‘زیرو’ پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں ‘نیا ہیرو’

0 25,487

نمبر زیرو بظاہر پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں نیا ہیرو بن چکا ہے، اور چنگان ایلسوِن کا معاملہ اس کو ثابت کرتا ہے۔ نہیں سمجھ آئی؟ پریشان نہ ہوں، ہم ہیں ناں سمجھانے کے لیے؟

تو خبروں کے مطابق چنگان ماسٹر موٹرز کو حال ہی میں لانچ کی گئی ایلسوِن کے 17,000 پری بُکنگ آرڈرز مل چکے ہیں۔ اس لیے کمپنی نے بکنگ بند کر دی ہے۔ مختلف میڈیا اداروں اور ویب سائٹس نے یہ سمجھا ہے کہ کیونکہ چنگان کو 17,000 بکنگ آرڈرز ملے ہیں، اس کا مطلب کہ انہوں نے ایلسوِن کے 17,000 یونٹس فروخت کیے ہیں، جو کہ درست نہیں ہے۔ یہ میڈیا رپورٹس مکمل طور پر غلط ہیں کیونکہ ایسا ممکن ہی نہیں ہے۔

حقیقت:

اب ہم “17,000 بکنگز” کی میڈیا رپورٹس کی حقیقت واضح کریں گے۔ دراصل چنگان نے 1,000 صارفین کے لیے 1-سال کی مفت مینٹیننس سروس کا اعلان کیا ہے، جو کہ لکی ڈرا کے ذریعے جیتے گا۔ فری سروس حاصل کرنے کے لیے 17,000 افراد نے چنگان کی ویب سائٹ پر پری-بکنگ فارم پُر کیے، جس کا مطلب ہے کہ انہوں نے 1-سال کی فری مینٹیننس حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی، البتہ 1,000 افراد نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا۔ سادہ الفاظ میں یہ کہ کمپنی نے صرف دو دن میں ایلسوِن کے ہزاروں یونٹس نہیں بیچے ؛ بلکہ یہ ان افراد کی تعداد ہے جو مفت سروس چاہتے تھے، تو بس اتنی سی بات ہے۔

کتنی گاڑیاں بیچی جا سکتی ہیں؟

آئیے آپ کو بتاتے ہیں کہ چنگان جون 2021ء تک کتنی گاڑیاں بنا سکتا اور ڈلیور کر سکتا ہے۔ ہماری خبروں کے مطابق چنگان ماسٹر موٹرز اس وقت 10 ایلسوِن گاڑیاں روزانہ بنا رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ یہ اپنے مینوفیکچرنگ پلانٹ پر نان اسٹاپ کام کرے تو مہینے میں 300 گاڑیاں بنا سکتا ہے۔ تو 300 گاڑیاں مہینے کا مطلب ہے کہ یہ جون تک زیادہ سے زیادہ 1800 گاڑیاں بنائے گا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ چنگان نے اعلان کیا ہے کہ وہ جون 2021ء میں ایلسوِن ڈلیور کرے گا۔ اس لیے حساب کتاب ظاہر کرتا ہے کہ ممکنہ تعداد 1,700 ہوگی، 17,000 نہیں۔

‘پبلک بکنگ’ کا انوکھا معاملہ: 

اس پورے پری-بکنگ منظرنامے کا ایک اور پہلو یہ ہے کہ چنگان نے اعلان کیا تھا کہ صرف ایک لکی ڈرا جیتنے والا 11 سے 13 جنوری تک نئی سیڈان بک کروا سکتا ہے۔ کمپنی کا کہنا تھا کہ “عوام کے لیے بکنگ کا آغاز 14 جنوری سے ہوگا۔” البتہ بعد ازاں یہ کہا گیا کہ لوگوں نے، جو لکی ڈرا میں حصہ لینے والوں کی فہرست میں بھی شامل نہیں، 11 سے 13 جنوری کے دوران ایلسوِن بک کروائی۔ جبکہ 14 جنوری کو جب لوگ چنگان ڈیلرشپ پر اپنے پے آرڈرز لے کر پہنچے تو کمپنی بکنگ بند کر چکی تھی، جس کا کہنا تھا کہ اسے کافی آرڈر مل گئے ہیں، یعنی لوگ نئی سیڈان کی بکنگ نہیں کروا سکتے۔

