ٹیسلا ماڈل 3 کی بھارت آمد کی تصدیق؛ قیمت کا بھی اعلان کردیا گیا

0 84

برقی گاڑیوں میں ٹیسلا اور ایپل کو روایتی حریف سمجھا جاتا ہے۔ لیکن یہ بات بھی درست ہے کہ ایپل اب تک آئی فون اور آئی پیڈ بنانے والے ادارے کے طور پر ہی خود کو منوا سکا ہے۔ دوسری طرف ٹیسلا بہت تیزی سے برقی گاڑیوں کی تیاری و فروخت ممکن بنانے کے لیے سر گرم عمل ہے۔ اس کی ایک مثال ٹیسلا ماڈل 3 سے لی جاسکتی ہے جو اب ٹیسلا کے روح رواں ایلون مُسک کے وعدے کے عین مطابق بھارت سمیت برازیل، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، نیوزی لینڈ، سنگاپور اور آئرلینڈ جیسے ممالک میں بھی پیش کی جائے گی۔

اب سے چند روز قبل ٹیسلا نے ایک خصوصی تقریب میں ماڈل 3 سیڈان کا جلوہ دکھایا تھا۔ اس موقع پر ایلون مُسک نے اس بات کی تصدیق بھی کی تھی کہ وہ دیگر ممالک کے ساتھ بھارت میں بھی ماڈل 3 کی تیاری شروع کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ بہرحال، اس وقت ٹیسلا نے ایک ہزار امریکی ڈالر کے عوض ماڈل 3 کی بُکنگ شروع کردی ہے۔ یہ بُکنگ کسی بھی وقت منسوخ کروائی جاسکتی ہے اور ادا کی گئی رقم بھی واپس لی جاسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں برقی گاڑیوں کا مستقبل؛ ٹیسلا ماڈل 3 وِزل اور پرایوس کو مات دے سکتی ہے!

ٹیسلا ماڈل 3 کی دستیابی آئندہ سال 2017 کے آخر میں متوقع ہے۔ تاہم لوگوں کی دلچسپی اور بُکنگ کروانے والوں کی طویل فہرست دیکھیں تو کہا جاسکتا ہے کہ آج ٹیسلا ماڈل 3 بُک کروانے پر آپ اسے 2018 کے آخر تک ہی وصول کرپائیں گے۔

ٹیسلا ماڈل 3 کی قیمت 35 ہزار ڈالر رکھی گئی ہے جو 23 لاکھ بھارتی روپے کے مساوی ہے۔ تاہم بھارت میں مکمل تیار شدہ گاڑی منگوائی جائے تو 100 فیصد درآمد ٹیکس بھی اس قیمت میں شامل ہوجائے گی۔ ٹیسلا کے چیف انفارمیشن آفیسر جے وجین نے کہا کہ قیمت کو کم رکھنے کے لیے ٹیسلا بھارت میں اپنا کارخانہ لگانے سے متعلق منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.