اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 2019ء میں 10.29 ملین روپے کے جرمانے لگائے

0 179

اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) نے موجودہ سال 2019ء کے دوران ٹریفک قوانین کی مختلف خلاف ورزیوں پر 58,622 سے زیادہ ٹکٹ جاری کیے ہیں جن کی مالیت 10.29 ملین روپے بنی ہے۔ 

ITP کے ایک سینئر عہدیدار کے مطابق ڈپارٹمنٹ نے مئی 2019ء میں ایک خصوصی مہم شروع کی تھی کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانے لگائے جائیں، جس کا نتیجہ بڑی مقدار میں ریونیو کی صورت میں نکلا۔ دیکھی گئی عام ٹریفک قوانین خلاف ورزیوں میں موٹر سائیکل چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننا اور ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ نہ پہننا سب سے عام ہیں۔ اس کے بعد ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال، گاڑیوں کا حد رفتار سے زیادہ تیز چلنا اور ڈرائیونگ کے دوران بار بار لین تبدیل کرنا رہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ عوام کی بڑی تعداد کو سیفٹی کے قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا کہ جن کا ڈرائیونگ کے دوران سب سے زیادہ خیال رکھنا چاہیے یعنی ہیلمٹ پہننے کا اور سیٹ بیلٹ باندھنے کا۔ 

ہیلمٹ نہ پہننے پر کل 27,609 جرمانے کیے گئے، جس سے 27,60,900 روپے اکٹھے ہوئے۔ اس کے بعد سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی رہی کہ جن کے 14,998 ٹکٹ جاری کیے گئے اور 44,99,400 روپے جرمانوں کی صورت میں قومی خزانے میں گئے۔ ڈرائیونگ کے دوران لین کی خلاف ورزی تیسرے نمبر پر رہی کہ جس پر 35,05,200 روپے کے جرمانے ہوئے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے اس پر 11,684 ٹکٹ جاری کیے۔ ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال بھی اس عرصے میں بارہا دیکھا گیا اور 3,324 خلاف ورزیوں سے 9,97,200 روپے مالیت کے جرمانے ہوئے۔ حد رفتار سے زیادہ تیز گاڑی چلانے پر 1,007 ٹکٹ جاری ہوئے کہ جن پر خلاف ورزی کرنے والوں کو ہونے والے جرمانے کی مالیت 2,01,400 روپے رہی۔ 

وفاقی دارالحکومت کے مصروف ترین راستوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو رواں رکھنے کے لیے CHIPS نامی ایک خصوصی پٹرولنگ ٹیم کشمیر ہائی وے، مری روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس وے پر لگائی گئی۔ مزید یہ کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس (ITP) کی ٹیموں نے ٹریفک قوانین کی پیروی کرنے کے لیے عوام میں فہم اور شعور اجاگر کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ مجموعی طور پر اس نے اپنی مہم کے لیے 55,67,736 روڈ صارفین کو آگہی دی ساتھ ہی ٹریفک قوانین کی پیروی کرنے پر 1,000 سے زیادہ ڈرائیوروں کو سراہا بھی۔ 

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت کی سڑکوں پر دوڑتے ٹریفک کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے بھی مستقل نگرانی کی جا رہی ہے۔ CCTV کیمرے بھی کسی گاڑی کی جانب سے ٹریفک خلاف ورزیوں پر الیکٹرانک ٹکٹ بھی جاری کر رہے ہیں۔ اب تک جرمانے کے 2,613 ٹکٹ خلاف ورزی کرنے والوں کو بذریعہ ڈاک ان کے گھروں تک پہنچائے جا چکے ہیں۔ ITP خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں دے کر اور وفاقی دارالحکومت میں شعور و آگہی پھیلانے کی متعدد مہمات چلا کر ٹریفک قوانین کے نفاذ کے لیےبہترین کام کر رہی ہے۔ ITP کی کارکردگی پر آپ کا کیا خیال ہے؟ ہمیں تبصروں میں ضرور بتائیں اور مزید خبروں کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.