دنیا کی 10 تیز ترین اسٹیشن ویگنز؛ ان کی رفتار آپ کو حیران کردے گی!

کوئی مانے یا نہ مانے لیکن اسٹیشن ویگن کی چند خصوصیات ایسی ہیں جو اسے دیگر طرز کی گاڑیوں سے ممتاز بناتی ہیں۔ جو ناقدین اس کے انداز کو پسند نہیں کرتے وہ بھی یہ تسلیم کرتے ہیں کہ اسٹیشن ویگن کو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ان میں وہ کام بھی شامل ہیں جو ایک سیڈان گاڑی کے ساتھ بھی نہیں کیے جاسکتے۔ اسٹیشن ویگن میں سامان رکھنے کی بھی اچھی خاصی جگہ میسر آتی ہے جو کراس اوور یا SUV طرز کی گاڑیوں کا خاصہ ہے۔ اس کے باوجود لوگ انہیں قدیم، سست رفتار اور بدشکل تعبیر کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسٹیشن ویگن سڑکوں پر کم اور پرانی فلموں میں زیادہ نظر آتی ہے۔ لیکن آپ یہ جان کر حیران ہوں گے دنیا میں ایسی اسٹیشن ویگن بھی موجود ہیں جو نہ صرف برق رفتار ہیں بلکہ ان کا انداز بھی کافی دلکش اور خوبصورت ہے۔ تو آئیے ان میں سے 10 اسٹیشن ویگن پر نظر ڈالتے ہیں جو سیڈان انداز سے کسی طور کم نہیں!

یہ بھی پڑھیں: سیڈان پر اسٹیشن ویگن کو ترجیح دینے کی 5 بنیادی وجوہات

نمبر 10: بی ایم ڈبلیو 535d (رفتار: 5.4 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ ڈیزل انجن کے ساتھ گاڑی تیز نہیں دوڑ سکتی تو اپنی غلط فہمی دور کرلیجیے۔ بی ایم ڈبلیو کی یہ اسٹیشن ویگن آپ کی توقعات سے کہیں زیادہ تیز ہے۔ گوکہ اس کا نیا ماڈل بھی پیش کیا جاچکا ہے لیکن اس کے ڈیزل انجن نے ابتدا ہی سے اپنی دھاک قائم کر رکھی ہے۔

نمبر 9: آوڈی A4 ایونت 3.0 ٹی ڈی آئی (رفتار: 5.4 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

آوڈی کی یہ اسٹیشن ویگن گو کہ روایتی حریف بی ایم ڈبلیو سے کم طاقت ور ہے لیکن رفتار میں کسی طور کم نہیں۔ اس کی سب سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ اسے آوڈی کے مشہور کواٹرو (Quattro) 4 ویل ڈرائیو سسٹم کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

نمبر 8: ووکس ویگن گولف R (رفتار: 5.1 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

آپ اس اسٹیشن ویگن کو دنیا کی تیز ترین ہیچ بیکس میں سے ایک ووکس ویگن گولف ہیچ بیک کا بڑا بھائی قرار دے سکتے ہیں۔ اسے 4-سلینڈر 2000 سی سی انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے جو 297 بریک ہارس پاور فراہم کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔

نمبر 7: بی ایم ڈبلیو 335d ایکس ڈرائیونگ ٹوؤرنگ (رفتار: 4.9 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

جرمن کار ساز ادارے بی ایم ڈبلیو کی یہ اسٹیشن ویگن اولذکر 535d سے نصف سیکنڈ زیادہ تیز ہے۔ یہ ایکس ڈرائیو اسٹیشن ویگن بہترین گرفت کے لیے بھی مشہور ہے۔

نمبر 6: وولوو V60 پولسٹر (رفتار: 4.8 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

سویڈن سے تعلق رکھنے والے کار ساز ادارے وولوو (Volvo) کی اس اسٹیشن ویگن کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے ٹربو اور سپُر چارجڈ 2000 سی سی 4-سلینڈر انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ یہ انجن 362 بریک ہارس پاور فراہم کرنے کے علاوہ اس گاڑی کی پچھلی جنریشن کے مقابلے میں 0.2 سیکنڈ تیز رفتار ہے۔

نمبر 5: مرسڈیز CLA45 اے ایم جی (رفتار: 4.2 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

اس اسٹیشن ویگن کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے چار دروازوں والے کوپے ورژن اور کوپے ورژن کو اس کے ہیچ بیک انداز سے بنایا گیا ہے۔ اس میں 4-سلینڈر 2000 سی سی انجن شامل ہے جو اسے V12 انجن کی حامل فراری 575M جیسی سُبک رفتاری فراہم کرتا ہے۔

نمبر 4: مرسڈیز E63 S اے ایم جی (رفتار: 4.2 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

جرمن ادارے مرسڈیز کی یہ پُر حجم E-کلاس اسٹیشن ویگن 5500 سی سی جڑواں-ٹربو V8 انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے جو 577 بریک ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ اس کا سب سے خراب پہلو غیر معمولی سائز ہے۔

نمبر 3: مرسڈیز CLS 63 S اے ایم جی (رفتار: 4.2 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

یہ اسٹیشن ویگن بھی CLA45 اے ایم جی سے ہی تعلق رکھتی ہے اور اسے مرسڈیز E63 S اے ایم جی کے V8 انجن کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔ اس کی رفتار بھی اولذکر دونوں مرسڈیز گاڑیوں جتنی ہی ہے اسی وجہ سے اکثر لوگ اسے مرسڈیز کی غیر ضروری تخلیق قرار دیتے ہیں۔ بہرحال، یہ دیگر دونوں گاڑیوں سے زیادہ خوبصورت لگتی ہے۔

نمبر 2: مرسڈیز C63 S اے ایم جی (رفتار: 4.1 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

یہ قدرے درمیانے سائز کی اسٹیشن ویگن ہے جس کا تعلق مرسڈیز C-کلاس سے بنتا ہے۔ 503 بریک ہارس پاور فراہم کرنے والے V8 انجن کی حامل اس گاڑی کو مرسڈیز کی تیز ترین اسٹیشن ویگن ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

نمبر 1: آوڈی RS6 ایونگ پرفارمنس (رفتار: 3.7 سیکنڈ میں 0-62 میل فی گھنٹہ)

یہ ہے دنیا کی برق رفتار اسٹیشن ویگن جس کی رفتار ناقابل یقین حد تک تیز ہے۔ آوڈی (Audi) کی اسٹیشن ویگن میں شامل انجن 600 بریک ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ یہ کسی طور پر بھی سُپر کار سے کم نہیں ہے۔ اور ہاں! آپ اس میں بچوں کو اسکول چھوڑنے جائیں تو فراری اور لامبورگینی کو بھی پیچھے چھوڑ سکتے ہیں۔

Exit mobile version