صارفین کی بڑی تعداد نے اس پر اعتراض کیا اور احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نئی ایلسوِن بک کروانے کا موقع نہیں ملا۔ اس کے علاوہ کمپنی نے اس حوالے سے اب تک کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

‏MG کا معاملہ:

اسی طرح ایسی ہی غیر مصدقہ رپورٹس MG موٹرز کے حوالے سے بھی گردش میں رہیں۔ یہ رپورٹس بتاتی ہیں کہ MG نے لانچ ہونے کے بعد ہی MG HS کے 10,000 یونٹس بک کر لیے ہیں۔ البتہ پاک ویلز نے اس خبر کو غلط ثابت کیا ہے، جیسا کہ ہم نے بتایا کہ یہ تکنیکی طور پر ممکن نہیں۔ ہمیں یہ سمجھنا چاہیے کہ MG موٹرز نے آٹو ڈیولپمنٹ پالیسی ‏2016-21ء کے تحت حال ہی میں گرین فیلڈ اسٹیٹس حاصل کیا ہے۔

اس پالیسی کے تحت ہر کار مینوفیکچرنگ کمپنی ٹیکس پر رعایت کے لیے اپنے ماڈلز کے کسی ویرینٹ کے 100 یونٹس ہی امپورٹ کر سکتا ہے۔ مثلاً MG اپنی گاڑی HS اور اس کے الیکٹرک ویرینٹ ZS کے 100 یونٹس 50 فیصد کسٹمز ڈیوٹی پر درآمد کر سکتا ہے جبکہ سیلز ٹیکس اور ریگولیٹری ڈیوٹی مکمل ادا کرنا ہوگی۔ جبکہ کمپنی کو اپنے 101 ویں CBU یونٹ پر 100 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ادا کرنا ہوگی۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ADP کہتا ہے کہ کمپنی کو صرف تب فائدہ ہوگا جب وہ مقامی سطح پر اپنی گاڑی تیار کرے گی۔ ورنہ اسے تمام CBU یونٹس پر مکمل ڈیوٹی اور ٹیکس ادا کرنا ہوں گے۔

اس کے علاوہ اگر ہم کووِڈ-19 کی وجہ سے موجودہ انٹرنیشنل مارکیٹ حالات دیکھیں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ یہ ناممکن ہے کہ 10,000 گاڑیاں امپورٹ کرنے کے لیے کنٹینرز حاصل کیے جائیں۔ درآمدات کو بندرگاہوں پر تاخیر کا سامنا ہے جو کووِڈ-19 کی پابندیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں یا تو رُکی ہوئی ہیں یا پھر ان میں کمی آئی ہے۔

اس لیے ہم کہنا چاہتے ہیں کہ میڈیا اداروں کو لوکل کار مینوفیکچرنگ انڈسٹری کو سمجھنے کے بعد اس طرح کی خبریں پیش کرنی چاہئیں۔ یہ نمبر پڑھنے میں تو بہت اچھے لگتے ہیں؛ لیکن یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایسا ممکن بھی ہے یا نہیں۔ پاک ویلز میں ہم آپ کو باقاعدہ تحقیق اور تصدیق کے بعد آٹو انڈسٹری کی خبریں دیتے ہیں کیونکہ ہم پاکستان آٹو مارکیٹ کے بارے میں جانتے ہیں اور یہ بھی کہ یہ کس طرح کام کرتی ہے۔

مزید نیوز، ویوز اور ریویوز کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.