لیکسس LX 570 2016 اپنے مالک کی نظر سے –تفصیلات، قیمت اور خصوصیات
لیکسس (Lexus) ایک پریمیم برانڈ ہے جو لگژری اور پائیدار گاڑیاں بنانے کے لیے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ LX 570 لیکسس کی جانب سے فروخت ہونے والی سب سے بڑی اور سب سے مہنگی SUV ہے۔ 2016ء کی لیکسس LX 570 کی قیمت 4 سے 4.5 کروڑ روپے درمیان ہے۔ لیکسس برانڈ ٹویوٹا کا شریک ہے؛ اس لیے LX 570 میں ٹویوٹا لینڈ کرُوزر V8 کی کچھ شباہت نظر آتی ہے۔ البتہ LX 570 لینڈ کُروزر V8 سے کہیں زیادہ بہتر اور پریمیم گاڑی ہے۔ جس گاڑی کا یہاں جائزہ لیا جا رہا ہے وہ 2016ء کا ماڈل ہے جو ایک جاپانی ویرینٹ ہے۔ اس کے کچھ اسپیئر پارٹس یعنی فاضل پرزے ملنا مشکل ضرور ہے لیکن کام کے پرزے مارکیٹ میں پہلے سے دستیاب ہیں۔
اسی قیمت میں ملنے والی کچھ مشہور گاڑیوں میں رینج روور، پورشَ کاین، BMW X7 اور ٹویوٹا لینڈر کروزر V8 شامل ہیں۔ ان گاڑیوں کے مقابلے میں LX 570 ایک مضبوط گاڑی ہے اور روز مرہ دیکھ بھال پر لاگت میں کافی بچت دے سکتی ہے۔ لیکسس LX 570 کو پاکستان میں موجود ٹویوٹا کی 3S ڈیلر شپس کے ذریعے بھی بنوایا جا سکتا ہے۔ اس گاڑی کا ایک آئل چینج آپ کو 8 سے 10 ہزار روپے تک کا پڑ سکتا ہے۔ اس گاڑی کا مالک اس میں موجود لگژری سہولیات اور خصوصیات سے مطمئن ہے۔ LX 570 آپ کو فی لیٹر 7 کلومیٹر کی مسافت دیتی ہے۔ ایک اعلیٰ درجے کی لگژری گاڑی ہونے کی وجہ سے LX 570 کی ری-سیل مارکیٹ دوسری گاڑیوں جتنی نہیں۔ لیکسس LX 570 تین قطاروں یا دو قطاروں والی SUV کے طور پر منگوائی جا سکتی ہے۔
ایکسٹیریئر
LX 570 کا باہری ڈیزائن ہموار ہے جو اسپورٹی نظر آنے کے لیے کافی تیز کنارے رکھتا ہے لیکن پھر بھی خوبصورت لگتا ہے۔ فرنٹ گرِل بہت بڑی ہے کہ جس سے سڑک پر اس کا دَم دار احساس ہوتا ہے۔ اس کی ہیڈلائٹس اور ٹیل لائٹس دونوں مکمل LED ہیں۔ LX 570 کو زیادہ اسپورٹی دکھانے کے لیے اس میں مکمل سیاہ گرِل اور LX اسپورٹ پیکیج شامل کروائے جا سکتے ہیں۔ یہ گاڑی 20 انچ کے چار الائے ویلز اور ایک اسپیئر ویل کے ساتھ آتی ہے۔ LX 570 کو 21 انچ کے الائے ویلز کے ساتھ بھی آرڈر کیا جا سکتا ہے۔
لیکسس LX 570 ناہموار اور پہاڑی علاقوں میں جانے کے لیے تمام کیل کانٹوں اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ کرال کنٹرول اور ملٹی ٹیرین سلیکٹ جیسے فیچرز کے ساتھ LX 570 جیسی بڑی SUV کے لیے آف روڈنگ کرنا ایک آسان کام ہے۔ پریمیم ٹرپل بیم LED ہیڈ لیمپس رات کے وقت سفر کو آسان بناتے ہیں اور ساتھ ہی گاڑی کی دلکشی کو بھی بڑھاتے ہیں۔ مسافروں کو محفوظ رکھنے کے لیے LX 570 میں کُل 10 ایئر بیگز ہیں۔ پارکنگ اسسٹ فنکشن شہری علاقوں میں اس بڑی SUV کی آسان حرکت میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ رین سینسنگ وِنڈ شیلڈ وائپرز بھی اس SUV میں شامل کیے گئے ہیں۔ آپ لگژری یا اسپورٹس پیکیجز میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
انٹیریئر
پورے کیبن میں چمڑے اور لکڑی کے استعمال کے ذریعے LX 570 کا انٹیریئر ڈیزائن اس کے شاہانہ انداز کو ظاہر کرتا ہے۔ LX 570 مارک لیوِنسن کے پریمیم ساؤنڈ آڈیو سسٹم کے ساتھ آتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اس میں 360 ڈگری کیمرا سسٹم اور ایک ہیڈ اپ ڈسپلے بھی ہے۔ دیگر پریمیم فیچرز میں آٹو بُوٹ، سیلف لیولِنگ، ہیٹڈ اور کولڈ سیٹس، فرِج اور ریئر انٹرٹینمنٹ سسٹم شامل ہیں۔ یہ گاڑی بڑی SUV کے اسپورٹی تجربے کو بہتر بنانے کے لیے پیڈل شفٹرز کے ساتھ بھی آتی ہے۔ یہ بڑی SUV سات افراد کو باآسانی بٹھا سکتی ہے۔ کارگو کی جگہ بڑھانے کے لیے سیٹوں کی آخری دونوں قطاریں تہہ بھی کی جا سکتی ہے۔
ڈیش بورڈ کے درمیان میں آپ کو 12.3 انچ کا ملٹی میڈیا ڈسپلے مل سکتا ہے۔ یہ ملٹی میڈیا سسٹم کئی فیچرز مثلاً آواز سے کنٹرول ہونے والا نیوی گیشن سسٹم اور آڈیو کنٹرولز رکھتا ہے۔ دیگر متاثرکُن فیچرز میں ایک وائرلیس چارجر، وائس کمانڈ اور Lexus Enform destination assist شامل ہیں۔ آپ ambient لائٹنگ اور ہیٹڈ ووڈ اور لیدر اسٹیئرنگ ویل کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں۔
انجن اور کارکردگی
لیکسس LX 570 ایک 5.7L V8 انجن کے ساتھ آتی ہے جو 383 ہارس پاور اور 403 lb-ft ٹارک پیدا کرتا ہے۔ یہ انجن 8-اسپیڈ آٹومیٹک گیئربکس سے منسلک ہے۔ مزید یہ کہ اِس میں کُل پانچ آف-روڈ ڈرائیونگ موڈز ہیں۔ انجن شہری علاقوں میں ہموار سفر دیتا ہے اور اونچے نیچے پہاڑی علاقوں میں بھی باآسانی چلتا ہے۔
لیکسس LX 570 کے اس جائزے کے بارے میں اپنے خیالات ہمیں نیچے تبصروں میں بتائیں۔ LX 570 جیسی لگژری گاڑیوں پر مزید تحاریر کے لیے آتے رہیے۔