چنگن CX70T ایسی گاڑی جس پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے
پاکستان کی آٹوموٹو مارکیٹ میں بارہ موضوع گفتگو بننے کے بعد ماسٹر موٹرز نے گرین فیلڈ اسٹیٹس حاصل کرلیا اور دلکشا، پرل کانٹی نینٹل ہوٹل، کراچی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران آٹوموٹو کی دنیا کے بڑے ادارے چنگن موبائل کے ساتھ تزویراتی اتحاد کا اعلان کردیا۔ ادارہ چینی آٹومیکر کی مسافر گاڑیاں متعارف کروانے کے لیے 100 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔ آپ میں سے زیادہ تر افراد پہلے ہی ان کے بارے میں پڑھ اور سن چکے ہوں گے۔ کمپنی کی جانب سے پیش کردہ کئی گاڑیوں میں سےایک چنگن CX70T ہے۔ 7 نشستوں کی یہ SUV چینی مارکیٹ میں ایک زبردست قوت ہے، تو آخر یہ اتنی ہٹ کیوں ہے؟ آئیے دیکھتے ہیں۔
آنے والی گاڑی چنگن CX70T بھی ایکسپو سینٹر لاہور میں ہونے والی انٹرنیشنل انجینیئرنگ اینڈ مشینری ایشیا ایکسپو 2018ء میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی کہ جہاں پاک ویلز ٹیم اس کے جامع معائنے کے لیے گئی تھی۔
ایکسٹیریئر:
CX70T کا انداز ذرا متنازع قسم کا ہے کیونکہ ایسا لگتا ہے کہ چنگن نے لینڈ روورز کی نقل کی ہے۔ ہیڈلیمپس کی شکل، فرنٹ گرل اور پورا فرنٹ اینڈ رینج روور کی بھونڈی نقل لگتا ہے۔ کسی دوسری کمپنی کے ڈیزائن عناصر کی نقل کرنا ایک چیز ہے، لیکن کہتے ہیں نا کہ اگر آپ کو نقل کرنا ہے تو بہترین کی کریں۔ اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ CX70T خوبصورت ہے؛ چوڑے شانے، رینج روور سے متاثرہ فرنٹ اینڈ، 17 انچ کے الائے ویلز، سخت پلاسٹک باڈی کلیڈنگ اور مجموعی طور پر پرکشش تناسب اسے بولڈ، ٹف اور متاثر کن SUV بناتے ہیں، جو ہدف پر موجود صارفین کے لیے زبردست پہلو ہیں۔
انٹیریئر:
چنگن کافی عرصے سے زبردست انٹیریئرز لا رہا ہے اور CX70T بھی الگ نہیں ہے۔ عجیب و غریب ڈیش ڈیزائن، جس کے لیے عناصر ہیونڈائی اور جینیسس ماڈلز سے لیے گئے ہیں، گاڑی کے اندرونی حصے کو اول درجے صورت دیتے ہیں۔ میری رائے میں مجموعی ڈیزائن، رنگ اور مٹیریلز کا انتخاب گاڑی کے مطلوبہ مقاصد کے عین مطابق ہے۔ چنگن کی بلڈ کوالٹی بالآخر قابل ستائش ہے۔ البتہ اس سلسلے میں کوئی بھی حتمی رائے ایک طرف رکھنا ہوگی جب تک کہ آپ اسے خود عملی طور پر نہ دیکھیں۔ فطری طور پر اس SUV کے فارم فیکٹر کی وجہ سے اندر کافی گنجائش ہے، سر کی جانب اور ٹانگیں پھیلانے کے لیے پہلی اور دوسری لائنوں میں کافی جگہ ہے۔ البتہ تیسری لائن کبھی کبھار استعمال کے لیے ہے لیکن بچوں کے لیے کافی کارآمد ہے۔
پاورٹرین:
