آئی جی سندھ کا اوپن لیٹر پر گاڑیاں چلانے والے افراد کے خلاف زبردست کارروائی کا حکم
آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے DIG ٹریفک اور زونل IGs کو اوپن لیٹرز پر گاڑیاں چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی جی نے کراچی کے شہریوں سے اپنی گاڑیاں اپنے ناموں پر منتقل کروانے کا مطالبہ کیا ہے بصورتِ دیگر ان کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ لوگ گاڑیاں خریدتے ہیں اور ان کو اپنے ناموں پر منتقل نہیں کرواتے، جس سے کسی بھی مسئلے کی صورت میں اتھارٹیز کو موجودہ مالک کی تلاش میں سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اتھارٹیز لوگوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں کہ وہ گاڑیاں اپنے ناموں پر منتقل کروائیں۔
آئی جی سندھ نے اس پر بھی زور دیا کہ یہ قدم شہر میں مجرمانہ سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے، کیونکہ کئی مجرم ایسی گاڑیاں استعمال کر رہے ہیں جو اوپن لیٹر پر ہیں۔
ویسے اوپن لیٹر اس بات کا ثبوت بھی نہیں ہے کہ آپ کراچی میں ایک گاڑی کے مالک ہیں۔ شہر میں جعلی نمبر پلیٹوں کے خلاف بھی ایک آپریشن شروع کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ پنجاب نے شہریوں کو گاڑیاں اپنے نام پر منتقل کروانے کے لیے 10 دن دیے ہیں، یا پھر ان کی گاڑی کی رجسٹریشن منسوخ کردی جائے گی۔
یہ قدم ای-چالان منصوبے کے بھرپور نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا جا رہاہے۔ بتایا گیا تھا کہ لوگوں کی جانب سے گاڑیاں اپنے نام پر رجسٹر نہ کروانے کی وجہ سے گزشتہ مالکان کو ای-چالانز موصول ہو رہے ہیں جو ان کے لیے ایک مصیبت بن چکا ہے۔
ان تازہ منصوبوں کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے، ہمیں ضرور آگاہ کیجیے۔