کیا آپ نئی گاڑی خریدنا چاہتے ہیں؟ ان 10 ٹپس پر عمل کریں

نئی گاڑی خریدنا ہر کسی کا خواب ہے کیونکہ ہم سب اسے چلانے کا لطف حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ گو کہ نئی گاڑی خریدنا پرانی گاڑی خریدنے سے آسان ہوتا ہے، لیکن پھر بھی یہ مشکل فیصلہ ہوتا ہے۔ نئی گاڑیوں میں بھی آپ کے ساتھ فراڈ ہو سکتا ہے یا آپ کوئی ٹوٹی پھوٹی گاڑی خرید سکتے ہیں۔ اس لیے نئی گاڑی خریدتے ہوئے ان 10 ٹس پر عمل کریں کیونکہ یہ یقینی بنائیں گی کہ آپ یقین کے ساتھ بہترین گاڑی خریدیں جو کہ واقعی برانڈ نیو ہو۔

1۔ ری سَیل

ہمیشہ گاڑی کی ری سَیل دیکھیں کیونکہ اس کا امکان بہت زیادہ ہے کہ آپ مستقبل میں اس گاڑی کو فروخت کر دیں۔ آپ کے لیے اچھی ری سَیل رکھنے والی گاڑی فروخت کرنا آسان ہوگا، بجائے اس گاڑی کے کہ جسے فروخت کرنا مشکل ہو۔ اس حوالے سے ایک اہم پہلو ہے برانڈ کیونکہ یہ ری سَیل میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے۔ مثلاً پاکستان میں دوسرے مینوفیکچررز کے مقابلے میں ہونڈا، ٹویوٹا اور سوزوکی کی گاڑیاں فروخت کرنا آسان ہے۔

پھر گاڑی کا انجن، دیگر تفصیلات اور اس کا رنگ آتا ہے۔ دستیاب ڈیٹا کے مطابق سفید رنگ لوکل مارکیٹ میں سب سے زیادہ مقبول ہے کہ جو سیلز میں 23 فیصد شیئر رکھتا ہے، پھر 18 فیصد کے ساتھ کالا رنگ آتا ہے، جس کے بعد 16 فیصد کے ساتھ سلوَر رنگ ہے۔

2۔ مینٹی نینس

آپ کو گاڑی کی مینٹی نینس اور وقتاً فوقتاً مینٹی نینس پارٹس کی لاگت کے بارے میں مناسب معلوم ہونی چاہیے۔ اس کے علاوہ ہمیشہ مختلف گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی قیمتوں کا تقابل کریں کیونکہ آپ کو مینٹی نینس کے لیے ہر مہینے کچھ رقم خرچ کرنا پڑے گی۔ پھر کبھی کبھار گاڑی کی آفٹر سیلز اچھی نہیں ہوتی، جس سے اس کی مینٹی نینس لاگت بڑھ جاتی ہے۔

3۔ اپنی ضرورت کو جانیں

یہ بات لازماً سمجھیں کہ آپ کو نئی گاڑی میں کیا خریدنے کی ضرورت ہے کیونکہ چند اضافی فیچرز آپ کو مہنگے پڑیں گے اور پھر آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ کو ان کی ضرورت نہیں تھی۔ اس لیے اپنا ہوم ورک پورا کریں کہ آپ کو کیا چاہیے اور کیا نہیں۔

4۔ حال ہی میں لانچ ہونے والے ماڈلز مت خریدیں

نئے ماڈل کبھی نہ خریدیں، کہ جو چند دن یا کچھ ہفتے پہلے ہی مارکیٹ میں لانچ ہوئے ہوں، کیونکہ زیادہ تر کمپنیز اس ٹائم پیریڈ کے دوران نئی گاڑیوں کو ٹیسٹ کرتی ہیں۔ کمپنیز ان گاڑیوں کارویہ دیکھتی ہیں، وہ مقامی ماحول میں کس طرح ایڈجسٹ ہو رہی ہیں اور انہیں کن مسائل کا سامنا ہے۔ پھر اگلے بیچ میں مینوفیکچرر ان مسائل کو حل کرتا ہے۔

5۔ سائز کو ذہن میں رکھیں

ہمیشہ گاڑی کے سائز کا جائزہ لیں اور ذہن میں رکھیں، اس کا مطلب ہے کہ اپنی ضرورت سے بہت چھوٹی یا بہت بڑی گاڑی نہ لیں۔ چیک کریں کہ اس میں آرام سے کتنے لوگ سفر کر سکتے ہیں اور اگر گنجائش آپ کی ضرورت کو پورا کرتی ہے تو گاڑی خریدیں، ورنہ کسی دوسری گاڑی کا رخ کریں۔

6۔ پریمیم کار خریدیں

اگر آپ افورڈ کر سکتے ہیں تو ہمیشہ پریمیم کلاس کار خریدیں کیونکہ ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ میں بہتر پرفارمنس کے ساتھ زیادہ سیفٹی اور آرام ہوتا ہے۔

7۔ کار انسپکشن

گاڑی خریدنے سے پہلے ہمیشہ انسپکشن سروس سے رابطہ کریں۔ کبھی کبھی نئی گاڑیاں ٹرانزٹ کے دوران حادثے کا شکار ہو جاتی ہیں اور کمپنیز مرمت شدہ یونٹ ہی آپ کو فروخت کر دیتی ہیں۔ اس لیے اسے اچھی طرح چیک کریں کیونکہ آپ کا پیسہ حرام کا نہیں ہے۔ یاد رکھنے کی ایک اور اہم چیز ٹیسٹ ڈرائیو ہے۔ گاڑی کو ٹیسٹ کے لیے ہمیشہ سڑک پر لائیں کیونکہ یہ آپ کو گاڑی کی پرفارمنس، آرام اور ڈرائیونگ کے تجربے کے بارے میں بتائے گا۔

8۔ ڈسکاؤنٹ آفرز دیکھیں

ہر سال نومبر اور دسمبر میں گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوتی ہیں اور کمپنیز مختلف آفرز اور ڈیلز پیش کرتی ہیں۔ اس لیے ان آفرز کے حوالے سے اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور ان کا فائدہ اٹھائیں کیونکہ ان دنوں میں آپ ڈیلرز کے ساتھ بھاؤ تاؤ کر سکتے ہیں۔

9۔ مختلف ڈیلرشپس پر جائیں

ایک ہی ڈیلرشپ سے کبھی گاڑی نہ خریدیں، ہمیشہ مارکیٹ دیکھیں، قیمتوں اور آفرز کا اندازہ لگائیں اور پھر فیصلہ کریں۔ اس طرح آپ کو اپنی مطلوبہ گاڑی پر مناسب ریٹ ملیں گے۔

10۔ جلد بازی میں خریداری نہ کریں

جلد بازی میں کبھی فیصلہ نہ کریں کیونکہ اس سے آپ کو مستقبل میں بہت نقصان ہو سکتا ہے۔ اگر ڈیلر کہتا ہے کہ یہ آخری یونٹ ہے اور یہ فروخت ہو جائے گا، تب بھی جانے دیں کیونکہ یہ دنیا میں موجود آخری کار نہیں ہے۔ خریداری سے پہلے فیصلہ کرنے میں اپنا پورا وقت لیں۔

وڈیو دیکھیں:

Exit mobile version