مجھے اپنی 1300 سی سی استعمال شدہ گاڑی کی ملکیت تبدیل کروا کر اس کے کاغذات اپنے نام پر منتقل کروانے تھے۔ کراچی میں اس کام کو انجام دینے سے متعلق کئی خوفناک کہانیاں سن رکھی تھیں جن کی وجہ سے مجھے حوصلہ نہیں ہو پارہا تھا۔ لیکن چونکہ میں رشوت اور ایجنٹ کے چکر میں بھی نہیں پڑنا چاہتا تھا اس لیے ہمت کر کے خود ہی تمام کاروائیاں مکمل کرنے کی ٹھانی۔ اس دوران مجھے جن مراحل سے گزرنا پڑا اس کا احوال لکھ رہا ہوں تاکہ خواہشمند افراد کو اس سے فائدہ پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا طریقہ کار
• سرکاری دفتر کی لمبی قطار میں کھڑے ہونے سے قبل تسلی کرلیں کہ آپ کے پاس یہ چیزیں لازمی موجود ہیں:
o خریدار کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی نقل
o فروخت کرنے والے کے شناختی کارڈ کی نقل
o گاڑی کے کاغذات
o منتقلی کی درخواست مع فروخت کرنے والے کے دستخط
• گاڑی کے کاغذات جن میں اصلی سیلز سرٹیفکیٹ (سبز + گلابی نقل)، اصلی سیلز انوائس، رجسٹریشن فارم، موٹر وہیکل ٹیکس کی جمع شدہ اصلی رسید (تصدیق کرلیں کہ رواں عرصے کے لیے ٹیکس جمع کروا دیا گیا ہے)۔
• بھیڑ سے بچنے کے لیے صبح سویرے گھر سے نکلیں اور 8:30 بجے تک سِوک سینٹر پہنچنے کی کوشش کریں۔
• اس پورے عمل میں اس گاڑی کی تصدیق بھی کی جاتی ہے جس کی ملکیت تبدیل کروانے کی درخواست دی جارہی ہے۔ اس لیے گاڑی اپنے ہمراہ لے کر جائیں۔
• عام طور پر سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے سامنے شدید ٹریفک جام رہتا ہے۔ اس سے بچنے کے لیے یونیورسٹی روڈ کی طرف سے داخل ہونے کی کوشش کریں۔
• سِوک سینٹر کے باہر اپنی گاڑی کسی شخص کے حوالے نہ کریں بصورت دیگر آپ کسی مشکل میں گرفتار ہوسکتے ہیں۔ ہمیشہ سِوک سینٹر کے اندر موجود پارکنگ میں ہی گاڑی کھڑی کریں۔ یہاں آپ سے گاڑی کھڑی کرنے کے لیے 30 روپے لیے جائیں گے۔
• یہاں سے سیدھا فوٹو کاپی کی دکان کا رخ کریں۔ درمیان میں بہت سے ایجنٹ آپ کو گھیرنے کی کوشش کریں گے، ان سے مسکراتے ہوئے معذرت کرلیں!
• فوٹو کاپی کی دکان سے منتقلی ملکیت (ownership transfer) کے کاغذات حاصل کریں۔ اس کے ساتھ بیان حلفی، درخواست کی اسکیننگ اور کچھ دیگر کاغذات شامل ہوں گے۔ ان سب کی قیمت 600 سے 650 روپے ہونی چاہیے۔
• اسی دکان سے اسکیننگ فارم کے ساتھ اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی نقل کروالیں۔
• فوٹو کاپی کی دکان سے ملنے والے فارم میں گاڑی کی فائل میں درج معلومات پُر کریں۔ اگر کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوٹو کاپی والے ہی سے مدد حاصل کرلیں۔
• اس کے بعد اپنی گاڑی کی جانچ کے لیے اسی دروازے تک لے جائیں کہ جہاں سے آپ سِوک سینٹر میں داخل ہوئے تھے۔ پارکنگِ سے قریباً 100 میٹر کے فاصلے پر آپ کو چھتری تلے ایک ٹیبل نظر آئے گی۔ اس ٹیبل پر سادے کپڑوں میں ملبوس سرکاری افسر نظر آئے گا۔ اگر کوئی نظر نہ آئے تو پھر آس پاس موجود کسی فرد سے پوچھ لیں۔ عام طور پر یہ افسر دوپہر میں دھوپ سے بچنے کے لیے دفتر کے اندر چلے جاتے ہیں۔
• یہاں سے گاڑی کی نمبر پلیٹ، انجن اور چیسز نمبر کی کاغذات میں درج معلومات سے تصدیق کی جائے گی۔ مکمل تسلی کے بعد متعلقہ افسر درخواست فارم پر دستخط اور تصدیق کی مہر ثبت کردے گا۔
