کیا کرولا GLi کو خیرباد کہہ دیا گیا؟

پچھلے کئی ماہ سے ٹویوٹا وائیوس 2018ء کی پیشکش سے متعلق خبریں، اس گاڑی کی خصوصیات اور خفیہ تصاویر گردش میں ہیں۔ لگ بھگ دو ماہ قبل ٹویوٹا انڈس موٹرز کی جانب سے کرولا GLi/Xli کی بُکنگ بھی بند کی جا چکی ہے اور اس کی جگہ GLi کے خصوصی ایڈیشن کی فراہمی شروع کی جاچکی ہے۔ عام طور پر ’خصوصی ایڈیشن‘اس بات کی طرف اشارہ ہوتا ہے کہ اب یہ ماڈل رخصت ہونے کو ہے اور مستقبل قریب میں نیا ماڈل متعارف کروایا جائے گا۔ اس حکمت عملی کا مقصد نئے ماڈل کی پیشکش سے قبل موجودہ ماڈل کی زیادہ سے زیادپ فروخت ممکن بنانا ہوتا ہے تاکہ گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے کو ہر ممکن حد تک مالی نقصان سے محفوظ رکھا جاسکے۔

لیکن تازہ ترین صورتحال خاصی دلچسپ ہے اور وہ یہ کہ ڈیلرشپس نے مبینہ طور پر کرولا GLi خصوصی ایڈیشن کی بُکنگ بھی بند کردی ہے۔ ہم نے متعدد ڈیلرشپس سے رابطہ کیا اور  سب ہی نے اس ماڈل کی بُکنگ کرنے سے انکار کر دیا۔ ان تمام ڈیلرشپس کا ایک ہی جواب تھا اور وہ یہ کہ:

’’معذرت جناب، ہم مزید آرڈر نہیں لے رہے!‘‘

مزید بُکنگ نہ کیے جانے کی کوئی حتمی وجہ بیان نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ آیا مستقبل قریب میں بُکنگ دوبارہ شروع ہوگی یا نہیں۔

علاوہ ازیں، ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کی ویب سائٹ پر گاڑیوں کی دستیابی والے حصے میں شامل کسی بھی ڈیلر کے پاس بھی کرولا GLi خصوصی ایڈیشن دستیاب نہیں۔


کیا یہ صورتحال اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ٹویوٹا پاکستان نے کرولا کو غیر اعلانیہ طور پر خیرباد کہہ دیا ہے؟ اور کیا ایسا صرف کرولا کے خصوصی ایڈیشن کے ساتھ ہوا ہے یا پھر XLi کے ساتھ بھی ایسا ہی ہونے جا رہا ہے؟ یہ اور ان جیسے کئی سوالوں کا جواب تو وقت ہی دے گا۔ اس لیے صبر کا دامن تھامے رکھیے۔

Exit mobile version