جاپان کی 8 برق رفتار گاڑیاں اور ان کی اہم باتیں، جانیے سب کچھ!

0 332

عام مسافر گاڑیوں میں تو دنیا بھر میں جاپان کا کوئی ثانی نہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ تیز ترین گاڑیوں کے مقابلے میں بھی جاپان کسی سے کم نہیں ہے۔ گاڑیاں بنانے والے نامور جاپانی ادارے بشمول ٹویوٹا، ہونڈا اور نسان متعدد برق رفتار گاڑیاں پیش کرچکے ہیں جو نہ تمام ضروری خصوصیات اور سہولیات سے لیس ہیں بلکہ کافی مناسب قیمت میں بھی دستیاب ہیں۔

آئیے، اب آپ کو آٹھ برق رفتار جاپانی گاڑیوں کے بارے میں بتاتے ہیں جو آپ کو حیران کر سکتی ہیں۔

سوبارو امریزا 22B ایس ٹی آئی

1990 کی دہائی میں سوبارو نے کئی ریلی کارز متعاف کروائی اور ان ہی میں سے 22B ایس ٹی آئی ہے جس نے اپنی کارکردگی سے سب کو اپنی جانب مبذول کرلیا۔ سوبارو نے اسے اپنی 40ویں سالگرہ کے موقع پر پیش کیا اور اس گاڑی نے کئی ریلیاں جیت کر اس کا حق ادا کردیا۔ اس کی زبردست مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ سوبارو کی جانب سے تیار کردہ محدود تعداد کو فروخت ہونے میں صرف چند لگے۔

سوبارو 22B ایس ٹی آئی دراصل WRX ایس ٹی آئی پلیٹ فارم پر تیار کی گئی ہے۔ اس میں چاروں پہیوں کو قوت فراہم کرنے کے لیے ٹربو چارجڈ انجن لگایا گیا ہے جو ہر قسم کے موسمی حالات میں بخوبی کام کرسکتا ہے۔ علاوہ ازیں اس کا 2200cc ماڈل EJ22G انجن کا حامل ہے جو 276 ہارس پاور اور 363 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرسکتا ہے۔ اس انجن کے ساتھ یہ گاڑی صرف 4.6 سیکنڈ میں 0 سے 100 کی رفتار کو چھو سکتی ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 253 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

اکیورا NSX

یہ جاپانی انجینئرنگ اور اطالوی ڈیزائن کے ساتھ برازیل سے تعلق رکھنے والے ریسنگ ڈرائیور ایرتون سینا کی تجاویز کے زبردست امتزاج پر مشتمل ایک منفرد گاڑی ہے۔

اکیورا NSX کے ہائبرڈ ماڈل میں 3 برقی موٹرز اور ایک 3500cc ٹون-ٹربوچارجڈ V6 انجن شامل ہے جو 537 ہارس پاور اور 645 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرسکتا ہے۔ اس میں 9-اسپیڈ ڈیول کلچ سیمی-آٹومیٹک گیئر باکس لگایا گیا ہے جو گاڑی کی زبردست رفتار میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس کی سبک رفتاری کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ صرف 3 سیکنڈز میں یہ گاڑی 0 سے 60 میل فی گھنٹہ تک جا پہنچتی ہے البتہ اس کی سب سے زیادہ رفتار 307 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جاسکتی ہے۔

مٹسوبشی 3000GT وی آر 4

یہ گاڑی انتہائی زبردست رفتار رکھنے کے ساتھ ساتھ قابل خرید ہونے کی خصوصیت بھی رکھتی ہے۔ علاوہ ازیں گاڑیوں میں من مانی تبدیلیوں کے خواہش مند بھی مٹسوبشی کی اس گاڑی کو خاصہ پسند کرتے ہیں۔

اس میں شامل 3000cc انجن میں 24 والو اور V6 DOHC ٹربو چارجڈ ہے جسے 6-اسپیڈ مینوئل گیئر باکس سے جوڑا گیا ہے۔ یہ گاڑی 320 ہارس پاور اور 427 نیوٹن میٹر ٹارک کی مدد سے صرف 5 سیکنڈ میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرسکتی ہے جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 265 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے۔

نسان GT-R نسمو

اب سے چند سال قبل پیش کی جانے والی نسان GT-R نے تو سمجھیے آتے ہی دھوم مچادی۔ اور کیوں نہ مچاتی، آخر کو یہ اب تک کی سب سے زیادہ تیز رفتار GT-R جو ٹہری۔ اس کی باڈی کاربن- فائبر سے بنائی گئی ہے جبکہ بریکنگ سسٹم بھی کاربن-سیرامک سے تیار کردیا ہے۔ علاوہ ازیں اس کے ٹیونڈ سسپنشن اور دیگر کئی خصوصیات اسے دیگر گاڑیوں سے کافی منفرد بناتی ہیں۔

