یاماہا YBR 125 سے متعلق چند شکایات

3 168

رواں سال اپریل میں یاماہا کی جانب سے YBR 125 پیش کی گئی جسے پاکستانی مارکیٹ میں بہت پزیرائی حاصل ہوئی۔ خوبصورت اور جوشیلے ڈیزائن کی وجہ سے بائیک شوقین افراد کی توجہ کا مرکز رہی اور خود میں بھی اس سے اتنا زیادہ متاثر ہوا کہ بالآخر جولائی 2015ء میں یاماہا YBR 125 خرید ہی لی۔ لیکن مسلسل استعمال اور تقریباً 2 ہزار کلومیٹر چلانے کے بعد مجھے اس میں چند خامیاں نظر آنا شروع ہوئیں جس کے بعد میں نے یاماہا YBR 125 استعمال کرنے والے دیگر دوستوں سے اس بارے میں بات کی اور پھر مجھے اندازہ ہوا کہ اکثریت کو وہی مسائل پیش آ رہے ہیں جن کی میں نے نشاندہی کی۔

پہلا مسئلہ جو کافی شروع مجھے میں نظر آیا وہ نٹ اور بولٹس پر زنگ لگ جانے کا تھا۔ باوجودیکہ میں اپنی موٹر سائیکل کی باقاعدگی سے سروس کرواتا رہا اور برسات میں چلانے سے حتی الامکان پرہیز کیا پھر بھی پیچھے دیکھنے والے شیشوں میں لگے ہوئے نٹ اور بولٹس زنگ آلود ہوگئے۔ اس کے بعد جو دوسرا مسئلہ مجھے نظر آیا وہ بائیک فریم کے جوڑ پر چھوٹے چھوٹے نشانات تھے۔ میں نے ان مسائل کو یاماہا کے سروس منیجر تک پہنچایا جنہوں نے ان مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور ایک ہفتے کے اندر زنگ آلود شیشوں کو تبدیل کردیا گیا۔

یاماہا YBR 125 چلانے والوں سے ملاقات کے دوران ایک اور اہم مسئلہ مجھے پتہ چلا وہ کرنٹ سے متعلق تھا۔ تقریباً 70 فیصد لوگوں نے اسی مسئلہ کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 8 ہزار آر پی ایم تک پہنچ کر انجن کرنٹ دینا بند کردیتا ہے۔ خوش قسمتی سے میں ان 70 فیصد لوگوں میں شامل نہیں جنہیں یہ پیچیدہ مسئلہ درپیش ہوا۔ اس کی ایک وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ میں ہائی آکٹین اور عام پیٹرول کا مناسب امتزاج استعمال کرتا ہوں اور میں نے 1 ہزار کلومیٹر کے بعد پہلی ٹیوننگ کروائی تھی جس میں اپنا پلگ بھی تبدیل کروا لیا تھا۔

ذیل میں فیس بک پر یاماہا YBR 125 کے بارے میں ہونے والی گفتگو کے اسکرین شاٹ ہیں:

Screenshot_2015-09-05-00-08-22

Screenshot_2015-09-05-00-10-10

Screenshot_2015-09-05-00-10-29

Screenshot_2015-09-05-21-51-31

یہاں بتانا ضروری سمجھتا ہوں کہ یہ مضمون یاماہا کے خلاف نہیں ہے اور نہ ہی میرا مقصد ان لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جنہوں نے یاماہا کا انتخاب کیا۔ میرا مقصد صرف ان چھوٹی چھوٹی چیزوں کی نشاندہی کرنا ہے جن سے موٹر بائیک چلانے والوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مجھے پوری امید ہے کہ یاماہا ان مسائل سے نمٹنے میں ضرور کامیاب ہوگا اور مستقبل میں یاماہا کی دیگر موٹر بائیکس میں یہ مسائل موجود نہیں ہوں گے۔

یاماہا کی سب سے اچھی بات جو مجھے لگی وہ ان کا اپنے صارفین کے ساتھ تعاون ہے۔ انہوں نے نہ صرف شکایات کو تحمل سے سنا بلکہ انہیں حل کرنے اور بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کی۔ مجھے فخر ہے کہ میں نے یاماہا YBR 125 کا انتخاب کیا۔

اگر آپ بھی اس بارے میں اپنی رائے دینا چاہیں مثلاً کیا چیز آپ کو اچھی لگی اور کس چیز میں بہتری کی ضرورت ہے تو اس مضمون کے نیچے ضرور تبصرہ کریں!

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.