• اب آپ یہاں سے عمارت کی درمیانی منزل (mezzanine floor) کا رخ کریں۔ یہاں موٹر رجسٹریشن ونگ(M.R. Wing) موجود ہے۔ یہاں نمبر پلیٹ میں درج حروف کے اعتبار سے کھڑکیاں موجود ہوتی ہیں لہٰذا آپ اپنی گاڑی کی نمبر پلیٹ کے اعتبار سے متعلقہ کھڑکی سے رجوع کریں۔ لوگوں کی تعداد زیادہ ہونے کی صورت میں یہاں قطاریں بنائی جاتی ہیں اس لیے آپ بھی ان میں شامل ہوکر اپنی باری کا انتظار کریں۔
• باری آنے پر تمام کاغذات کھڑی کے دوسری طرف بیٹھے ہوئے وردی پوش ایکسائز آفیسر کے والے کردیں۔ یہاں ایکسائز آفیسر کچھ ضروری معلومات کمپیوٹر پر درج کرے گا جس کے بعد آپ کے عقب میں موجود دروازے سے تصدیقی فارم وصول کرنے کے لیے روانہ کردے گا۔
• اعتماد کے ساتھ اس دروازے سے اندر داخل ہوں اور وہاں موجود افسر کو گاڑی کے کاغذات فراہم کرتے ہوئے تصدیق کی درخواست کریں۔وہ افسر تقریباً 10 سے 15 منٹ میں اپنی رائے درج کرنے کے بعد کاغذات آپ کو لوٹا دے گا۔
• پھر آپ اسی کھڑکی پر جائیں جہاں سے آپ کو دروازے کی طرف بھیجا گیا تھا۔ اور یہاں اپنے کاغذات دوبارہ جمع کروائیں۔ اس بار یہاں موجود افسر آپ سے منتقلی ملکیت کی فیس طلب کرے گا۔ فیس ادا کرنے کے بعد آپ کو کمپیوٹرائزڈ رسید دی جائے گی جس پر آپ کی گاڑی سے متعلق معلومات درج ہوں گی۔ اسی وقت تمام تفصیل دیکھیں اور تصدیق کرلیں کہ آیا ان میں کوئی غلطی تو نہیں ہوئی۔ اسی کمپیوٹرائزڈ رسید پر نئے کاغذات وصول کرنے کی تاریخ بھی درج ہوگی جو عموماً ایک ہفتے بعد کی ہوتی ہے۔
• کمپیوٹرائزڈ رسید میں دی گئی تاریخ پر اسی دروازے کا رخ کریں کہ جہاں سے ایکسائز آفیسر نے کاغذات پر اپنی رائے درج کی تھی۔ پراعتماد انداز سے اندر داخل ہوں اور وہاں موجود افسر کو رسید فراہم کریں۔ تقریباً 10 سے 15 منٹ میں آپ کے کاغذات فراہم کردیئے جائیں گی۔ ان پر متعلقہ افسر کی رائے اور دستخط بھی موجود ہوں گے۔
• یہاں سے عمارت کے چوتھی منزل پر جائیں اور اپنے تمام کاغذات اسکین کروائیں۔ عام طور پر یہ کام ایک دن میں مکمل ہوتا ہے اور اس کی فیس 150 روپے لی جاتی ہے۔ لیکن اگر آپ یہ کام جلدی کروانا چاہیں تو 400 روپے اضافی فیس ادا کر کے 30-45 منٹ میں مکمل کروا سکتے ہیں۔
• یہاں سے کاغذات وصول کرنے کے بعد ایک بار پھر تصدیق کرلیں کہ آیا ان میں کوئی غلطی تو نہیں اور تمام معلومات گذشتہ کاغذات ہی کے اعتبار سے پُر کی گئی ہیں۔
آسان اقساط پر نئی گاڑی حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
مبارک ہو! تمام کام مکمل ہوا۔ گاڑی آپ کے نام پر منتقل ہوچکی ہے۔ میری 1300 سی سی گاڑی کی منتقلی ملکیت پر ہونے والے کل اخراجات یہ رہے: 650+50+3,000+150= 3,850 روپے
آخر میں یہ اعتراف کرنا چاہوں گا کہ ان تمام کاموں کی پیچیدگیاں دیکھنے کے بعد مجھے بخوبی اندازہ ہوگیا کہ لوگ ایجنٹ کی مدد کیوں حاصل کرتے ہیں۔ اس پورے عمل میں نہ صرف کئی رکاوٹیں آتی ہیں بلکہ قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے اس لیے لوگ ایجنٹ سے تمام کام کروانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ تاہم تھوڑے سے صبر اور تحمل سے ان کاموں کو انجام دینا مشکل ہے مگر نا ممکن نہیں۔