تھائی لینڈ میں ٹویوٹا کرولا آلٹِس کا جدید انداز متعارف؛ ESport میں بھی منفرد خصوصیات شامل

0 150

دنیا بھر کو طویل عرصے سے اپنے سحر میں مبتلا رکھنے والی ٹویوٹا کرولا کو تھائی لینڈ میں کئی قابل ذکر تبدیلیوں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ ان میں ایئر کینڈیشن کا نیا نظام، خود کار سائڈ مررز اور پچھلی نشستوں کو بہتر بنانے کے علاوہ کئی جدید سہولیات اور 2 مختلف انجن بھی شامل ہیں۔ عام کرولا آلٹِس کے ساتھ ساتھ جدید انداز کی حامل Esport نوربورگرينگ ایڈیشن کو بھی متعارف کروایا گیا ہے۔

Toyota-Corolla-Altis-Thailand-engine

پاکستان کی طرح تھائی لینڈ میں بھی کرولا آلٹِس کو 1600 سی سی انجن (1ZR-FBE) اور 1800 سی سی چار سلینڈر ڈیول VVT-iانجن (2ZR-FBE)کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور تھائی لینڈ دونوں ہی کرولا آلٹس کے بہترین انجن یعنی 2 ہزار سی سی ڈیول VVT-I (3ZR-FE) سے محروم ہیں۔ خیر سے پاکستان میں تو 1300 سی سی کرولا بھی دستیاب ہے کہ جس کی تیاری دیگر تمام ممالک میں بند کی جاچکی ہے۔

یہ بھی دیکھیں: کرولا آلٹس 2014 پر ویڈیو تبصرہ

تھائی لینڈ کے لیے پیش کی جانے والی 1600 سی سی کرولا آلٹِس کے انجن کی کارکردگی کو بہتر کیا گیا ہے۔ یہ انجن پہلے 122 بریک ہارس پاور اور 154 نیوٹن میٹرک ٹارک فراہم کرتا تھا تاہم اب 5-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ 125 بریک ہارس پاور اور 157 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرے گا۔ جبکہ 1800 سی سی انجن CVT-i ٹرانسمیشن کے ساتھ 139 بریک ہارس پاور اور 177 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ Esport نوربورگرينگ ایڈیشن کے دونوں ورژنز میں مذکورہ 1800 سی سی انجن لگایا گیا ہے۔

نئی تھائی کرولا آلٹِس کے بیرونی حصے میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں۔ یہاں آپ کو اگلی جانب نئی ایل ای ڈی لائٹس اور دائیں و بائیں جدید آئینے (سائڈ مررز) نظر آئیں گے جو گاڑی کے لاک کے ساتھ خود کار طریقے سے کھلنے اور بند ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ دوسری جانب Esport نوربورگرينگ ایڈیشن کے باہری حصے میں کئی ایک تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ٹویوٹا ریسنگ ڈیولپمنٹ (TRD) کے تیار کردہ انداز کے اگلے حصے میں دھند میں نظر آنے والی ‘فوگ لائٹس’ کا اضافہ ، نوربورگرينگ ایڈیشن کا نشان (badge) اور 17 انچ کے پہیے بہت نمایاں ہیں۔

کرولا آلٹِس کے اندرونی حصے پر نظر دوڑائیں تو وہاں آپ کو نئے چمڑے سے مزین اسٹیئرنگ ویل کے پیچھے موجود انسٹرومنٹ کلسٹر (instrument cluster) میں نئے گرافکس، مختلف اشاروں کی جگہ میں تبدیلی اور رنگا رنگ ڈسپلے نظر آئے گا۔ اس کے علاوہ پچھلی نشستوں کو جھکانے کی بھی سہولت دی گئی ہے جس سے مسافروں کو زیادہ آرامدے سفر کا موقع ملے گا۔ گاڑی میں موجود ایئر کینڈیشن کے ساتھ جدید نظام Nanoe بھی شامل ہے جو گاڑی میں خنکی کم کرنے کے لیے شفاف ہوا کے ساتھ نمی بھی فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک اوریئل پروسمیٹک بمقابلہ ٹویوٹا کرولا آلٹس گرانڈے

کرولا آلٹِس ESport نوربورگرينگ ایڈیشن کو ممتاز رکھنے کے لیے منفرد خصوصیات سے آراستہ کیا گیا ہے۔ سیاہ چمڑے کی نشستوں پر سرخ رنگ کا کام اور ESport کا نشان کندہ ہے۔ سرخ و سیاہ چمڑے کا اسٹیئرنگ ویل اور انہی رنگوں کے پائیدان، نئی شفٹ نوب (shift knob)، نیوی گیشن اور DVD چلانے کی اہلیت رکھنے والے جدید تفریحی نظام بھی اس کا حصہ ہیں۔

1600 سی سی تھائی ٹویوٹا کرولا آلٹِس کے قیمت 779,000 باہت (2280679 پاکستانی روپے) ہے جبکہ 1800 سی سی انجن والی کرولا آلٹِس کی قیمت 1,079,000 باہت (3159343 پاکستانی روپے) ہے۔ سرخ رنگ کی ESport نوربورگرينگ ایڈیشن کی قیمت 942,000 باہت (2758203 پاکستانی روپے) جبکہ یہی گاڑی سفید رنگ میں خریدنا چاہیے تو صارفین کو 952,000 باہت (2788057 پاکستانی روپے) ادا کرنا ہوں گے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.