شدید دھند میں سفر کے لیے احتیاطی تدابیر

موسم سرما کے آتے ہی جہاں گھروں میں گرم کپڑے نکلنا شروع ہوجاتے ہیں وہیں دھند کی بھی شروعات ہوا چاہتی ہے۔ اب سے آپ تقریباً روز ہی خبروں میں دھند کے کارنامے دیکھیں گے جو کبھی پروازوں میں تاخیر کا باعث بنے گی تو کبھی موٹر وے کی بندش کی وجہ ٹہرے گی۔

دھند دراصل درجہ حرارت میں کمی کی وجہ سے بننے والی سرد ہوا کی ایک تہ ہے جس سے انسانی آنکھ کے لیے سامنے کی چیزیں دیکھنا مشکل اور بعض اوقات ناممکن ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ شدید دھند میں دوران سفر حادثے کا امکان زیادہ ہوجاتا ہے۔ ملک بھر میں بالعموم اور صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بالخصوص دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں کئی قیمتیں جانیں ضائع ہوجاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موسم سرما میں رات گئے اور علی الصباح شدید دھند کی وجہ سے سفر سے پرہیز کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ لیکن جب دھند کا دورانیہ طویل ہو تو روز مرہ معمولات کے لیے تو سفر کرنا پڑتا ہے۔

نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس سے موسم اور راستوں کی تازہ ترین معلومات کے لیے 130 پر فون کریں یا ویب سائٹ ملاحظہ کریں۔

دھند میں سفر کرنے کے لیے چند احتیاطی تدابیر کا جان لینا اور ان پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔ گاڑیوں کے علاوہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی بہت زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔ ذیل میں موجود احتیاطی تدابیر مختلف ذرائع سے لی گئی ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ پاک ویلز کے قارئین کے لیے مفید ثابت ہوں گی اور ہم سب اس پر عمل کر کے اندوہناک حادثات سے بچ سکیں گے۔

دھند میں سفر کے دوران یہ کام کریں:

• اپنی گاڑیوں کی تمام روشنیوں جلا کر رکھیں اور صورتحال کو دیکھتے ہوئے گاڑی کی رفتار کم اورزیادہ کریں۔
• کم چمکنے (low beam) والی روشنیاں استعمال کریں۔تیز چمکنے والی روشنیاں (High beams) دھند میں موجود قطروں سے ٹکرا کر ضائع ہوجاتی ہے جس سے دیکھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
• اگر آپ کی گاڑی میں دھند میں نظر آنے والی خصوصی روشنیاں موجود ہیں تو ان کا بھی استعمال کریں۔ یاد رہے کہ دھند میں استعمال ہونے والی روشنیوں کا قوانین کے مطابق ہونا ضروری ہے۔ زیادہ بہتر ہوگا کہ آپ پیلی روشنی کو مخصوص درجہ حرارت کے ساتھ استعمال کریں۔
•گاڑی کو سست رفتاری سے سڑک کے کنارے پر چلائیں۔ دھند کے دوران سڑک کے وسط میں گاڑی چلانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
• اگر سڑک پر بہت سی گاڑیاں ہیں تو ان سے ایک حد تک فاصلہ رکھیں۔
• گاڑی چلاتے ہوئے اپنا دماغ بالکل حاضر رکھیں۔ بعض اوقات ساتھ بیٹھے مسافر بھی آپ کی توجہ بھٹکانے کا باعث بنتے ہیں اس لیے انہیں بھی غیر ضروری بات چیت یا ایسی حرکات سے پرہیز کا مشورہ دیں جن سے آپ کو مشکل پیش آسکتی ہو۔
• گاڑی کی کھڑکیاں اور شیشے صاف رکھیں۔ اچھی طرح دیکھنے کے لیئے ڈیفوسٹر اور وائپر کا استعمال کریں۔ دھند یا نمی کے باعث دیکھنا مشکل ہو تو فورا شیشہ کو صاف کریں۔
• اگر دھند بہت گہری ہے تو گاڑی کو کسی محفوظ جگہ روک دیں (ورکشاپ یا پیٹرول اسٹیشن)۔ ٹریفک سے دور رہیں اور ہنگامی روشنیوں (فلیشرز) کو کھول دیں۔
• سست رفتاری سے چلنے والی گاڑیوں کا دھیان رکھیں۔ اچانک کسی گاڑی کو اوور ٹیک کرنے یا اپنی لین تبدیل کرنے سے پرہیز کریں۔

دھند میں سفر کے دوران ان کاموں سے پرہیز کریں:

• سڑک کے وسط یا ایسے حصہ میں مت رکیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔ اس سے آپ گاڑیوں میں تصادم کی پہلی کڑی بن سکتے ہیں۔
• اچانک رفتار مت بڑھائیں، چاہے دھند میں کمی ہی کیوں نہ ہو رہی ہو۔ اس سے آپ اچانک دوبارہ دھند کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
• آگے کی جانب آہستہ چلتی ہوئی گاڑی یا پیچھے کی جانب آنے والی گاڑی سے فاصلہ بڑھانے کے لیئے رفتار ہر گز نہ بڑھائیں۔

ان باتوں کو ہمیشہ یاد رکھیں:

• اپنی رفتار پر نظر رکھیں، ہو سکتا ہے گاڑی کی رفتار آپ کے اندازے سے زیادہ ہو۔ ایسی صورت میں کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے رفتار کو قابو میں کریں۔
• اپنی اور دوسری گاڑیوں کے درمیان ایک محفوظ فاصلہ بنائے رکھیں۔
• صبر اور تحمل کا دامن کبھی نہ چھوڑیں۔ دوسری گاڑیوں سے آگے نکلنے کی کوشش میں اچانک رفتار نہ بڑھائیں۔
• شدید دھند کے باعث دیکھنے میں دشواری ہو تو گاڑی کو اچانک نہ روکیں۔ گاڑی کو سڑک سے دور محفوظ پارکنگ کے علاقے میں لے جائیں اور دھند کے خاتمے کا انتظار کریں۔
• جب دیکھنا مشکل ہوجائے، تو ہلکی روشنیوں (بیم لائٹ) کا استعمال کریں اگرچہ رات کا وقت نہ ہو۔

Exit mobile version