اوبر ہیونڈائی سے اُڑن ٹیکسیاں لے گا

0 227

کئی ملکوں میں کام کرنے والی رائیڈ ہیلنگ کمپنی اوُبر (Uber) نے جنوبی کوریا کے آٹومیکر ہیونڈائی (Hyundai) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں کہ وہ اسے اُڑن ٹیکسیاں فراہم کرے گا۔ ہیونڈائی مستقبل کے فضائی رائیڈ-شیئرنگ نیٹ ورک کے لیے اوبر کو اُڑن ٹیکسیاں بنا کر دے گا۔ اوبر ان ایئر ٹیکسیوں کے ڈیزائن میں ہیونڈائی کی مدد کرے گا۔ ہیونڈائی نے اوبر کے ساتھ اِس شراکت داری کا اعلان لاس ویگاس، امریکا میں ہونے والے CES کنونشن سے پہلے کیا۔ CES ایک سالانہ ٹیک ٹریڈ شو ہے۔ CES میں ہیونڈائی اپنے نئے ہوائی جہاز SA-1 کا concept یعنی تصوّر پیش کرے گا۔ اُوبر اور ہیونڈائی کے مابین اس معاہدے کا مقصد ایک آن-ڈیمانڈ ایوی ایشن کمیونٹی بنانا ہے۔ 

SA-1 ایک چار نشستوں والے جہاز کا تصوّر ہے جو اوبر کے اوپن ڈیزائن پروسس کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔ یہ ہوائی جہاز 1,000 سے 2,000 فٹ کی بلندی پر 180 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑ سکتا ہے۔ اس ہوائی جہاز کی رینج 60 میل تک ہے۔ علاوہ ازیں، یہ ایک مکمل الیکٹرک ہوائی جہاز ہے جو propellers اور متعدد rotors سے چلتا ہے۔ یہ distributed electric propulsion بھی استعمال کرے گا۔ SA-1 کے چھوٹے روٹرز اسے ہیلی کاپٹرز سے زیادہ خاموش بنائیں گے۔ گو کہ SA-1 خودکار ہوگا لیکن اسے تب بھی ایک پائلٹ یا ڈرائیور کی ضرورت ہوگی۔ 

اوبر اور ہیونڈائی کے مابین شراکت داری کے معاہدے کے تحت اوبر ایئر اسپیس سپورٹ سروسز اور کسٹمر انٹرفیس پیش کرے گا۔ ہیونڈائی ٹیکسیاں تیار اور پیش کرے گا۔ مشترکہ پریس ریلیز میں اوبر اور ہیونڈائی دونوں کا کہنا ہے کہ وہ انفرا اسٹرکچر کے تصوّرات پر کام کر رہے ہیں۔ یہ تصوّرات ایئر ٹیکسی کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے لیے ضروری بنیادی ڈھانچے اور میکانزم تیار کرنے میں مدد دیں گے۔ اُوبر نے ریئل اسٹیٹ کے شعبوں میں میک کوائر، اوک ٹری اور ہِل ووڈ پراپرٹیز جیسے اداروں کے ساتھ بھی شراکت داریاں کر رکھی ہیں۔ 

اوبر اور ہیونڈائی کے مابین معاہدہ اوبر ایلیوَیٹ (Uber Elevate) نامی نئے پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت اوبر شہر کے اندر سفر کرنے والوں کے لیے ایک مشترکہ فلائٹ سسٹم فراہم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ یہ پروگرام، جسے اوبر ایئر بھی کہا جا رہا ہے، شہری علاقوں میں ٹریفک جام کے خاتمے میں مدد دے گا۔ اوبر اپنی ضرورت کے مطابق ایئر ٹیکسیاں بنوانے کے لیے پہلے ہی آٹھ پارٹنرز رکھتا ہے۔ یہ شراکت دار بوئنگ، بیل، ایمبریئر، کیرن، پپسٹریل، جونٹ ایئر موبلٹی، ہیونڈائی اور جوبی ایوی ایشن ہیں۔ دیگر شراکت داروں میں ناسا اور جارجیا ٹیک شامل ہیں۔ 

اوبر ایلیوَیٹ 2023ء میں چند شہروں میں اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گا۔ پرواز کا عملی مظاہرہ 2020ء سے شروع ہوگا۔ ہیونڈائی پہلا اہم اور بڑا آٹوموبائل ادارہ ہے جو اُوبر کے ساتھ ملا ہے۔ اُوبر کے ساتھ تعاون کے فیصلے نے ہیونڈائی کو جدّت اختیار کرنے کے لیے نئی سمت دی ہے۔ یہ اُوبر کو اہم لاجسٹک پارٹنر اور ایک عالمی ٹرانسپورٹیشن ادارہ بننے میں مدد دے گا۔ اوبر ایلیوَیٹ کے سربراہ ایرک ایلیسن نے 2020ء CES کنونشن میں کہا کہ : 

“ہیونڈائی ہمارا پہلا وہیکل پارٹنر ہے جو عالمی پیمانے پر مسافر کاریں بنانے کا تجربہ رکھتا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہیونڈائی اوبر کے لیے اعلیٰ معیار کی، قابلِ بھروسہ اور بڑے پیمانے پر اُڑن گاڑیاں بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، وہ بھی ایسے ایسے نرخ پر جو موجودہ ایروسپیس انڈسٹری میں نہیں دیکھے گئے۔ یوں مسافروں کی فی سفر لاگت کو کم کرے گا۔” 

مزید متعلقہ خبروں کے لیے آتے رہیے اور اپنے تبصروں نیچے کیجیے۔

تصویر: THE VERGE

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.