جب ہم چپس تل رہے تھے تو اسی دوران وہاں لینڈ کروزر پر ایک فیملی بھی آئی جس میں ایک عمر رسیدہ بزرگ بھی تھے۔ چلنے پھرنے سے معذور نظر آتے تھے۔ ان کو ایک وہیل چیئر پر اتار کر بٹھایا گیا۔ لیکن پتا نہیں کیا مسئلہ ہوا ان کی طبیعت خراب ہو گئی اور نیم بے ہوشی کی سی کیفیت طاری ہوگئی۔ کوئی کہہ رہا تھا کہ ہارٹ اٹیک ہو گیا کوئی کہہ رہا تھا کہ شوگر لیول ڈاؤن ہو گیا۔ اس نیم بے ہوشی کی کیفیت میں وہ بزرگ کرسی سے گر بھی پڑے۔ ان کی حالت پر لازمی طور پر ہوا کا کم پریشر بھی اثر انداز ہو رہا تھا۔ وہ فیملی جو لطف اندوز ہونے یہاں آئی تھی اب رو رہی تھی۔ ان بزرگ کو بڑی مشکل سے گاڑی کی پچھلی سیٹ پر منتقل کیا گیا اور گاڑی فورا چلاس سائیڈ پر چلی گئی تا کہ ان کو طبی امداد دی جا سکے۔