مہندرَ KUV100: بھارت کی پہلی SUV فروخت کے لیے پیش کردی گئی

ایک ایسے وقت میں کہ جب پاکستان کی آٹو پالیسی جاپانی اور یورپی اداروں کی رسہ کشی کا شکار ہوچکی ہے اور پاکستان کی اپنی تیار کردہ گاڑی کا خواب بکھرتا ہوا نظر آرہا ہے، بھارت میں مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری میں نئے سنگ میل عبور کیے جارہے ہیں۔بھارت سمیت دنیا بھر میں SUV کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھتے ہوئےپڑوسی ملک کے نامور کار ساز ادارے مہندرَ اینڈ مہندرَ نے (KUV100 (Kool Utility Vehicle 1 Double Oh کے نام سے بھارت کی پہلی SUVمتعارف کروادی ہے۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کے علاقے چاکن میں موجود کارخانے میں تیار ہونے والی مہندرَ KUV100کو چنئی میں قائم مہندرَ ریسرچ ویلی میں ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ 4 میٹر سے چھوٹی گاڑیوں کے زمرے میں مہندرَ کی تیسری گاڑی ہے۔اس سے قبل یہ ادارہ TUV300 اور کوانٹو کے نام سے اسی طرز کی دو گاڑیاں پہلے بھی پیش کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑی درآمد کرنے کے چند طریقے اور اہم تجاویز

KUV100کو میں مہندرَ نے اپنی mFalcon سیریز کے دو نئے 1200 سی سی انجن استعمال کیے ہیں۔ 3 سلینڈر پیٹرول انجن کا نام mFalcon G80 ہے جو 82 بریک ہارس پاور اور 114 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔ جبکہ ٹربو چارجڈ ڈیزل انجن کا نام mFalcon D75 ہے جو 77 بریک ہارس پاور کے ساتھ 190 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرتا ہے۔ یہ دونوں انجن 5 اسپیڈ مینوئل گیئرباکس کے ساتھ منسلک ہیں۔

مہندرَ KUV100کو پیٹرول اور ڈیزل دونوں ہی انجن میں سات مختلف انداز بنامK2, K2+, K4, K4+, K6, K6+ اور K8 کے ساتھ ساتھ سات منفرد رنگوں میں پیش کیا گیا ہے جن میں سرخ، سلور، نارنجی، نیلا، سفید ، بھورا اور سیاہ رنگ شامل ہیں۔ گاڑی کے تمام ہی انداز ABS اور EBD کے حامل ہیں جبکہ حفاظتی ائیربیگز شامل کرنے کا انتخاب بھی موجود ہے۔

مہندرَ کا دعوی ہے کہ یہ گاڑی ایندھن کی بچت کے حوالے سے دیگر گاڑیوں میں ممتاز حیثیت رکھتی ہے۔ڈیزل انجن کی حامل گاڑی 25.32 کلومیٹر فی لیٹر جبکہ پیٹرول انجن والی گاڑی 18.15 کلومیٹر فی لیٹر فراہم کرسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی شخص طویل القامت گاڑی کا ریکارڈ بنانے کے لیے پُر عزم

بھارتی مارکیٹ کے لیے تیار کردہ KUV100 کی قیمت 4.42 لاکھ روپے (تقریباً 7 لاکھ پاکستانی روپے)سے 6.76 لاکھ روپے (تقریباً ساڑھے 10 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔ اس گاڑی کا انٹرٹینمنٹ سسٹم اور دیگر اہم معلومات مہندرَ کی تیار کردہ Blue Sense موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اسمارٹ فون سے بھی کنٹرول کی جاسکتی ہیں۔

مقامی سطح پر تیار ہونے والی مہندرَ KUV100 کے مقابل کوئی بھارتی گاڑی تو نہیں البتہ ماروتی سوزوکی ویگن آر، ماروتی سوزوکی اِگنس، فورڈ فیگو اور ہیونڈائی گرانڈ i10 کے ساتھ اس کی مسابقت کا امکان ہے۔ مہندرَ اینڈ مہندرَ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاوان گوئنکا سمجھتے ہیں کہ اس گاڑی کے ذریعے ان کے ادارے نے مختصر SUV کی ایک نئی تعریف فراہم کی ہے جو نئے اور نوجوان صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرے گی۔

تصاویر بشکریہ: Car Blog India

Exit mobile version