صوبہ سندھ: نئی گاڑیوں کے مالکان 2 سال سے نمبر پلیٹس کے منتظر

0 262

نئی گاڑیاں خریدنے والے حضرات کو سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نئی نمبر پلیٹس جاری کرنے کا سلسلہ گذشتہ دو سال سے تعطل کا شکار ہے۔ اس حوالے سے محمکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہاب الدین کھتری کہتے ہیں کہ پچھلے سال نئی نمبر پلیٹس بنانے کے لیے نجی اداروں سے ٹینڈرز طلب کیے تھے اور ان میں سے ایک ادارے سے نمبر پلیٹ تیار کرنے کا معاہدہ بھی طے ہوگیا تھا۔ تاہم ٹینڈر جمع کروانے والے ایک اور ادارے نے اس معاملے میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے عدالت سے رجوع کرلیا جس پر عدالت نے حکم امتناع جاری کرتے ہوئے ادارے کو مزید پیش رفت سے روک دیا۔ یوں متعلقہ محکمہ معاہدہ ہونے کے باوجود نئی نمبر پلیٹس کی فراہمی سے قاصر ہے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق اس عرصے میں رجسٹر ہونے والی گاڑیوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے رجسٹریشن کی رسیدیں جاری کی جارہی ہیں جنہیں قانونی ضرورت کے وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اگر دوران سفر ٹریفک پولیس اہلکار رجسٹرڈ نمبر پلیٹ نہ ہونے پر آپ کو روکے تو اصلی رسید دکھا کر چالان سے بچ سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس کی خصوصی مہم؛ ایک احسن قدم بدانتظامی کی نذر

ڈی آئی جی ٹریفک عامر احمد شیخ کے ترجمان محمد ادریس نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہاصلی رسید موجود ہونے پر کسی مسافر گاڑی کا چالان نہیں کیا جارہا البتہ فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کی جا رہی ہے۔ تاہم بعض شہریوں کی جانب سے رسید دکھائے جانے کے باوجود چالان کیے جانے کی شکایتیں موصول ہوئیں ہیں۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے عہدیدار اسماعیل چانڈیو نے بتایا کہ روزانہ تقریباً 1500 گاڑیاں اور موٹر سائیکل رجسٹر کی جا رہی ہیں۔ اس وقت BET سیریز جاری ہے تاہم نمبر پلیٹس کی فراہمی تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سے لاکھوں گاڑیاں غیر رجسٹر نمبر پلیٹس استعمال کر رہی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ مستقبل میں اتنی بڑی تعداد کو نمبر پلیٹ فراہم کرنا بہت مشکل کام ہوگا۔ اس حوالے سے ایک مجوزہ طریقہ کار نئی رجسٹریشن پر نمبر پلیٹ فراہم کرتے ہوئے پرانی رجسٹریشن کو نمٹانا بھی ہوسکتا ہے۔

آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرپرسن حاجی محمد شہزاد نے امید ظاہر کی کہ بہت جلد یہ معاملہ حل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے اعلیٰ عہدیداران نے یقین دہانی کروائی ہے کہ آئندہ ماہ جنوری 2016 میں تمام معاملات طے پا جائیں گے اور جلد نمبر پلیٹس کی فراہمی کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.