ٹویوٹا نے دنیا کی تیز ترین SUV متعارف کروادی

امریکا کے شہر لاس ویگاس میں جاری گاڑیوں کی نمائش SEMA میں ٹویوٹا نے دنیا کی تیز ترین SUV سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ یہ دراصل نئی لینڈ کروزر ہے جسے برق رفتاری کی خصوصیت کی وجہ سے لینڈ اسپیڈ کروزر کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں 5700cc ٹون ٹربو V8 انجن لگایا گیا ہے جو 2000 ہارس پاور تک فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے جو بوگاٹی کیرون میں شامل انجن کے مقابلے میں 500 ہارس پاور زیادہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ٹویوٹا لینڈ اسپیڈ کروزر کی رفتار زیادہ سے زیادہ 354 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔



اس گاڑی کو بھاری بھرکم انجن کا حامل بنانے کے لیے ٹویوٹا نے اس کے دیگر حصوں کو بھی بہتر بنانے کے لیے کام کیا ہے۔ عام طور پر SUVs کی اونچائی بہت زیادہ ہوتی ہے اور اسی لیے ان کا ڈیزائن ایروڈائنامک اصولوں سے مطابقت نہیں رکھتا۔ لیکن لینڈ اسپیڈ کروزر کو ایروڈائنامک سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹویوٹا نے اس کے سسپنشن کو مزید نیچے اور نچلے حصے کو مزید ہوار کرنے کی کوشش کی ہے۔ سسپنشن نیچے ہونے سے سفر کے دوران ہوا باآسانی گاڑی کے نچلے حصے سے گزر سکے گی اور یوں انجن کم قوت فراہم کرتے ہوئے بھی سبک رفتاری فراہم کرسکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کی 10 تیز ترین اسٹیشن ویگنز؛ ان کی رفتار آپ کو حیران کردے گی!