وزارت مواصلات، نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اگست 2018ء سے جون 2019ء تک کی کارکردگی تفصیلات جاری کردی ہیں جن کے مطابق 2018-19ء کے دوران 43326.30 ملین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں اعلان کیا گیا کہ NHA نے 2018-19ء میں 43326.30 ملین روپے کا ریونیو اکٹھا کیا۔ آڈٹ ریکوریز 7015.42 ملین روپے تھی اور یہ جدید ترین ای-بلنگ/بڈنگ سسٹم کے نفاذ کی بدولت ممکن ہوا۔ اس سسٹم کی وجہ سے NHA کی جانب سے ریکارڈنگز اور ریونیو کلیکشن زیادہ شفاف ہونا ممکن ہوا۔
سال 2017-18ء پر نظر ڈالیں تو اس میں صرف 28645.46 ملین روپے کا ریونیو اکٹھا ہوا تھا، اس کا تقابل رواں سال کے 14680.84 ملین روپے کے ریونیو سے کریں تو یہ ریونیو کلیکشن میں 51.25 فیصد اضافہ ہے۔ یہی داستان احتساب کے معاملے میں بھی جاری رہتی ہے کہ جہاں 2018-19ء میں 7015.42 ملین روپے کی آڈٹ ریکوریز ہوئیں جبکہ افسوس ناک بات یہ ہے کہ 2017-18ء میں کوئی آڈٹ ریکوری نہیں ہوئی تھی۔ سال 2018-19ء کے لیے NHA ایک اینٹی انکروچمنٹ یعنی انسدادِ تجاوزات مہم شروع کرنے میں بھی کامیاب ہوا کہ جس کی بدولت 3347 تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا اور نتیجتاً 448.25 کینال زمین واپس لی گئی۔ اس زمین کی مالیت 2503 ملین روپے ہے۔ NHA کو کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے تحت اپنی ہائی ویز اور موٹر ویز کے ساتھ 7,57,926 درخت لگانے کا سہرا بھی جاتا ہے، اس قدم کو تو واقعی بہت سراہنا چاہیے۔
موبائل ایپس جدید زندگی کا اہم حصہ ہیں اور یہ اداروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ NHA نے سال 2018-19ء میں اس پہلو پر بھی پیشرفت کی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA-IS FRIENDLY HIGHWAYS) اور نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس (HUMSAFAR) نے موبائل ایپلی کیشنز لانچ کیں۔ یہ ایپلی کیشنز تمام جاری منصوبوں کی معلومات اور ان پر پیشرفت دینے کے علاوہ مسافروں کو روزانہ کی بنیاد پر براہِ راست معلومات بھی دیتی ہیں۔
جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کا نفاذ بھی NHA کا ایک اہم سنگ میل ہے جو NHA کے پورے رائٹ آف وے (RoW) کا ڈجیٹل ڈیٹا تیار کرنے میں مدد دے گا جو 11 دسمبر 2020ء تک مکمل ہونا متوقع ہے۔ متعدد دیگر منصوبوں میں ای-بلنگ پروجیکٹ شامل ہے جس سے ترقیاتی منصوبوں کی ادائیگی الیکٹرونک موڈ کے ذریعے ہو رہی ہیں۔ ہکلہ-ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے پروجیکٹ (CPEC مغربی روٹ) متوقع طور پر 30 جولائی 2019ء سے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ای-بلنگ موڈ میں ہوگا۔ NHA کے مطابق وہ شفافیت پر یقین رکھتے ہیں اس لیے مختلف روڈ بنانے کی اسکیموں کو مدنظر رکھتے ہوئے NHA پروکیورمنٹ کے لیے ای-ٹینڈرنگ/بڈنگ کا ایک سسٹم شروع ہونا بھی متوقع ہے جو رواں سال کے اواخر یا اگلے سال کے اوائل میں شروع ہو جائے گا۔ دریں اثناء 1188 کلومیٹر سڑک کے منصوبے حقیقت کا روپ دھار گئے ہیں تاکہ سفر کو آسان بنایا جائے۔
ہماری طرف سے اتنا ہی، اپنی رائے نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