CX70T ایک 1.5L “بلوکور” ٹربوچارجڈ اور ڈائریکٹ-انجیکٹڈ انلائن-4 انجن سے لیس ہے جو 147 HP اور 230 Nm ٹارک پیدا کرتا ہے۔ یہ انجن چنگن کی مشہور اور ہموار شفٹنگ 6-اسپیڈ آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ لگایا گیا ہے۔ نچلے ٹرمز میں 6-اسپیڈ مینوئل گیئربکس موجود ہے لیکن پاکستانی مارکیٹ میں ایک اسٹک شفٹ کے ساتھ اس کی دستیابی کی توقع نہ رکھیں۔ انجن جاندار اور متاثر کن ہے اور ٹربو لیگ بہت کم ہے۔ لو-اینڈ ٹارک شہر کے اندر ڈرائیونگ کو ہموار بناتا ہے جبکہ شاندار ہارس پاور ہائی وے رفتار پر بھی اوور ٹیک کرنے کے لیے کافی ہے۔ پاورٹرین میں موجود جدید ٹیکنالوجی چنگن کے لیے حقیقی دنیا میں 13 کلومیٹر فی لیٹر کا دعویٰ کرنا ممکن بناتی ہے، جو CX70T جیسی بڑی گاڑی کے لیے متاثر کن ہے۔ انجن کے انتخاب پر پاکستان کی آٹوموٹو برادری کے تجربہ کار افراد کی جانب سے چند سوالات اٹھائے گئے ہیں؛ جنہوں نے ایندھن کے گھٹیا معیار، بڑھتی ہوئی مینوفیکچرنگ پیچیدگیوں اور کمی بیشیوں پر خدشات ظاہر کیے ہیں۔ البتہ چنگن (اور ماسٹرز موٹرز بھی) ان دعووں سے پریشان نہیں۔ امید کرتے ہیں کہ سب کچھ منصوبے کے مطابق ہوگا کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو یہ 10 ویں جنریشن کی ہونڈا سوک ٹربو والی خفت والا معاملہ ہو جائے گا۔
ڈرائیونگ ڈائنامکس اور فیچرز:
زیادہ تر چنگن ماڈلز کی طرح CX70T اس میدان میں بھی کارکردگی پیش کرتی ہے؛ معیاری آلات جیسا کہ کروز کنٹرول، اسٹیئرنگ ویل پر موجود کنٹرولز، ایک بڑا 11 انچ کا LCD انفوٹینمنٹ ڈسپلے، ایک 4.2 انچ کا LCD ٹرپ میٹر، چمڑے کی سیٹیں، کی لیس انٹری، پش-اسٹارٹ بٹن، ڈجیٹل کلائمٹ کنٹرول، 17 انچ الائیز، ایک بیک اپ کیمرا، پارکنگ سینسرز، پینورامک گلاس سن روف، LED ہیڈ لیمپس اور DRLs یہ سب دستیاب ہیں۔ سیفٹی ٹیکنالوجی بھی اچھی ہے: ABS، ٹریکشن کنٹرول، فرنٹ اور ریئر کرمپل زونز، چھ ایئربیگز مع ڈوئل فرنٹ ایئر بیگز، ڈوئل سائیڈ کرٹین ایئربیگز، ڈرائیور اور پیسنجر سائیڈ ایئربیگز بطور معیار دستیاب ہیں البتہ لین ڈپارچر پریوینشن اور بلائنڈ اسپاٹ مانیٹرنگ آپشنل ہیں (اور مجھے یہ سہولیات یہاں آتے ہوئے نظر نہیں آتیں اپنی لاگت کی وجہ سے) جبکہ آٹو ایمرجنسی بریکنگ اور ایڈاپٹو کروز کنٹرول اس زمرے میں حیران کن طور پر نہیں ہیں۔ CX70T کا ڈرائیونگ تجربہ اسپورٹی اور مزیدار ہونے کے بجائے آرام دہ اور پر سکون ہے۔ سسپنشن، بیشتر چینی گاڑیوں کی طرف، آرام کے لیے بنایا گیا ہے اور سڑک پر موجود اتار چڑھاؤ اور خرابیوں سے نمٹنے کے لیے کافی ہے۔ ہینڈلنگ محض اطمینان بخش ہے، لیکن اس کلاس کی گاڑی کے لیے کافی ہے۔
