سوزوکی مہران بمقابلہ چیری QQ – کون کس سے بہتر ہے؟

2 169

چینی حکومت نے 1997 میں کار ساز ادارے چیری (Chery) کی بنیاد رکھی۔ پاکستان میں اس ادارے کا نام پہلی بار اس وقت سامنے آیا کہ جب بڑی تعداد میں چیری QQ درآمد کی گئی۔ یہاں اس چینی گاڑی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا کہ کیوں نا اس کا موازنہ گاڑیوں کے شعبے کی شہنشاہ سوزوکی مہران سے کروایا جائے۔ مجھے یقین ہے کہ سوزوکی مہران کا نام کسی بھی باشعور فرد کے لیے انجانا نہیں ہوگا۔ اس لیے ہم اس مضمون میں مینوئل ٹرانسمیشن کی حامل چیری QQ سے متعلق زیادہ معلومات شامل کر رہے ہیں تاکہ آپ یہ فیصلہ کرسکیں کہ ان دونوں ہیچ بیکس میں سے کون زیادہ بہتر ہے؟

اندرونی حصہ (Interior)
چیری QQ کے اندر جھانکنے کے بعد کوئی بھی اس حقیقت کو رد نہیں کرسکتا کہ یہ حصہ سوزوکی مہران سے کہیں زیادہ بہتر ہے۔ آرامدہ نشستیں اور اضافی گنجائش کی وجہ سے مسافروں کو ایک پرسکون احساس ہوتا ہے جبکہ مہران میں بیٹھنا گویا قید خانے میں بند ہوجانے جیسا ہے۔ مختلف رنگوں سے سجے چیری QQ کے اس حصے میں گیئر کے ساتھ کپ ہولڈر بھی موجود ہے۔ سامان رکھنے کی گنجائش بڑھانے کے لیے پچھلی نشستوں کو تہ کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ یہ وہ خصوصیات ہیں کہ جو بڑی گاڑیوں میں پیش کی جاتی ہیں اور چھوٹی گاڑیوں میں نشستیں تہ کرنے جیسی سہولیات کم ہی دستیاب ہوتی ہیں۔

استعمال شدہ Chery QQ خریدنے کے لیے یہاں کلک کریں

ظاہری انداز (Exterior)
چینی ساختہ چیری QQ کو اپنے ظاہری انداز کی وجہ سے کئی تنازعات کا سامنا کرنا پڑا حتی کہ بات قانونی چارہ جوئی اور عدالت تک بھی جاپہنچی۔ لیکن اس کے باوجود چھوٹی گاڑیوں میں یہ اپنے انداز کی وجہ سے کافی نمایاں نظر آتی ہے۔ سوزوکی مہران اور چیری QQ کا ڈیزائن اپنے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ویسے بھی ظاہری انداز میں پسند و ناپسند ہر شخص کی مختلف ہوسکتی ہے اس لیے زیادہ تعریف یا تنقید کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارے قارئین اس معاملے میں بھی کافی سمجھدار ہیں!

خصوصیات (Features)
چیری QQ میں وہ تمام خصوصیات شامل ہیں کہ جو کسی گاڑی میں ہونی چاہیئں۔ اس میں ایئرکنڈیشننگ کے علاوہ پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ، پاور لاکس اور دھند میں نظر آنے والی تیز لائٹس بھی دی گئی ہیں۔ جبکہ سوزوکی مہران چلانے والے ان چیزوں کا صرف خواب ہی دیکھ سکتے ہیں کیوں کہ سات لاکھ روپے سے زائد قیمت میں دستیاب مہران کے اندر مستقبل میں بھی ایسی سہولیات شامل کیے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ 2014-15 سے پہلے تو مہران میں تفریحی نظام بھی شامل نہ تھا البتہ اب اگر آپ چاہیں تو CD پلیئر لگواسکتے ہیں لیکن وہ بھی اضافی قیمت کی ادائیگی پر۔

سفری تجربہ (Drive)
میں نے کئی مرتبہ سوزوکی مہران چلائی ہے البتہ چیری QQ چلانے کا تجربہ تین، چار مرتبہ ہی ہوسکا ہے۔ اس لیے میں چاہوں گا کہ مہران اور چیری QQ کو زیادہ عرصے تک چلانے والے ہی اس بارے میں تبصرہ کریں تو بہتر ہے۔ اپنے تجربے کی بابت کہوں تو میرے لیے QQ چلانے کا تجربہ مہران سے کہیں زیادہ اچھا رہا۔ بہت آرامدے اور پرسکون سفر سے اندازہ ہوتا ہے کہ چیری نے اس گاڑی کے سسپنشن اور گرفت بہتر بنانے پر کافی توجہ سے کام کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا مہران کی ہم شکل چینی گاڑی پاکستان آیا چاہتی ہے؟

حفاظتی سہولیات (Safety)
تمام مسافروں کے لیے سیٹ بیلٹس کے علاوہ چیری QQ میں ایئر بیگز بھی دیئے گئے ہیں۔ چیری QQ میں مسافروں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا گیا اور اس کا ثبوت ABS شامل کر کے بھی دیا گی ہے۔ دوسری طرف سوزوکی مہران میں ABS کی بات کرنا خود کو شرمندہ کرنے جیسا ہی ہے۔

ہوسکتا ہے بہت سے قارئین یہ خیال کریں کہ سوزوکی مہران کے مقابلے میں چیری QQ ہر لحاظ سے بہتر ہے لیکن ہماری شاہراہوں پر مہران کی تعداد زیادہ ہونے اور دیگر چھوٹی گاڑیوں کا نایاب ہونا کچھ اور ہی ظاہر کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے یہاں “گاڑی کی ری-سیل ” یعنی بعد از استعمال فروخت کی سوچ بہت زیادہ پنپ چکی ہے اور اسی وجہ سے ہم نئی گاڑیوں کو پیچھے اور پرانی گاڑیوں کو آگے بڑھتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ گاڑیاں خریدنے والوں کو سوچنا چاہیے کہ جب تک ہم پرانی روایت کو توڑ کر نئی گاڑیاں نہیں خریدیں گے تب تک کار ساز ادارے بھی جدید گاڑیوں کی پیشکش سے بھاگتے رہیں گے۔

QQ interior 1

Mehran interior 1

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.