کل ایک ویڈیو دیکھی- بڑا حیرت انگیز منظر تھا-
ایک بزرگ کوئی سٹھ پینسٹھ برس کے، قمیض اتارے ، بنیان پہنے ، بازو پہ اپنے مقناطیس کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا پھیر رہے تھے- حیرت کی بات یہ تھی کہ مقناطیس ایک خاص مقام پہ خود بخود چپک رہا تھا گویا اندر کوئی میٹل بھرا ہو-
بزرگ کا کہنا تھا کہ عین اس جگہ اس نے کرونا ویکسین لگوائی ہے- ایک اور ویڈیو بھی اسی نوع کی نظر آئی جس میں بازو پہ میگنٹ پھیرا جا رہا تھا۔
دوسری طرف واشنگٹن، یو ایس اے میں مائکروسوفٹ کا مرکزی دفتر ہے- تاریک کمرے میں جھلملاتی اسکرینوں کے سامنے 5 ٹاپ سائنس دان سر جوڑے بیٹھے ہیں- بل گیٹس ان میں سرفہرست ہے- آج مائکروسوفٹ اپنے کیرئیر کا سب سے بڑا تجربہ کرنے جا رہی ہے-
اچانک ہی ایک سائنسدان خوشی سے چیختا ہے " بھائی پھیرو سے اللہ بخش کے چپ کے سگنلز آ رہے ہیں سر !!"
اس پر کمرے کی خاموش فضاء تالیوں سے گونج اٹھتی ہے- اسی دوران دوسرا سائنس دان رپورٹ دیتا ہے کہ گگومنڈی سے حاجی شبیر کے سگنلز بھی صاف آ رہے ہیں-
بل گیٹ سمیت سب سائنس دان فخر سے اپنی کرسیوں سے اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور آپس میں گلے ملتے ہیں- مائکروسوفٹ گزشتہ 20 برس سے اپنی تاریخ کا سب سے مہنگا پروجیکٹ کر رہی تھی- 22 کروڑ پاکستانیوں میں انٹلیکٹ چِپ لگانے کا تجربہ، جس کے بعد اس عظیم راز سے پردہ اٹھ جانا تھا کہ دو نمبر کاموں میں ہم نمبر دو کیسے ہوئے؟
بل گیٹس فوری طور پر ٹیلی فون کی طرف بڑھتے ہیں- وہ صدر امریکہ کو اپنی کامیابی کی نوید سنانا چاہتے ہیں- اچانک ہی ایک سائنس دان چیختا ہے:
"سر .... گڑبڑ ہو گئی ... ہم ہدف کو کھو رہے ہیں- ہمارا رابطہ ٹوٹ رہا ہے سر !!"
پانچوں سائنس دان بھاگم بھاگ کمپیوٹر اسکرینز کی طرف متوجہ ہوتے ہیں جہاں سے تمام معلومات غائب ہو چکی ہیں اور صرف تارے نظر آ رہے ہیں-
" یہ کیا ہوا ؟ سوفٹ ویئر کریش ہوا یا میڈیا بریک ڈاؤن ؟" بل گیٹ پریشانی کے عالم میں سر کھجانے لگتا ہے-
"سر سوفٹ وئیر بھی ٹھیک چل رہا ہے اور میڈیا بھی- سگلنز ہیک ہو رہے ہیں- شاید چائنا یا رشیا کی شرارت ہے"
"ہاؤ اٹس پوسیبل؟ ہماری 20 برس کی محنت برباد ہو گئی؟"
"نو سر ... " دوسرا سائنس دان آگے بڑھتا ہے- " سگنلز تو مکمل کوڈڈ ہیں- اٹس امپوسیبل ٹو ہیک دِم- گڑبڑ کہیں اور ہے- آپ ناسا سے مدد لے کر ہدف کو براہ راست دیکھیں"
بل گیٹس فوراُ ناسا کا نمبر ملاتا ہے- اگلے ہی لمحے ملکِ خداداد کی فضاؤں میں تیرتے ہوئے مصنوعی سیارے حرکت میں آتے ہیں- بھائی پھیرو کے اللہ بخش اور گگو منڈی کے حاجی شبیر کو لوکیٹ کر کے زوم کیا جاتا ہے-
" اوہ مائی گوش !! " بل گیٹ اور اس کے ساتھی ششدر رہ جاتے ہیں-
دونوں چِپ زدگان اپنے بازوؤں پہ میگنٹ پھیر کر سافٹ وئیر اڑا چکے ہیں-
ظفر جی البتواری