پارکنگ قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی؛ ذمہ دار عوام ہیں یا کوئی اور؟

پاکستان کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں پارکنگ قوانین کی خلاف ورزی عام دیکھی جاسکتی ہے۔ خاص طور پر اگر آپ گنجان آباد شہر مثلاً کراچی یا لاہور میں رہتے ہیں تو آپ کو سفر کرتے ہوئے جس مشکل کا سب سے زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے وہ گاڑی کو پارک کرنے کے لیے مناسب جگہ کی تلاش ہے۔ غلط پارکنگ کے باعث جو مسائل پیدا ہوتے ہیں ان میں ٹریفک جام ہوجانے کا مسئلہ سب سے زیادہ قابل ذکر ہے۔

کچھ ڈرائیور صاحبان اتنی جلدی میں ہوتی ہیں کہ انہیں اس بات کا خیال ہی نہیں ہوتا کہ گاڑی ٹھیک جگہ پر پارک ہوئی ہے یا نہیں اور پھر ان کی جلدبازی کا خمیازہ دوسرے شخص کو بھگتنا پڑتا ہے۔ بہت سے لوگوں کو دیکھا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑی کچھ اس انداز سے کھڑی کرتے ہیں کہ وہاں دوسری گاڑی کی جگہ باقی نہیں رہتی۔ بعض لوگ پہلے سے کھڑی ہوئی گاڑی کے پیچھے اپنی گاڑی پارک کرتے ہوئے بھی نہیں سوچتے کہ ان کی غیر موجودگی میں دوسری گاڑی کے مالک کو کیا کچھ مشکلات درپیش ہوسکتی ہیں۔ خاص طور پر موٹر سائیکل کے مالکان اس طرح کی حرکت کرتے ہوئے زیادہ پائے جاتے ہیں کہ جس سے گاڑیوں کو باہر نکالنے میں بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ غلط پارکنگ کے باعث شروع ہونے والی “تو تو میں میں” کا انجام باقاعدہ ہاتھا پائی کی صورت میں نکلتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غلط پارکنگ قانونی ہی نہیں اخلاقی طور پر بھی جرم ہے!

اس ضمن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار بھی انتہائی مایوس کن ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے لوگوں میں درست پارکنگ کے حوالے سے بہت کم آگہی دی گئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ غلط پارکنگ کے مرتکب اکثر لوگ پکڑے جانے پر اپنی لاعلمی کو بطور بہانہ بناتے ہیں۔ پھر دوسری طرف نجی اور سرکاری اداروں کی جانب سے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں میں بھی پارکنگ کے معاملہ سے صرف نظر برتنا بھی اہم مسئلہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ گاڑیوں کی عام شاہراہوں پر غلط پارکنگ اور ان سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کے لیے پارکنگ پلازہ تعمیر کرے اور لوگوں کو انہیں استعمال کرنے کی طرف بھی راغب کرے۔

پاکستان میں گاڑیوں کی فروخت میں تیزی سے ظاہر ہوتا ہے کہ آنے والے سالوں میں آج سے دگنی گاڑیاں سڑکوں پر ہوں گی۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اس صورتحال سے نمٹنے کی پیشگی تیاری کریں۔ بالخصوص ٹریفک پولیس کو اپنے محکموں کو مضبوط بنانے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے قابل بنانے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ غلط پارکنگ جیسی غیر قانونی حرکات سے پیدا ہونے والے مسائل سے چھٹکارہ حاصل کیا جاسکے۔