ماہ رمضان میں بہتر اور پرسکون ڈرائیونگ کے لیے 5 اہم مشورے
رمضان کا مہینہ اپنی تمام تر رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ ہم پر سایہ فگن ہے۔ گو کہ اس بار رمضان المبارک میں گرمی کی شدت ویسی نہیں کہ جیسی گزشتہ سال محسوس کی گئی تھی تاہم اس میں ہونے والے اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ موسم گرما جلد ہی اپنے رنگ دکھانا شروع کردے گا۔ شدید گرمی میں بھوک پیاس برداشت کرنا واقعی حوصلہ افزا کام ہے لیکن بعض اوقات اس صورتحال میں چھوٹی سے چھوٹی چیز بھی بہت زیادہ بری معلوم ہونے لگتی ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ ٹریفک میں پھنسے ہوں اور بدقسمتی سے گاڑی کا AC بھی نہیں کر رہا ہو تو آپ کو ہر اس گاڑی پر غصہ آئے گا کہ جو ٹریفک میں رینگ رینگ کر چل رہی ہوگی۔ لیکن یہ صورتحال صرف آپ ہی کے لیے نہیں بلکہ دیگر افراد کو بھی درپیش ہوگی۔ یہاں ہم پریشانی، کوفت اور جھنجلاہٹ کی صورتحال سے بچنے اور اس پر قابو رکھنے کے لیے ہم چند تجاویز اپنے قارئین کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک کے دوران ٹریفک حادثات میں اضافے کا رجحان
گاڑی ہمیشہ سائے میں کھڑی کریں
جب کبھی سفر کے دوران گاڑی پارک کرنا ہو تو کسی سایہ دار جگہ کا انتخاب کریں۔ اگر گاڑی براہ راست دھوپ کی روشنی میں کھڑی رہے گی تو آپ کی واپسی تک نہ صرف باہر سے بلکہ اندر سے بھی کافی گرم ہوجائے گی۔ اگر گاڑی میں AC موجود نہیں یا کسی وجہ سے کام نہیں کر رہا تو یہ صورتحال آپ کے لیے اور بھی تکلیف دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ سایہ دار جگہ پر گاڑی کھڑی کر کے آپ باآسانی اپنی گاڑی کو غیر معمولی تپش سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
پریشانی سے ذہن کو دور بھگائیں
اگر آپ ٹریفک میں پھنس جائیں اور جلد اس سے فرار کا رستہ نظر نہ آرہا ہو تو پریشانی یا جھنجلاہٹ میں مبتلا ہونے کے بجائے اپنی توجہ کسی اور جانب مبذول کریں۔ اس کے لیے گاڑی میں ریڈیو سننا زیادہ آسان اور مفید ہے۔ اگر گاڑی میں ریڈیو دستیاب نہ ہوتو اپنے موبائل فون کے ذریعے بھی مختلف FM چینلز سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: گاڑی میں سفر کے دوران لوگ کونسے گانے سننا پسند کرتے ہیں؟
محتاط انداز سے گاڑی چلائیں
گاڑی چلاتے ہوئے کبھی بھی غیر معمولی عجلت یا جلد بازی کا مظاہرہ نہ کریں۔ اگر آپ کو ہنگامی صورتحال درپیش نہیں ہے تو گاڑی چلاتے ہوئے محتاط انداز اپنائیں۔ اگر آگے نظر آنے والے ٹریفک کی رفتار کم ہے تو آپ بھی گاڑی کی رفتار کم رکھیں یا اگر ممکن ہو تو متبادل رستہ اختیار کرلیں۔ لیکن گاڑیوں کی لمبی قطار میں زبردستی گھسنے اور ہر ایک کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنے کی کوشش سے خود آپ ہی کے لیے مزید مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔
متبادل راستوں کا انتخاب کیجیے
اگر آپ کو کسی شاہراہ پر بے ہنگم ٹریفک کی موجودگی کا علم ہو تو اس کا رخ کرنے سے پرہیز کریں اور متبادل راستہ اختیار کریں۔ بعض اوقات لوگ مختصر اور آسان نظر آنے والے راستے کا انتخاب کرلیتے ہیں لیکن چونکہ ایسا اکثریت سوچتی ہے لہٰذا مختصر نظر آنا والا راستہ طویل ترین ہوجاتا ہے اور آپ منزل پر جلد پہنچنے کے بجائے مزید تاخیر کا شکار ہوجاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹریفک کی براہ راست صورت حال، گوگل میپ کی شاندار خصوصیت اب پاکستان میں
پانی کی بوتل ساتھ رکھیں
پانی کی بوتل پینے کے لیے نہیں بلکہ گاڑی کے غیر معمولی گرم ہوجانے پر استعمال کے لیے رکھیں۔ موسم گرما میں ہر بار سفر کے لیے نکلنے سے پہلے گاڑی میں پانی اور آئل وغیرہ کی مقدار ضرور چیک کرلیں۔ تاہم اگر ایسا ممکن نہ ہو تو گاڑی میں پانی کی ایک بوتل لازمی رکھیں۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ اس ضمن میں لاپرواہی کی وجہ سے گاڑیاں بیچ سڑک پر بند ہو کر ڈرائیور صاحبان کے لیے خفت کا باعث بنتی ہیں۔
آخر میں سب سے اہم بات یہ کہ غصہ سے پرہیز کر کے خود کو پُرسکون اور مطمئن رکھنے کی کوشش کریں۔ گو کہ یہ کام کافی مشکل ہے لیکن اس بات کا ادراک کریں کہ جو معاملات اور مسائل آپ کے ساتھ ہیں وہ آس پاس موجود دیگر صاحبان کے ساتھ بھی ہیں۔ اگر ہر شخص خود پر قابو رکھے تو کوئی بعید نہیں کہ ہمارے بہت سے مسائل جنم لینے سے پہلے ہی دم توڑ جائیں۔