گندھارا نئی گاڑی پیش کرے گا

گندھارا اور رینالٹ کے درمیان ناکام مذاکرات کی خبریں اب ماضی کا قصہ بن چکی ہیں اور تازہ خبر یہ ہے کہ گندھارا نے پاکسان میں نئے ہیوی ڈیوٹی پک اپ ٹرک “آئیسوزو ڈی-میکس” پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ عنقریب منظر عام پر آنے والا یہ ٹرک اپنے بہترین سسپنشن کی وجہ سے دنیا بھر میں بہترین آف روڈ سواری کے طور پر جانا جاتا ہے۔

آئیسوزو ڈی-میکس کے دستیاب ماڈلز میں ای ایکس (4×4) 3000cc ڈیزل انجن مع 6-اسپیڈ مینوئل، ایل ایس ایم ہائی رائیڈ (4×4)  3000cc ڈیزل انجن مع 6-اسپیڈ آٹومیٹک اور ایل ایس ٹیرین ہائی-رائیڈ (4×4) 3000cc ڈیزل انجن مع 6-اسپیڈ آٹومیٹک وغیرہ شامل ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گندھارا نے آئیسوزوکی موٹرز کے ساتھ تکنیکی نوعیت کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت آئیسوزو پاکستان میں ڈی-میکس تیار کرنے کے لیے گندھارا کو تکنیکی معلومات اور معاونت فراہم کرے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ آئیسوزو ڈی-میکس کی پاکستان میں قیمت 30 سے 35 لاکھ روپے تک ہوگی۔

گندھارا کی جانب سے اخبارات میں ایک اشتہار بھی دیا گیا ہے جس میں نئی گاڑی کے لیے 3S اور 2S ڈیلرشپز خدمات فراہم کرنے میں دلچسپی رکنے والوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔ اشتہار کے مطابق جو افراد اس میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ آئندہ سات دنوں میں ادارے سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

بعد ازاں منتخب خواہشمندوں کو ادارے کی جانب سے رابطہ کیا جائے گا۔ امید کی جارہی ہے کہ گندھارا آئندہ سال 2018ء کے وسط میں ڈی-میکس کی باضابطہ پیشکش کرے گا۔

علاوہ ازیں ٹویوٹا کی جانب سے فورچیونر اور رینالٹ کی جانب سے ڈسٹر کی پیشکش بھی آئندہ سال متوقع ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ آنے والی تینوں آف روڈ سواریوں کے درمیان کس نوعیت کا مقابلہ ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ ٹویوٹا انڈس موٹرز پہلے ہی اس زمرے میں ریوُو اور ہائی لکس کے ساتھ قدم جمائے ہوئے ہے۔

ڈی-میکس کی پیشکش کو مدنظر رکھت ہوئے گندھارا نے اپنے نامور یو ڈی ٹرکس کی تیاری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اوسط حجم والے اس ٹرک کی عدم موجودگی سے چینی ڈونگ فینگ ٹرکس کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔

کیا آپ کے خیال میں گندھارا صارفین کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہو پائے گا؟ اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔

Exit mobile version