موٹر وے پر ٹک ٹاک وڈیوز بنائیں اور بھاری جرمانہ پائیں!

1 5,426

موٹر وے پولیس نے ایک کار ڈرائیور پر بھاری جرمانہ لگایا ہے جو M-3 موٹر وے پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹک ٹاک وڈیو بنا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ شخص موٹر وے پر غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کا مظاہرہ کر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ “وہ اپنے دوستوں کے ساتھ ٹک ٹاک وڈیوز بنا رہا تھا۔”

پولیس نے CCTV کیمروں کے ذریعے قانون کی خلاف ورزی ہوتے دیکھنے کے بعد اسے روکا۔ “انہیں غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، لائسنس نہ ہونے، لینز کی خلاف ورزی اور ٹریفک کے بہاؤ کو متاثر کرنے پر جرمانے کیے گئے۔” پولیس نے کہا۔

TikTok Motorway

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پولیس نے کسی ٹک ٹاک کے دیوانے کو پکڑا ہو۔ گزشتہ سال سیالکوٹ میں پولیس نے ایک ٹک ٹاک اسٹار کو گرفتار کیا کہ جو ایک بھکاری کے روپ میں گھوم رہا تھا۔ شک پڑنے پر پولیس نے اسے گرفتار کیا تو اس کا چہرہ دھونے کے بعد پتہ چلا کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک وڈیو میکر ہے۔

پولیس نے اس سے امریکی ڈالرز، برطانوی پاؤنڈز اور سعودی ریال بھی برآمد کیے۔

فروری 2021 میں موٹر وے پر سفر کرنے والے ڈرائیورز کو اضافی احتیاط کا مشورہ دیا گیا تھا کیونکہ انہیں کسی بھی صورت میں حدِ رفتار سے زیادہ چلانے پر جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس نے ملتان-سکھر M-5 موٹر وے پر دنیا کا بہترین اور جدید ترین انٹیلی جینس ٹرانسپورٹ سسٹم نصب کیا ہے۔

پولیس نے اس سسٹم کو انسٹال کرنے کے بعد سفر کرنے والوں کو وارننگ جاری کی۔ اس نئے سسٹم کے کیمرے تیز رفتاری سے چلنے والی یا کسی بھی قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑی کی خود کار طور پر تصویر لے لیتے ہیں۔

ملتان-سکھر موٹروے:

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ملتان-سکھر موٹر وے پاکستان کی سب سے بڑی قومی شاہراہ ہے اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا اہم حصہ ہے۔ 292 کلومیٹرز طویل یہ شاہراہ 2.89 ارب ڈالرز کی لاگت سے بنائی گئی ہے۔ یہ سڑک ملتان، شجاع آباد، بہاولپور، اچ شریف، رحیم یار خان، صادق آباد، گھوٹکی، پنو عاقل اور سکھر کو آپس میں ملاتی ہے۔

اس کے علاوہ اس موٹر وے نے قومی شاہراہ کے مقابلے میں ان شہروں کے درمیان سفر کو 75 کلومیٹرز کم کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ سفر کا دورانیہ بھی 6 گھنٹے سے کم ہوتے ہوئے ساڑھے 3 گھنٹے ہو گیا ہے۔ حکومت نے ستمبر 2019 میں اس موٹر وے کا افتتاح کیا تھا۔

اس کے علاوہ اگلے مرحلے کی تعمیر کی تیاریاں جاری ہیں جس میں سکھر سے حیدر آباد کے درمیان موٹر وے بنائی جائے گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.