اہم خبر: پاک سوزوکی نئی سوزوکی میگا کیری پیش کر رہا ہے!
مقامی مارکیٹ میں بہتر سے بہترین اور جدید گاڑیوں کی تیاریوں کا مقابلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور اس ضمن میں پاک سوزوکی ملک میں سب سے بڑے کار ساز ادارے کی حیثیت برقرار رکھنے کے لیے 20 نومبر 2017 بروز پیر کو نئی سوزوکی میگا کیری پیش کرنے جارہا ہے۔
نئی سوزوکی کیری کو جدید طرز پر تیار اور نئی تکنیک سے آراستہ کیا گیا ہے۔ کیری پک اپ طرز کی اس گاڑی کو خاص طور پر سامان کی باآسانی نقل و حمل کے مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے بنایا گیا ہے۔ اس کے اگلے حصے میں دو مسافروں کے لیے نشستیں موجود ہیں۔ اس میں یورو II معیار کا 1493cc پیٹرول انجن استعمال کیا گیا ہے جو اس طرز کی گاڑی کے لیے بہترین انتخاب مانا جاتا ہے۔
سوزوکی میگا کیری کا سسپنشن بھی انتہائی معیاری اور طاقتور ہے۔ مقامی مارکیٹ میں اس کا براہ راست مقابلہ ہیونڈائی شہزور اور فا کیریئر سے ہوگا۔ اب یہ وقت ہی بتائے گا کہ یہ گاڑی صارفین کی جانب سے کس طرح کا ردعمل حاصل کرپاتی ہے اور یہی امر اس کے مستقبل کا بھی فیصلہ کرے گا۔
ڈاؤن لوڈ کریں: پاک ویلز موبائل ایپ
پیمائش کی بات کریں تو نئی سوزوکی میگا کیری میں سامان رکھنے کے لیے 1670 x 2450 ملی میٹر وسیع جگہ دی گئی ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ 750 کلو گرام کا وزن لادا جاسکتا ہے۔ اس کا پچھلا حصہ تین اطراف سے کھلا رکھا گیا ہے تاکہ سامان لادنے میں سہولت رہے۔ اس کے علاوہ مسافروں کے لیے دو سیٹ بیلٹس بھی دی گئی ہیں۔ دیگر نمایاں خصوصیات میں دو سائیڈ مررز اور 14 انچ کے اسٹیل ٹائرز بھی شامل ہیں۔
میگا کیری کے فرش کا زمین سے فاصلہ، جسے انگریزی میں گراؤنڈ کلیئرنس کہتے ہیں، بھی بہت اچھا ہے۔ اس میں زیادہ سے زیادہ 46 لیٹر پیٹرول بھروایا جاسکتا ہے۔ اس کا ظاہری انداز سوزوکی کی روایتی گاڑیوں جیسا سادہ ہے۔ اگر آپ اس پر سے سوزوکی کا نام ہٹا بھی دیں تو بھی یہ بات پہچاننے میں دیر نہیں لگے گی کہ اس گاڑی کا تعلق سوزوکی کے خاندان سے ہے۔
نئی میگا کیری کی قیمت 15 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ نئی پک اپ مقامی مارکیٹ میں تنوع پیدا کرنے میں کامیاب رہے گی۔
اس حوالے سے مزید خبروں اور مضامین کے لیے ہمارے ساتھ رہیے اور بذریعہ تبصرہ اپنی رائے سے بھی آگاہ کیجیے۔