اپنی گاڑی خود منگوائیں: جاپان سے گاڑی درآمد کرنے کا مرحلہ وار طریقہ

کیا آپ نے کبھی جاپان سے من پسند گاڑی منگوانے سے متعلق سوچا ہے؟ یا آپ جدید جاپانی گاڑیاں درآمد کرنا چاہتے ہیں؟ تو پھر یہ جان کر آپ کو خوشی ہوگی کہ ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی جیسے بڑے کار ساز اداروں کے دیس جاپان سے گاڑی منگوانا زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ اس سے متعلق مشہور تمام غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے آج میں گاڑیاں درآمد کرنے کے مرحلہ وار طریقہ کار پر روشنی ڈالوں گا جس پر عمل کر کے آپ گھر بیٹھے جاپان سے گاڑی منگوا سکتے ہیں۔

آ پ نے سنا ہوگا کہ گاڑیوں کو نیلامی مراکز میں رکھا جاتا ہے جہاں ان کی قیمت لگائی جاتی ہے اور پھر نیلامی جیتنے والے کو جاپان سے گاڑی بھیج دی جاتی ہے۔ ایسے نیلامی مراکز اب جگہ جگہ کھل چکے ہیں جہاں آپ مناسب قیمت کے ساتھ حصہ لے سکتے ہیں۔ کچھ ادارے بغیر کسی ادائیگی براہ راست نیلامی کے بھی مواقع فراہم کرتے ہیں۔ کچھ نیلامی مراکز کی اپنی ویب سائٹس بھی ہیں۔ لیکن بہتر یہی ہے کہ اگر آپ پہلی بار یہ کام کر رہے ہیں تو کسی شخص کے توسط سے قابل بھروسہ ادارے ہی سے رابطہ کریں۔

سب سے پہلے آپ کو گاڑیاں درآمد کرنے والے ادارے کے پاس اپنا کھاتہ (اکاؤنٹ) کھلوانا ہوگا جس کے لیے کوائف اور رابطے کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ ایک بار آپ کا کھاتہ کھل جائے تو پھر آپ کو ذیل میں موجود تصویر سے مماثل اسکرین نظر آئے گی:

ان میں سے اپنی پسند کے برانڈ کا انتخاب کریں۔ مثال کے طور پر میں نے ڈائی ہاٹسو منتخب کیا:

اب میرے سامنے نیلامی کے لیے دستیاب ڈائی ہاٹسو کی گاڑیاں سامنے آگئیں۔ ان میں سے میرا انتخاب میرا ای ایس رہا:

یہاں آپ کو تمام میرا ای ایس گاڑیوں کی فہرست اور ان کے ساتھ تاریخ بھی نظر آجائے گی۔ بائیں جانب سے تیسرے کالم میں تاریخ کے نیچے آپ کو نیلامی مرکز کا نام بھی نظر آجائے گا۔ کسی بھی ایک گاڑی پر کلک کرنے سے اس کی تفصیلات بمع نیلامی شیٹ ظاہر ہوجائیں گی۔ نیلامی شیٹ (auction sheet) کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے آپ ہمارا مضمون “جاپانی گاڑیوں کی نیلامی شیٹ سے متعلق تفصیلات” ملاحظہ کریں۔ اس شیٹ کے سب سے اوپر گاڑی کے لیے لگائی گئی کم از کم اور زیادہ سے زیادہ (جاپانی ین میں) بولی سے متعلق معلومات بھی درج ہوں گی۔

اگر آپ کو گاڑی پسند آگئی ہے اور آپ واقعی اسے منگوانے میں دلچسپی رکھتے ہیں تو آپ کو 1 ہزار ڈالر تک رقم ادارے کے اکاؤنٹ میں امانت رکھوانا ہوگی۔ ہر ادارے کی مختلف شرائط ہوتی ہیں اس لیے کہیں یہ رقم زیادہ بھی ہوسکتی ہے اور کم بھی۔ ایک بار رقم جمع کروانے کے بعد آپ اپنی پسندیدہ گاڑی کی قیمت لگا سکتے ہیں۔ قیمت درج کرنے کا خانہ نیلامی شیٹ کے اوپر موجود ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ یہ رقم قابل واپسی ہے اور اگر آپ کی بولی منظور نہیں کی جاتی یا آپ نیلامی میں کامیاب نہیں ہوتے تو تمام رقم آپ کو واپس کردی جائے گی۔

اب تک فروخت ہونے والی گاڑیوں کے تصویری اعداد و شمار دیکھ کر آپ حال ہی میں فروخت ہونے والی گاڑیوں کی اوسط قیمت کا اندازہ لگاسکتے ہیں۔

ذیل میں موجود تصویر میں آپ نیلام ہونے والی گاڑیوں کی فہرست اور ان کی ابتدائی و حتمی بولی سے متعلق معلومات دیکھ سکتے ہیں۔

ایک بار آپ نے کسی گاڑی کی بولی لگادی تو ادارہ آپ کو حتمی تاریخ پر نتائج سے آگاہ کرے گا۔ اگر آپ کامیاب ہوگئے تو نیلامی مرکز آپ سے بقیہ رقم بشمول ترسیل کے اخراجات ادا کرنے کی گزارش کرے گا۔ عام طور پر 10 لاکھ جاپانی ین تک کی گاڑی بھیجنے کے اخراجات 1 لاکھ جاپانی ین ہوتے ہیں۔

رقم موصول ہونے کے بعد ادارہ آپ کو گاڑی کے اصلی کاغذات بذریعہ ڈاک ارسال کردے گا۔ جس میں یہ دستاویزات شامل ہوں گی:
1: اصلی چالان / انوائس
2: جاپانی زبان میں گاڑی برآمد کرنے کا اجازت نامہ
3: انگریزی زبان میں گاڑی برآمد کرنے کا اجازت نامہ
4: گاڑی کی ترسیل سے متعلق 2 دستاویزات جنہیں B/L کہا جاتا ہے

تقریباً 15 روز میں آپ کی گاڑی کراچی بندرگاہ کی انتظامیہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے پاس پہنچ جائے گی۔ بعض اوقات موسم کی خرابی کے باعث 15 روز کی تاخیر بھی ہوجاتی ہے۔ یہاں آپ کو ایک نمائندے کی ضرورت ہوگی جو کسٹمز کے تمام معاملات مثلاً کلیئرنس، پاسپورٹ اور بندرگاہ کے اخراجات وغیرہ کے مراحل پورے کرسکے اور آپ کی گاڑی بندرگاہ سے نکل کر آپ کے ہاتھوں میں آجائے۔

ہمیں امید ہے آپ کو یہ معلومات پسند آئی ہوں گی۔ اگلی مضمون میں ہم گاڑی درآمد کرنے کے فوائد و نقصانات سے متعلق بات کریں گے۔ لیکن تب تک اپنی رائے ہم تک ضرور پہنچائیں۔

Exit mobile version