لامبورگینی کے مالک کو پولیس کی تنبیہ

اسلام آباد سے خبر آئی ہے کہ دارالحکومت کی ٹریفک پولیس نے جڑواں شہروں کی مشہور زمانہ سبز لامبورگینی اوراکان کو دھرلیا ہے۔ پولیس کی جانب سے لامبورگینی کے مالک کو ہدایات دی گئی ہے کہ گاڑی کے ایگزاسٹ فی الفور تبدیل کروائے کیوں کہ ان سے بہت زور دار آواز آتی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس خبر کو پڑھنے والا ہر شخص بالخصوص گاڑیوں کا شوق رکھنے والے افراد بالکل ویسے ہی حیرت سے دمبخود ہوگئے ہوں گے جیسا کہ سبز لامبورگینی کے صاحب ہوئے۔

مذکوہ لامبورگینی کے مالک جناب انجم خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس گاڑی کو تھانے لے جانا چاہتی تھی تاکہ اس کے ایگزاسٹ تبدیل کیے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسلام آباد ہائی وے پر محو سفر تھے کہ جب ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا اور سیکٹر F6 پر انہیں روک لیا گیا۔ پولیس نے موقع پر ہی انجم خان کو ہدایت دی کہ گاڑی کے ایگزاسٹ فوری طور پر نکال دیں کیوں کہ اس سے بہت زیادہ شور ہو رہا ہے۔

قارئین کو بتاتے چلیں کہ لامبورگینی اوراکان میں 10 سلینڈر انجن شامل ہے اس لیے سفر کے دوران گاڑی کی گھن گرج سنائی دینا اچھنبے کی بات نہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سبز لامبورگینی اوراکان میں اصلی ایگزاسٹ موجود ہیں نیز یورپ اور امریکا میں بھی اسے عام شاہراہوں پر سفر کرنے کی اجازت ہے۔ یاد رہے کہ اس گاڑی کو یورپ کی سخت ٹریفک قوانین کے مطابق تیار کیا گیا ہے مگر اس کے باوجود اسلام آباد پولیس کے لیے یہ ناقابل برداشت ہے۔

ہم اس حوالے سے اسلام آباد ٹریفک پولیس کا موقف جاننے کی کوشش کر رہے ہیں اور جیسے ہی ہمیں ان کا جواب موصول ہوا، ہم اپنے قارئین تک ضرور پہنچائیں گے۔ تب تک پاک ویلز کے ساتھ رہیے۔

Exit mobile version