چنگان ایلسون نے ‘آن منی’ سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات اٹھا لیے

چنگان موٹرز نے ایلسوِن کی بکنگ پر ‘آن منی’ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک بیان میں کمپنی کا کہنا ہے کہ اس نے چند لوگوں کو اپنی بکنگز ‘پریمیئم’ پر بیچنے کی کوشش کرتے دیکھا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ “ہم نہ صرف ‘پریمیئم’ کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں بلکہ ایسی سرگرمیوں میں حصہ بھی نہیں لیتے۔”

اس عمل کو روکنے کے لیے کمپنی مندرجہ ذیل اقدامات اٹھا رہی ہے:

 

ایلسوِن کی بکنگ بند:

قبل ازیں چنگان موٹرز نے اپنی حال ہی میں لانچ ہونے والی گاڑی ایلسوِن کی بکنگ بند کر دی تھی۔ کمپنی کے بیان کے مطابق یہ سیڈان “ہمارے جینوئن صارفین کی جانب سے جون تک کے لیے مکمل طور پر بُک کر لی گئی ہے۔” یہ بیان مزید کہتا ہے کہ چنگان ڈلیوری کا دورانیہ بڑھنے سے بچنے کے لیے مزید نئی بکنگز نہیں لے رہا۔

کمپنی نے کہا کہ “جلد ڈلیوری کے وعدے پر کسی کو بھی ادائیگی کرنے سے بچیں۔” چنگان نے مزید کہا کہ وہ جلد ہی بکنگ دوبارہ کھولے گا۔

بکنگ پہلے ہی دن بند ہوئی:

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چنگان نے اسی دن بکنگ بند کی ہے، جس روز اسے عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ اس سے پہلے نوٹیفکیشن نے اعلان کیا تھا کہ عوام کے لیے بکنگ کا آغاز 14 جنوری کو ہوگا۔

اس سے پہلے 11 سے 13 جنوری تک 1000 صارفین کی پری بکنگ تھی جنہوں نے لکی ڈرا جیتا تھا۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان تاریخوں پر ڈیلرز نے صارفین کے لیے بکنگز تو نہیں کر لیں؟ کیونکہ گزشتہ روز جب لوگ بینک ڈرافٹس لیے ڈیلرشپس پر پہنچے، تو متعدد ڈيلرز نے انہیں بتایا کہ بکنگز نہیں ہیں۔ رپورٹس کے مطابق یہ کمپنی کی ڈیلرشپس پر بکنگ کھلنے کے محض چند گھنٹے بعد ہوا تھا۔

تو کیا اس حرکت کے بعد ہمیں قیمت میں اضافے کی توقع رکھنی چاہیے؟ ایک اور بڑا سوال یہ ابھرتا ہے کہ کیا اس سے ایلسوِن پر ‘آن منی’ کی حوصلہ افزائی نہیں ہوگی؟

 

۔

Exit mobile version