‏NYIAS 2019ء‎ میں ہیونڈائی وینیو کراس اوور کی رونمائی

0 171

ہیونڈائی نے نیو یارک انٹرنیشنل آٹو شو 2019ء میں اپنی بنیادی نوعیت کی کراس اوور وینیو (Venue) کی رونمائی کردی ہے۔ 

نیو یارک انٹرنیشنل آٹو شو ایک زبردست 10 روزہ ایونٹ ہے جو 19 اپریل کو شروع ہوا اور 28 اپریل تک جاری رہے گا۔ سب سے بڑا آٹو ایونٹ جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیوں کی غیر معمولی کلیکشن کے ساتھ جدید ترین رحجانات متعارف کروانے کے لیے معروف ہے۔ جنوبی کوریائی آٹو مینوفیکچرر ہیونڈائی بھی اس میگا ایونٹ میں شرکت کر رہا ہے جو اپنی آنے والی گاڑیوں کی نمائش کر رہا ہے جن میں ہیونڈائی وینیو بھی شامل ہے جو کمپنی کی لائن اپ میں نیا اضافہ ہے۔ ہیونڈائی وینیو کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ آٹو میکر کی کراس اوور لائن اپ کی سب سے سستی گاڑی ہوگی۔ واضح رہے کہ یہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی متعارف کروائی گئی ہے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ یہ کراس اوور صارفین کے لیے کیا کچھ پیش کرتی ہے۔

پاور ٹرین: 

شمالی امریکا کی آٹو مارکیٹ میں متعارف کردہ ہیونڈائی وینیو کا ورژن 1.6 لیٹر 4-سلینڈر انجن رکھتی ہے جو 6-اسپیڈ مینوئل یا continuously variable transmission یعنی CVT سے لیس ہے۔ 

ایکسٹیریئر: 

ہیونڈائی وینیو 3995 ملی میٹر لمبی، 1770 ملی میٹر چوڑی اور 1590 ملی میٹر اونچی ہے۔ ہیونڈائی وینیو کمپنی کی SUV سانتا فی اور پیلاسیڈ کے انداز سے مماثلت رکھتی ہے۔ البتہ یہ ہیونڈائی کونا کا کومپیکٹ ورژن ہے۔ اس کے سامنے کا کروم ریڈی ایٹر گرِل ڈیزائن زبردست منظر پیش کرتا ہے۔ ہیونڈائی وینیو کا سامنے سے نظر آنے والے مضبوط حصے کو اسپلٹ-ٹائپ ہموار ہیڈلائٹس سے تقویت ملتی ہے۔ نیچے خوبصورت فوگ لیمپس ہیں جو خراب موسمی حالات میں ڈرائیور کے نظر آنے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے لگائے گئے ہیں۔ یہ کروم ڈور ہینڈلز اور چھت کا ہموار ڈیزائن رکھتی ہے جو سڑک پر SUV کا تاثر بڑھاتے ہیں۔ پیچھے کی جانب یہ ایسی ٹیل لائٹس کی حامل ہے جو چوکور شکل کی ہے لیکن اتنی زیادہ متاثر کن نہیں لگتیں۔ یہ گاڑی 17 انچ کے خوبصورت الائے ویلز رکھتی ہے۔ کمپنی نے چھت پر ایک شارک فِن انٹینا بھی لگا رکھا ہے۔ 

انٹیریئر: 

کیبن کے اندر سرمئی اور ہلکے سرمئی رنگ کا دو رنگی انٹیریئر ہے جس کے چند حصوں پر سلور کی سجاوٹ ہے۔ ڈیش بورڈ کے درمیان میں فلوٹنگ ٹچ اسکرین نصب ہے۔ فرنٹ پر 4 ایئر وینٹس ہیں جو چوکور شکل کے اور کناروں سے گول ہیں۔ اس نئی SUV میں ایک پاور سن روف بھی موجود ہے جو آجکل معیار بن چکا ہے۔ انفارمیشن کلسٹر ایک روشن ڈسپلے ہے جو اسپیڈ اور ریولیوشنز میٹر کے ساتھ ہے۔ یہ متعددفوری پیرامیٹرز بھی دکھاتا ہے جیسا کہ فیول گیج، انجن ہیٹ لیول انڈی کیشن، ٹرپ میٹر وغیرہ۔ پچھلی نشستیں اضافی سامان کی گنجائش کے لیے اسپلٹ-فولڈ ڈاؤن کا 60/40 تناسب رکھتی ہیں۔ 

فیچرز اور کنیکٹیوٹی: 

کومپیکٹ SUV حیران کن طور پر متعدد ہائی ٹیک اور جدید فیچرز سے لیس ہے۔ 3-اسپوک اسٹیئرنگ ویل ٹلٹ اور ٹیلی اسکوپک ایڈجسٹمنٹ کے ساتھ کروز کنٹرول اور دیگر ملٹی میڈیا فیچرز رکھتا ہے۔ یہ آٹومیٹک کلائمٹ کنٹرول اور ٹریکشن کنٹرول سے بھی لیس ہے۔ جہاں تک کنیکٹیوٹی فیچرز کا تعلق ہے یہ کیبن کے اندر USB، AUX اور 12V چارجنگ ڈوک رکھتی ہے۔ 8 انچ ٹچ اسکرین ڈسپلے ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو کے ساتھ کام کرتے ہوئے انٹرٹینمنٹ سسٹم فراہم کرتا ہے۔ 

سیفٹی فیچرز: 

ہیونڈائی وینیو میں استعمال شدہ ملٹی سینسر ٹیکنالوجی یہ جدید سیفٹی فیچرز پیش کرتی ہے: 

فارورڈ کولیژن-اوائیڈنس اسسٹ ، پیڈسٹیرین ڈٹیکشن کے ساتھ 

ڈرائیور اٹینشن وارننگ 

لین کیپنگ اسسٹ 

بلائنڈ اسپاٹ کولیژن وارننگ 

ریئر کراس-ٹریفک کولیژن اوائیڈنس اسسٹ 

قیمت: 

کومپیکٹ SUV کے بنیادی ماڈل کی امریکا میں قیمت 20,000 ڈالرز سے کم متوقع ہے۔ 

جیسا کہ ہم نے پہلے کہا کہ ہیونڈائی وینیو کی رونمائی ہیونڈائی موٹر انڈیا بھی کر چکا ہے اور توقع ہے کہ یہ ماڈل 21 مئی 2019ء کو ملک میں لانچ کر دیا جائے گا۔ بھارت میں وینیو کی متوقع قیمت 7 سے 12 لاکھ بھارتی روپے (ایکس فیکٹری) ہوگی۔ کیونکہ یہ بھارت کی آٹو مارکیٹ میں آنے کے لیے تیار ہے اس لیے اماکنات ہیں کہ ہیونڈائی مستقبل میں اسے پاکستان میں بھی متعارف کروائے۔ پاکستان کے مقامی سیکٹر میں ایک کومپیکٹ SUV کا اضافہ آٹو مینوفیکچرر کے لیے ایک اچھا قدم ہوگا۔ یہ صرف اندازہ ہے، ہمیں انتظار ہی کرنا ہوگا کہ آٹو میکر کیا فیصلہ کرتاہے۔ 

ایسی ہی مزید مقامی اور عالمی آٹوموبائل انڈسٹری کی خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔ اپنے تبصروں نیچے دی گئی جگہ میں کیجیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.