چنگان قیمت بڑھانے پر “انتہائی معذرت خواہ”
چنگان ماسٹر موٹرز نے اپنی سیڈان ایلسوِن کی قیمت میں حالیہ اضافے پر ایک وضاحت جاری کی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ انہیں اندازہ ہے کہ چنگان کمیونٹی اس پر پریشان ہوگی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ “ہمیں اندازہ ہے کہ قیمت میں یہ اضافہ ہماری کمیونٹی کے لیے ایک افسوس ناک خبر ہوگی۔ ہم آپ کو مایوس کرنے اور اس لحاظ سے توقعات پر پورا نہ اتر پانے پر انتہائی معذرت خواہ ہیں۔”
قیمت میں اضافے کی وجہ:
وجہ بتاتے ہوئے کار مینوفیکچرر نے کہا کہ وبا کی وجہ سے کنٹینرز کی کمی شپنگ کی لاگت میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے اور ساتھ ہی دیگر درآمدی اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ “اس نے ہمیں مجبور کیا ہے کہ گاڑی کی قیمت میں کچھ اضافہ کریں” چنگان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا۔
ایک مرتبہ پھر کہا گیا ہے کہ نئی قیمتیں اُن صارفین پر لاگو نہیں ہوں گی جن کے پاس کنفرمڈ بُک آرڈر فارمز (PBO) ہیں۔
بیان میں چنگان موٹرز کا کہنا ہے کہ اس اہم موقع پر خاموش بیٹھے رہنے کے بجائے وہ اس کے مسئلے کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ “ہم اب بھی وعدے کے مطابق وقت پر ایلسوِن کی فراہمی کے پابند ہیں۔”
چنگان ایلسوِن کی قیمتوں میں اضافہ:
پچھلے ہفتے حال ہی میں لانچ کی گئی چنگان ایلسوِن کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ایلسوِن کمفرٹ DCT کی قیمت میں 50,000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس کی قیمت 23,99,000 روپے سے بڑھ کر 24,49,000 روپے ہو گئی ہے۔
اس کے علاوہ ایلسوِن لیومیئر کی قیمت 1,01,000 روپے کے اضافے کے بعد 26,50,000 روپے ہو گئی ہے۔ ٹاپ آف دی لائن ویرینٹ کی گزشتہ قیمت 25,49,000 روپے تھی۔ البتہ بنیادی ویرینٹ کمفرٹ مینوئل کی قیمت 21,99,000 روپے ہی رہے گی۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ قیمت میں یہ اضافہ گاڑی کے پاکستان کی سڑکوں پر آنے سے بھی پہلے ہوا ہے۔ خبروں کے مطابق کمپنی یہ سیڈان جون-جولائی 2021 میں ڈلیور کرے گی۔
نوٹیفکیشن میں کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی قیمتیں 11 مارچ سے پہلے ملنے والے آرڈرز پر لاگو نہیں ہوں گی۔ کار مینوفیکچرر نے نئی قیمتیں 15 مارچ 2021 کو لاگو کی ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ “یقینی بنائیں کہ تاریخ 11 مارچ 2021 سے زیادہ نہ ہو۔”