نسان نسمو میں 3800cc V6 انجن لگایا ہے جس کی ہارس پاور 600 اور ٹارک 570 نیوٹن میٹر ہے۔ اس انجن کے ساتھ 6-اسپیڈ ڈیول کلچ گئیر باکس دیا گیا ہے جو 2.7 سیکنڈ میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار چھونے میں گاڑی کی مدد کرتا ہے۔ برق رفتاری کے شوقین اس کی 315 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی بھرپور لطف اٹھا سکتے ہیں۔

لیکسز LFA

تیز ترین جاپانی گاڑی کا اعزاز رکھنے والی لیکسز LFA کو دراصل جرمنی کی مشہور ریسنگ نوربورگ‌رینگ ٹریک کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس گاڑی نے 7:13.92 کے مختصر وقت کے ساتھ جو کامیابی حاصل کی اس نے ٹویوٹا کی محنت وصول کر لی۔ گاڑی کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اب گاڑیاں بنانے والا ادارہ عام صارفین کو بھی نوربورگ‌رینگ پیکج حاصل کرنے کا موقع دے رہی ہے تاکہ وہ بھی برق رفتاری کا مزا چکھ سکیں۔

لیکسز نے اس میں 4800cc کا V10 انجن لگایا ہے جو 6-اسپیڈ مینوئل گیئر کے ساتھ 480 نیوٹن میٹر ٹارک اور 553 ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ LFA صرف 3.6 سیکنڈ میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے جبکہ اس کی سب سے زیادہ رفتار 325 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔

لیکسز IS-F

ہماری فہرست میں شامل یہ لیکسز کی دوسری گاڑی ہے۔ ایسا نہیں کہ ہم لیکسز کو کچھ زیادہ پسند کرتے ہیں بلکہ درحقیقت تیز رفتار جاپانی گاڑیوں کی بات کریں تو لیکسز IS-F کو نظر انداز کرنا ممکن ہی نہیں۔ یہ نہ صرف برق رفتاری فراہم کرنے والی گاڑیوں میں اپنی مثال آپ ہے بلکہ اس کا خوبصورت اسپورٹی ڈیزائن بھی آپ کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

انجن کی بات کریں تو اس میں 5000cc کا V8 انجن لگایا گیا ہے۔ یہ انجن 416 ہارس پاور کے علاوہ 503 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرسکتا ہے۔ انجن کے ساتھ 6-اسپیڈ مینوئل ٹرانسمیشن منسلک ہے۔ اس کی سب سے زیادہ رفتار 273 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ یہ گاڑی صرف 4.6 سیکنڈز میں 60 میل فی گھنٹہ کا ہندسہ عبور کرسکتی ہے۔

ٹویٹا سُپرا مارک IV

یہ نام برق رفتاری کے شوقین حضرات کے لیے نیا نہیں ہے۔ سُپرا ایک عرصے سے ٹویوٹا کی سب سے زیادہ مقبول برانڈ رہی ہے اور اس کی پیش قدمی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ آنے والے وقت میں اس کی مقبولیت کم نہیں ہوگی۔ ٹویوٹا نے 1993 میں سُپرا کا مارک IV ماڈل تیار کر کے اسے ایک زندگی فراہم کی تھی۔

یہ گاڑی ٹربو انجن کی حامل ہے جو 6-اسپیڈ مینوئل گیئر باکس کے ساتھ  320 ہارس پاور اور 407 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرسکتا ہے۔ یہ 4.3 سیکنڈز کے مختصر وقت میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار کو جا پہنچتی ہے۔ جاپان میں اس کی سب سے زیادہ رفتار 108 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ دنیا بھر میں 250 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہے۔

نسان 370Z

نسان کی ایک اور گاڑی جس کے بغیر تیز ترین جاپانی گاڑیوں کی فہرست ادھوری کہلائے گی۔ منفرد بھاری بھرکم انداز کی حامل یہ گاڑی نسان کے اس Z خاندان کا حصہ ہے جو اسپورٹس کار کے شعبے میں بہت زیادہ مشہور رہا ہے۔

جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، اس گاڑی میں 3700cc کا V6 انجن لگایا گیا ہے جو 332 ہارس پاور اور 365 نیوٹن میٹر ٹارک فراہم کرسکتا ہے۔ اس کے ساتھ دو مختلف گیئر باکس دیے گئے ہیں جن میں سے ایک 6-اسپیڈ مینوئل جبکہ دوسرا 7-اسپیڈ آٹومیٹک ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ یہ گاڑی صرف 5 سیکنڈز میں 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار کو چھو سکتی ہے۔

ان میں سے کون سی برق رفتار گاڑی آپ کو پسند ہے؟ اپنی رائے ہم تک ضرور پہنچائیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.