کیا ٹویوٹا لینڈ کروزر کا اگلی جنریشن کا ماڈل آنے والا ہے؟
خبروں کے مطابق ٹویوٹا کی مشہورِ زمانہ SUV لینڈ کروزر 2020ء کے اواخر میں اگلی جنریشن میں داخل ہو جائے گی۔
ٹویوٹا لینڈ کروزر کی موجودہ جنریشن کو ایک دہائی سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے اور گاڑیاں بنانے والے اِس جاپانی ادارے پر عرصے سے ایک اپ گریڈ اُدھار ہے۔ پچھلے سال لینڈ کروزر کے خاتمے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں، جس کا نتیجہ اس کی فروخت میں تقریباً 10 فیصد اضافے کی صورت میں نکلا۔ لینڈ کروزر کا موجودہ ماڈل 2008ء سے دنیا بھر میں فروخت ہو رہا ہے اور مبینہ اگلے ماڈل میں کئی واضح تبدیلیاں کی جائیں گی۔
نئی جنریشن کے ماڈل میں متوقع تبدیلیاں:
اگلی جنریشن کی لینڈ کروزر میں موجودہ ماڈل کے امریکی 4.6 لیٹر V8 کے بجائے متوقع طور پر 3.5 لیٹر V6 ہائبرڈانجن دیا جائے گا۔ 5.7 لیٹر V8 انجن پر مبنی موڈ کا معاملہ واضح نہیں کہ کمپنی اس کے لیے بھی اسی ہائبرڈ پاور ٹرین کا انتخاب کرے گی یا نہیں۔ متوقع طور پر ٹویوٹا اگلی جنریشن کے لینڈ کروزر کے لیے وہی لیڈر-فریم (ladder-frame) اسٹرکچر برقرار رکھے گا۔ اسی طرح یہ ٹویوٹا نیو گلوبل آرکی ٹیکچر (TNGA) پلیٹ فارم ہی پر مبنی ہوگی جو آٹومیکر کو گاڑی کے وزن میں بہت حد تک کمی کرنے میں مدد دے رہا ہے۔ یہ پلیٹ فارم ٹویوٹا کی اس دیوہیکل SUV کو آف-روڈ صلاحیتیں بہتر بنانے اور اور مضبوطی میں بھی مدد دے گا۔ اس کے علاوہ 6-اسپیڈ آٹومیٹک گیئر بکس کی جگہ CVT ٹرانسمیشن اور فل ٹائم فور-ویل ڈرائیو (4WD) کو دی جائے گی۔ ایکسٹیریئر کے لحاظ سے SUV میں بہت زیادہ تبدیلیاں تو نہیں کی جائیں گی لیکن ہو سکتا ہے کہ کمپنی اسے ذرا جدید قسم کی trapezoidal فرنٹ گرِل دے جیسا کہ دوسرے ماڈلز میں دی گئی ہے۔ یہ ماڈل نسبتاً سادہ انداز کا حامل ہوگا جس کے ساتھ ٹویوٹا کے جدید ترین ڈیزائن عناصر شامل ہوں گے۔ یہ بڑی SUV تین قطاروں میں آٹھ افراد یا دو قطاروں میں پانچ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش کی حامل ہوگی۔ لینڈ کروزر کی رینڈرڈ 3D تصاویر پہلے ہی انٹرنیٹ پر گردش کر رہی ہیں۔
ٹویوٹا لینڈ کروزر کی تصاویر:
اب تک اس مبینہ اگلی جنریشن کی لینڈ کروزر کا کوئی یونٹ تجرباتی مراحل سے گزرتے نہیں دیکھا گیا۔ اگر کمپنی اسے رواں سال کے آخر تک متعارف کروانے کا منصوبہ بنا رہی ہے تو کوئی کیموفلاج شدہ یونٹ جلد ہی ٹیسٹ مراحل میں سڑکوں پر چلتا ضرور نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ ٹویوٹا کا یہ مشہور زمانہ ماڈل ازسرِ نو ڈیزائن کا مستحق بھی ہے خاص طور پر اب کیونکہ یہ تقریباً 12 سال پرانا ماڈل ہو چکا ہے۔ البتہ یہ ساری افواہیں تبھی واضح ہوں گی جب ہم نئی لینڈ کروزر کا کوئی حقیقی ورژن دیکھیں گے۔
آپ کے خیال میں جاپانی آٹومیکر اگلی جنریشن کی لینڈ کروزر لانچ کرے گا؟ ہمیں اپنے جوابات میں بتائیں اور مزید خبروں کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیں۔