ ٹاپ سن موٹرز کے مطابق اگلے بیچز میں یہ سیفٹی فیچرز بھی ہوں گے اور وہ اِس گاڑی کو مارکیٹ میں مقابلہ کرنے والا بنائیں گے۔

فیصلہ

زوٹے ٹاپ سن موٹرز کی چھتری تلے ایک برانڈ ہے اور اسے پاکستان میں اپنی جڑیں مضبوط کرنے میں کچھ وقت لگے گا۔ ایکسٹیریئر ڈیزائن اور انٹیریئر کی شکل و صورت بہترین ہے۔ اس گاڑی کی ری سَیل ایک چیلنج ہوگی کیونکہ یہ ابھی اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے۔ مجموعی طور پر زوٹے Z100 کا چھوٹا سائز اور ایندھن بچت اسے شہر کے اندر گاڑی چلانے کے خواہش مند افراد کی توجہ پانے میں مدد دے سکتے ہیں۔ Z100 کو پاکستان میں کامیابی کے لیے وقت کے تقاضوں پر پورا اترنا ہوگا۔ 1000cc مارکیٹ شعبہ نئی گاڑیوں کی آمد کے ساتھ مقابلہ بہت سخت ہوتا جا رہا ہے اور زوٹے Z100 کے ساتھ مارکیٹ میں اپنی جگہ بنا سکتا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.