آٹھ سستی کاریں جو آپ 5 لاکھ روپے میں خرید سکتے ہیں

0 9,153

کیا آپ کے پاس زیادہ پیسے نہیں ہیں اور آپ کراچی جیسے بڑے شہر میں کار خریدنا چاہتے ہیں؟ تو پریشان نہ ہوں، ہم ہیں نا! ہم نے اُن 8 سستی کاروں کی فہرست تیار کی ہے کہ جو آپ کراچی میں رہتے ہوئے 5 لاکھ روپے میں خرید سکتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور کاروں کی قیمتوں میں ہوشرُبا اضافے کی وجہ سے کار خریدنے کے لیے پانچ لاکھ روپے بہت بڑی رقم نہیں ہے۔ لیکن پھر بھی آپ کے پاس اپنے بجٹ کے مطابق کار خریدنے کے لیے کافی آپشنز موجود ہیں۔ 

سوزوکی مارگلا

سوزوکی مارگلا دراصل سوزوکی بلینو اور سوزوکی لیانا کا پرانا ورژن ہے۔ یہ فیملی سیڈان جب متعارف کروائی گئی تھی تو کافی مشہور  ہوئی۔ یہ 1300cc انجن کے ساتھ آئی تھی کہ جس کے ساتھ مینوئل گیئر بکس لگا ہوا تھا۔ یہ GL، GL پلس اور GLX ویرینٹس میں آئی۔ سوزوکی مارگلا کا انٹیریئر پہلی جنریشن کی سوزوکی کلٹس جیسا ہے۔ اس میں پاور ونڈوز اور پاور مررز جیسے فیچرز نہیں ہیں، کہ جو بعد میں سوزکی بلینو میں متعارف کروائے گئے۔ یہ کار انٹیریئر اور ڈِگی میں کافی گنجائش رکھتی ہے کہ جس میں آپ اپنا ساز و سامان رکھ سکتے ہیں۔ آپ اچھی کنڈیشن کی سوزوکی مارگلا 5 لاکھ روپے سے کم میں باآسانی خرید سکتے ہیں۔ 

ہونڈا سوِک 

ہونڈا سوِک پاکستانیوں کی پسندیدہ ترین گاڑیوں میں سے ایک ہے۔ آپ 1997ء اور اس سے پہلے کے ماڈل کی بہت اچھی کنڈیشن کی ہونڈا سوِک 5 لاکھ روپے میں باآسانی خرید سکتے ہیں۔ اس جنریشن کی سوِک پاور وِنڈوز، پاور مررز، پاور اسٹیئرنگ، کیسٹ پلیئر اور ایئر کنڈیشننگ جیسی سہولتیں رکھتی ہے۔ یہ ایک بڑی فیملی سیڈان ہے کہ جس کی ڈِگی میں سامان رکھنے کی کافی گنجائش ہے۔ یہ گاڑی1600cc انجن کے ساتھ آئی تھی کہ جو کافی طاقت اور رفتار رکھتا ہے۔ یہ مینوئل اورآٹومیٹک دونوں ٹرانسمیشنز کے ساتھ آئی۔ اس جنریشن کی ہونڈا سوِک کی مرمت و دیکھ بھال اور چلانے کی لاگت عموماً زیادہ ہوتی ہے۔ اس کی ری سَیل اب بھی ہے اور آپ اسے بعد میں باآسانی فروخت بھی کر سکتے ہیں۔ 

کِیا کلاسک 

کِیا کلاسک پاکستان میں فیملی سیڈان کے طور پر کِیا کی گاڑی تھی۔ یہ 1300cc انجن کی حامل ہے کہ جو مینوئل ٹرانسمیشن سے جڑا ہوا ہے۔ کلاسک میں پاور ونڈوز، پاور لاکس، پاور مررز اور پاور اسٹیئرنگ جیسے فیچرز نہیں ہیں۔ یہ ایسی سیڈان تھی کہ جس کا انٹیریئر کشادہ اور ڈِگی میں سامان رکھنے کی کافی گنجائش تھی۔ ایک اچھی کنڈیشن کی کِیا کلاسک کراچی میں 5 لاکھ روپے سے کم میں مل سکتی ہے۔ کیا کلاسک کی مرمت اور دیکھ بھال مہنگی پڑ سکتی ہے کیونکہ اس کے اسپیئر پارٹس باآسانی دستیاب نہیں ہیں اور باہر سے منگوانے پڑتے ہیں۔ پھر اس کی ری سال مارکیٹ بھی بہت زیادہ نہیں ہے۔ 

ٹویوٹا کرولا

آپ کراچی میں 1980ء اور 1990ء کی دہائی کی ٹویوٹا کرولا باآسانی 5 لاکھ روپے میں خرید سکتے ہیں اس جنریشن کی کرولا زبردست فیچرز کے ساتھ آئی تھی کہ جس میں پاور ونڈوز، پاور مررز، پاور اسٹیئرنگ، پاور لاکس اور ایئر کنڈیشننگ شامل تھیں۔ یہ 1300cc انجن کے ساتھ آئی کہ جو مینوئل ٹرانسمیشن رکھتا ہے۔ اس جنریشن کی ٹویوٹا کرولا اپنی پائیداری کی وجہ سے مشہور ہے اور اس کو بہت کم دیکھ بھال کی ضرورت پڑتی ہے۔ پھر ٹویوٹا کی گاڑی ہونے اور مقامی طور پر اسمبل ہونے کی وجہ سے اس کے پرزے باآسانی دستیاب ہیں۔ یہ شہر کے اندر اور شاہراہوں پر ایندھن پر بھی کافی بچت دیتی ہے۔ 

