ٹویوٹا انڈس موٹرز پاکستان میں ایک بھی پرایوس فروخت نہ کرسکا

1 169

ٹویوٹا پرایوس کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ہائبرڈ گاڑی کا اعزاز حاصل ہے۔ 1997 سے اب تک ٹویوٹا موٹرز دنیا بھر 50 لاکھ سے زائد پرایوس فروخت کرچکا ہے۔ پاکستان میں بھی جاپان سے استعمال شدہ پرایوس کی درآمد کا سلسلہ پانچ سال سے بھی زائد عرصے سے جاری ہے۔ استعمال شدہ جاپانی پرایوس کی مقبولیت سے متاثر ہو کر ٹویوٹا انڈس نے پاکستان میں پرایوس کی تیسری جنریشن متعارف کروانے کا فیصلہ کیا۔ اپنے فیصلے کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹویوٹا انڈس موٹرز نے اعلان کیا کہ ابتداء میں مکمل تیار شدہ نئی پرایوس جاپان سے منگوا کر یہاں فروخت کی جائیں گی اور پھر انہیں مقامی سطح پر تیار کرنے کی طرف پیش قدمی کی جائے گی۔

ٹویوٹا انڈس موٹرز کی جانب سے دسمبر 2013 میں نئی پرایوس 45 لاکھ روپے میں متعارف کروائی گئی جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ نہ صرف عوامی حلقوں بلکہ گاڑیوں کے کاروبار سے منسلک افراد اور ذرائع ابلاغ نے بھی انڈس موٹرز کی جانب سے انتہائی زیادہ قیمت مقرر کیے جانے کو کڑی تنقید کی گئی۔ جب پاکستان میں نئی پرایوس متعارف کروائی گئی اس وقت استعمال شدہ ٹویوٹا پرایوس باآسانی 25 لاکھ میں دستیاب تھی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا پرایوس میں دلچسپی رکھنے والوں کے لیے اہم معلومات!

مختلف رپورٹس کے مطابق انڈس موٹرز نے پاکستان میں پرایوس متعارف کرواتے ہوئے ہر سال 25 گاڑیوں کی فروخت کا ہدف طے کیا تھا۔ تعداد کے اعتبار سے یہ ہدف زیادہ مشکل دکھائی نہیں دیتا لیکن انتہائی زیادہ قیمت نے اسے ناقابل حصول بنادیا ہے۔ حال ہی میں ٹویوٹا انڈس موٹرز کے سربراہ پرویز غیاث نے معروف انگریزی روزنامے بزنس ریکارڈر سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انڈس موٹرز پاکستان منگوائی جانے والی 17 نئی پرایوس میں سے ایک گاڑی بھی فروخت نہیں کرسکا۔ اس کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی پرایوس کے مقابلے میں لوگ استعمال شدہ پرایوس کو زیادہ بہتر اور کم قیمت خیال کرتے ہیں۔ پرویز غیاث نے بتایا کہ ٹویوٹا جاپان کی جانب سے پرایوس (Prius) کو متعدد انداز میں پیش کیا گیا اور ہم ایسی چھوٹی ہائبرڈ گاڑی تلاش کر رہے ہیں کہ جسے پاکستان میں متعارف کروایا جاسکے۔

یہ بات بیک وقت قابل افسوس اور حیرت انگیز ہے کہ نئی پرایوس کی مکمل ناکامی کے باوجود انڈس موٹرز مزید چھوٹی ہائبرڈ گاڑیوں کو درآمد کرکے فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ عام پرایوس میں 1800cc انجن شامل ہوتا ہے جبکہ پرایوس C/ایلفا نسبتاً کم طاقت ور 1500cc انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ ممکن ہے ٹویوٹا انڈس موٹرز (Toyota) ٹیکس میں رعایت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھوٹی اور نسبتاً سستی ہائبرڈ گاڑیوں کو یہاں متعارف کروانا چاہتا ہو جس سے پرانی ہزیمت کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

پاک ویلز کے ذریعے اپنی پسندیدہ گاڑی پاکستان منگوانے کے لیے یہاں کلک کریں

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.