FBR گاڑیاں خریدنے والوں کو ٹیکس دائرے میں لانے کے لیے تیار
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) گزشتہ دو سال میں 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیاں خریدنے والے افراد کو ٹیکس دائرے میں لانے کی کوشش کر رہا ہے، سٹی 42 نے بتایا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایکسائز و ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ اور مقامی گاڑیاں بنانے والے اداروں سے اُن افراد کا ڈیٹا حاصل کرلیا ہے کہ جنہوں نے 15 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیاں خریدی ہیں۔ مہنگی گاڑیاں لینے اور ٹیکس دائرے میں آنے سے بچ جانے والے ان افراد کو نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
مزید برآں، اتھارٹی نے 600 لگژری گاڑیاں خریدنے والوں کی معلومات بھی حاصل کرلی ہے کہ جو ٹیکس دائرے میں تو موجود ہیں لیکن اپنے اثاثوں کی فہرست میں ان لگژری گاڑیوں کو ظاہر نہیں کیا۔ FBR نے ٹیکس سے فرار اختیار کرنے والے ان افراد کے خلاف سخت اقدامات پر زور دیا اور مزید کہا کہ کسی کو بھی نہیں چھوڑا جائے گا۔
علاوہ ازیں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ سندھ 22 اکتوبر 2018ء سے کراچی میں نان-کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف قدم کا آغاز کرچکا ہے۔ اتھارٹی نے کراچی میں گاڑیوں کے مالکان کو اپنے ٹیکس ادا کرنے کا حکم دیا ہے بصورتِ دیگر بھاری جرمانہ ادا کرنا ہوگا یا گاڑی بھی ضبط کی جا سکتی ہے۔
ڈپارٹمنٹ دیگر اداروں کے ساتھ مل کر خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے دائرے میں لانے کی کوشش کر رہا ہے، اگر آپ نان-ٹیکس پیڈ گاڑی میں کراچی کی سڑکوں پر گھوم رہے ہیں تو آپ شہر کے مختلف مقامات پر چیک کی زد میں ہیں کہ جہاں 11 ٹیموں کو ٹیکس خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی دستاویزات کا معائنہ کرنے کے لیے رکھا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے PakWheels.com پر آتے رہیے۔