ہونڈا سٹی 

ملک میں ہونڈا کی مقبولیت کے رازوں میں سے ایک ہونڈا سٹی ہے۔ آپ کراچی میں 2002ء یا اس سے پہلے کی ہونڈا سٹی EXi پانچ لاکھ روپے کے بجٹ میں حاصل ر سکتے ہیں۔ ہونڈا سٹی انٹری لیول کی فیملی سیڈانز میں پاکستان کا ایک مقبول نام ہے۔ ہونڈا سٹی کی یہ جنریشن 1300cc انجن کے ساتھ آتی ہے جو آٹومیٹک یا مینوئل ٹرانسمیشن رکھتا ہے۔ فیچرز میں کیسٹ پلیئر، ایئر کنڈیشننگ، پاور اسٹیئرنگ اور پاور ونڈوز شامل ہیں۔ اگر آپ زیادہ سامان لے جانے کے لیے بڑی ڈِگی رکھنے والی کشادہ کار لینا چاہ رہے ہیں تو اس جنریشن کی ہونڈا سٹی آپ کے لیے مناسب ہوگی۔ ہونڈا سٹی بھی اچھی ری سیل مارکیٹ رکھتی ہے اور اس کی دیکھ بھال پر کافی کم لاگت آتی ہے۔ فیول اکانمی بھی اس جیسی دوسری گاڑیوں جتنی اچھی ہے۔ 

نِسان سنی 

نِسان سنی پاکستان میں متعارف کروائی گئی نسان کی فیملی سائز سیڈان تھی اور اسے کافی مقبولیت حاصل رہی ہے۔ بلاشبہ نسان سنی ایک زبردست اور پائیدار گاڑی ہے۔ یہ 1300cc انجن کے ساتھ آئی کہ جس میں مینوئل یا آٹومیٹک ٹرانسمیشن ہوتی تھی۔ آپ کراچی میں 1990ء کی دہائی کے اواخر کا کوئی نسان سنی ماڈل 5 لاکھ روپے میں خرید سکتے ہیں۔ نسان سنی کا سب سے مشہور ماڈل EX سیلون ہے، جو پاور ونڈوز، پاور مررز، ایئر کنڈیشننگ اور کیسٹ پلیئر کے ساتھ آیا۔ نسان سنی 1600cc انجن کے ساتھ بھی پیش کی گئی۔ اس کی مرمت اور دیکھ بھال پر آنے والی لاگت زیادہ ہے کیونکہ یہ پرانی کار ہے اور اس کی ری سیل مارکیٹ بھی بہت اچھی نہیں ہے۔ 

شیورلے جوائے 

اگر آپ پاور ونڈوز، پاور لاکس، پاور مررز، پاور اسٹیئرنگ اور ایئر کنڈیشننگ جیسے فیچرز رکھنے والی چھوٹی ہیچ بیک دیکھ رہے ہیں تو شیورلے جوائے ایک اچھا آپشن ہو سکتا ہے۔ شیورلے جوائے 4 سلنڈر 1000cc EFI انجن کے ساتھ آئی کہ جس میں مینوئل ٹرانسمیشن تھی۔ یہ بہت زیادہ کشادہ گاڑی نہیں ہے اور بہت چھوٹی ڈِگی رکھتی ہے۔ البتہ اپنے سائز اور شکل و صورت کی وجہ سے شہر کے اندر اس کی ڈرائیونگ بہت آسان ہے۔ دیکھ بھال مشکل ہو سکتی ہے کیونکہ یہ گاڑی بننا اب بند ہو چکی ہے؛ لیکن آپ کو مقامی وینڈرز کے پاس اس کے اسپیئر پارٹس ضرور مل جائیں گے۔ آپ کراچی میں ایک اچھی کنڈیشن کی شیورلے جوائے 5 لاکھ روپے سے کم میں خرید سکتے ہیں۔ 

سوزوکی مہران

اگر یہ سارے آپشنز نکال دیے جائیں تب آپ سوزوکی مہران کا رُخ کر سکتے ہیں۔ یہ باآسانی دستیاب ہے اور اسے دوبارہ فروخت کرنابھی کوئی مشکل نہیں۔ سوزوکی مہران 800cc کا انجن رکھتی ہے جو مینوئل ٹرانسمیشن کے ساتھ آتا ہے۔ یہ کار پاور ونڈوز، پاور اسٹیئرنگ اور پاور مررز جیسے عمدہ فیچرز نہیں رکھتی۔ یہ مارکیٹ میں دستیاب سادہ ترین کار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی روزمرہ دیکھ بھال اور مرمت دوسری کاروں کے مقابلے میں سستی ہے۔ مہران اچھی فیول اکانمی بھی دیتی ہے اور اپنے چھوٹے سائز کی وجہ سے اسے شہر میں چلانے میں آسانی ہوتی ہے۔ آپ کراچی میں 5 لاکھ روپے میں اچھی کنڈیشن کی حامل اور نسبتاً نئی مہران باآسانی خرید سکتے ہیں۔ 

اس بارے میں اپنے خیالات نیچےتبصروں میں پیش کریں اور مزید معلوماتی خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.