قیمت:
CX70T چین میں اپنی قیمت میں بہترین گاڑی ہے۔ بہترین “پریمیئم” ٹرم جس میں سب کچھ موجود ہے اور اوپر اس کے بارے میں بات بھی کی گئی ہے 1,09,900 چینی یوآن کی ہے جو پاکستانی قیمت میں موجودہ شرح تبادلہ پر 19,80,000 روپے بنتے ہیں۔ البتہ قیمت کا اندازہ محض کرنسی تبدیل کرکے لگانے جتنا سادہ نہیں، حکومت کے لیویز ٹیکس اور امپورٹ ڈیوٹیز اس قیمت کو کہیں بڑھا دیتے ہیں۔ مجھے توقع ہے کہ چنگن CX70T لین ڈپارچر پریونشن اور دیگر چند خصوصیات سے عاری ہوگی۔ ماسٹر موٹرز کے حکام سے CX70T کی قیمت کے حوالے سے ایکسپو سینٹر میں رابطہ کیا گیا کہ جہاں یہ گاڑی نمائش کے لیے موجود تھی، انہوں نے قرار دیا کہ اس کی قیمت کو 27 سے 33 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی، جس کا انحصار فیچرز پر ہوگا۔ لیکن اس قیمت پر بھی یہ ہونڈا HR-V (ویزل)، سوزوکی وٹارا اور ٹویوٹا C-HR یہاں تک کہ ہیونڈائی کی ٹکسن جیسی گاڑیوں کا بھی بہت واضح فرق سے مقابلہ کرے گی۔
حتمی خیال:
چنگن CX70T میں کوئی بڑی خامی نہیں اور یہ ہر لحاظ سے ایک مستحکم گاڑی ہے۔ البتہ اسے میدان عمل میں سخت ترین مقابلے کا سامنا ہوگا۔ گو کہ یہ اپنی کلاس میں کچھ آگے ہے (CX70T ایک درمیانے سائز کی SUV ہے جبکہ باقی سب جن کا حوالہ دیا گیا ہے کومپیکٹ کراس اوورز ہیں) ہونڈا ویزل اور HR-V، ٹویوٹا C-HR، سوزوکی وٹارا، آنے والی ہیونڈائی ڈکسن، کیا اسپورٹیج اور کسی حد تک ٹویوٹا فورچیونر، BMW X1 اور آڈی Q2 یہ سب اس کے مقابل کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔ میدان میں موجود ان مستحکم گاڑیوں اور آنے کے لیے تیار نئی گاڑیوں کے مقابلے پر ایک موزوں متبادل بننے کے لیے ضروری ہے کہ یہ ایک زبردست قیمت پر آئے، اور اس سے بھی زیادہ اہم یہ کہ ماسٹر موٹرز کو پاکستانی سڑکوں پر ‘موجودگی’ کی ضرورت ہے۔ مارکیٹ میں CX70T اور دیگر چنگن ماڈلز کی قبولیت کے لیے ماسٹر موٹرز کو شورومز اور 3S ڈیلرشپس کا جال پھیلانے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی کیونکہ پاکستان میں صارفین میں صارفین “دیکھنا یقین ہے” کو بہت زیادہ مانتی ہے۔ میرا ماننا ہے کہ چنگن (اور ماسٹرز موٹرز) چینی گاڑیوں کے بارے میں غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن ان کی کایمابی کا انحصار اس امر پر ہوگا کہ وہ پاکستانی سڑکوں پر اپنا ‘وجود’ تخلیق کرتے، معیاری مصنوعات فراہم کرتے اور ایک پرکشش قیمت پر آتے ہیں یا نہیں۔
تبصروں میں تعمیری تنقید کا ہمیشہ خیر مقدم کیا جاتا ہے اور مزید اچھے مواد کے لیے PakWheels.com پر آتے رہیے۔