کیا آپ جانتے ہیں: ٹائر پر لکھے نمبرز آپ کو کیا بتاتے ہیں؟

ہمارے ملک میں بہت سے ٹائر غیر قانونی طور پر لائے جاتے ہیں۔ اس لیے ان ٹائرز کی قسم اور معیار وغیرہ جانچنا بھی ممکن نہیں رہتا یوں ان کا استعمال انتہائی خطرناک ثابت ہوتا ہے۔ اس کے باوجود لوگوں کو ایسے ٹائر فروخت کردیئے جاتے ہیں جنہیں موسم سرما میں برف پوش علاقوں کے لیے بنایا جاتا ہے۔ پھر جب یہ ٹائر کی کارکردگی اچھی نہیں رہتی تو خود اسے خریدنے والا ہی سب سے زیادہ پریشانی اٹھاتا ہے۔ موسم کے اعتبار سے جو ٹائر بنائے جاتے ہیں ان کی سڑکوں پر گرفت بھی مختلف ہوتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ آپ ٹائر خریدنے سے پہلے ہر اس بات سے بخوبی واقف ہوں جو اس کی کارکردگی پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

معیاری اداروں کے ٹائرز کی اچھی بات یہ ہے ان پر تمام اہم معلومات لکھ دی جاتی ہیں۔ ٹائر سے متعلق یہ معلومات ٹائر کے باہری حصے پر پڑھ سکتے ہیں۔ عام طور پر انہیں عدد یعنی نمبرز کی صورت میں لکھا جاتا ہے۔ اس لیے انہیں پڑھنے کے لیے آپ کو ان کی ترتیب اور مطلب پتہ ہونا چاہیے۔ یہ زیادہ مشکل کام نہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ مضمون پڑھنے کے بعد تو آپ اس کام میں ماہر ہوجائیں گے۔

گاڑی کے بہترین ٹائرز دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

ٹائر کا سائز

اگر آپ ذاتی گاڑی رکھتے ہیں تو پھر اس کے ٹائرز کا سائز جاننا آپ کے لیے بے حد ضروری ہے۔ کسی بھی صورتحال میں ٹائر تبدیل کرنا پڑے تو اسی سائز کا دوسرا ٹائر لینا چاہیے تاکہ سفر میں مشکلات نہ پیش آئیں۔ چوڑے، پتلے، لمبے یا چھوٹے ٹائرز گاڑی کی رفتار، ایندھن خرچ ہونے اور بریک کی افادیت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔اگر نئی ٹویوٹا کرولا (Toyota Corolla) یا ہونڈا سِوک (Honda Civic) کی طرح آپ کی گاڑی میں بھی جنرل ٹائر موجود ہے جس پر 195/65 R15 لکھا ہوا ہے تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ٹائر کی چوڑائی 195 ملی میٹر ہے۔ ٹائر کے دائیں اور بائیں موجود دیواروں کی لمبائی کو بتانے کے لیے ٹائر کی چوڑائی کے اعتبار سے فیصد (percentage) میں بتایا جاتا ہے۔ اس طرح یہ لمبائی 195 ملی میٹر چوڑائی کا 65 فیصد ہوگی۔ آخر میں موجود R انگریزی لفظ Radial (نصف قطر) کو ظاہر کرتا ہے اور اس کے ساتھ موجود 15 پورے پہیے کا diameter (قطر/ دائرہ) بتاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: معیاری ٹائرز کے ذریعے گاڑی کا ایندھن بچائیں

ٹائر تیار ہونے کی تاریخ (Manufacturing Date)

گاڑی کے ٹائر پر وہ ہفتہ اور سال بھی درج ہوتا ہے کہ جب اسے تیار کیا گیا تھا۔ یہ تاریخ نئے ٹائر خریدتے ہوئے بھی مدد گار ثابت ہوتی ہے لیکن استعمال شدہ ٹائر خریدتے ہوئے انہیں ضروری پڑھنا چاہیے۔ ٹائر پر موجود تاریخ سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آیا دکاندار آپ کو درست معلومات اور معیاد بتا رہا ہے یا نہیں۔ اگر ٹائر کے باہری طرف بیضوی (oval) شکل میں تین عدد لکھے نظر آرہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ٹائر پرانا نہیں بلکہ بہت ہی پرانا ہے۔ کیوں کہ تین عدد سال 2000 سے پہلے استعمال کیے جاتے تھے۔ پھر 2000 کے بعد سے انہیں چار عدد میں لکھا جانے لگا۔ان چار عدد میں پہلے دو عدد ہفتے کو ظاہر کرتے ہیں اور آخری دو عدد سال کا بتاتے ہیں۔ یعنی اگر ٹائر پر 4708 لکھا ہوا ہے تو اس کا مطلب ہوا کہ ٹائر سال 2008 کے 47ویں ہفتے میں تیار کیا گیا تھا۔

سال 2000 سے پہلے کی تاریخ
سال 2000 کے بعد کی تاریخ

مجھے امید ہے کہ اس مضمون سے ہمارے قارئین کو ٹائر کو بہتر طور پر جانچنے میں مدد ملے گی۔ اس حوالے سے ہم اور بھی رہنما تحاریر اپنے بلاگ پر شایع کرتے رہیں تاکہ ہمارے قارئین کسی بھی بدنیت شخص کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔

Exit mobile version