اٹلس ہونڈا کے منافع میں 30 فیصد کمی

0 153

اٹلس ہونڈا لمیٹڈ نے موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے اپنے مالیاتی نتائج ظاہر کردیے ہیں، جو کمپنی کے منافع میں 30 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ 

اٹلس ہونڈا ملک میں سب سے بڑا اور سب سے زیادہ مانا جانے والا موٹر سائیکل مینوفیکچرر ہے جو اپنی پروڈکٹس کی وسیع رینج کے ساتھ طویل عرصے سے مارکیٹ پر غالب ہے۔ ایک معروف ادارے کے منافع میں اس حد تک کمی ملک میں معیشت کی بگڑتی ہوئی حالت  کی طرف اشارہ کرتی ہے۔ ظاہر کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کا 30 فیصد کمی کے ساتھ 842 ملین روپے ہو گیا جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں یہ 1.19 ارب روپے تھا۔ پروڈکٹس کی قیمتوں میں اضافے کا رحجان بھی کمپنی کے منافع پر مثبت اثر نہیں ڈال سکا۔ البتہ اس نے اٹلس ہونڈا کی سیلز میں 3.18 فیصد کا اضافہ ضرور کیا ہے جو پچھلے سال کے 22.12 ارب روپے کے مقابلے میں اس سال 22.83 ارب روپے رہی۔ مجموعی طور پر موٹر سائیکل مینوفیکچرر اِس عرصے کے دوران 2,91,038 یونٹس فروخت کر پایا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں فروخت ہونے والے 3,11,951 یونٹس کے مقابلے میں 6.7 فیصد کی کمی ہے۔ 

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گھٹتی ہوئی قدر اخراجات میں بہت زیادہ اضافے کا سبب بنی۔ نتیجتاً مجموعی مارجن میں بہت کمی آئی۔ اس کے علاوہ دیگر آپریٹنگ اخراجات، بشمول سیلز، مارکیٹنگ اور انتظامی اخراجات، میں بھی اضافہ  ہوا۔ اس عرصے میں سیلز اور مارکیٹنگ اخراجات میں 9 فیصد اضافہ رپورٹ کیا گیا۔ کل 524.1 ملین روپے تشہیری سرگرمیوں پر خرچ کیے گئے۔ آپریٹنگ اور فائنانشل چارجز 169.7 ملین روپے تھے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10.6 فیصد زیادہ تھے۔ البتہ انتظامی اخراجات بدستور اتنے ہی رہے۔ آمدنی فی حصص (EPS) گزشتہ سال کی 9.63 روپے سے گھٹ کر 6.79 روپے رہ گئی۔ 

اٹلس ہونڈا پاکستان کے پسندیدہ ترین برانڈز میں سے ایک کی حیثیت سے ملک میں بڑا مارکیٹ شیئر رکھتا ہے۔ کمپنی نے صارفین کو وسیع تر رینج فراہم کرنے کے لیے اپنی پروڈکٹ لائن اپ میں نئے ماڈلز بھی متعارف کروائے ہیں۔ البتہ CD70 اور CG125 بدستور کمپنی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی موٹر سائیکلیں ہیں۔ اس وقت کئی چینی ادارے ملک کے موٹر سائیکل سیکٹر میں داخل ہو چکے ہیں، جو اٹلس ہونڈا کے لیے سخت چیلنج رکھتے ہیں۔ ان کی موٹر سائیکلوں خاص طور پر 70cc کی کیٹیگری کی قیمتیں بھی ہونڈا سے کہیں کم ہیں اور اقتصادی سست روی اور گھٹتی ہوئی قیمتِ خرید کے اس دور میں یہ کمپنیاں مارکیٹ میں   زیادہ حصہ پا سکتی ہیں۔ 

اس بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟ نیچے تبصروں میں ہمیں ضرور بتائیں اور مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.