گاڑیوں کے بریکنگ سسٹم سے متعلق بنیادی معلومات

0 959

ایشیائی ممالک میں ٹریفک حادثات کی شرح مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ یورپ میں کار ساز اداروں کو قانونی طور پر پابند کیا گیا ہے کہ وہ گاڑیوں میں حفاظتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ مثال کے طور پر سال 2007 میں یورپی کمیشن کا حکم ملاحظہ فرمائیے کہ جس میں یورپ کے اندر تیار کی جانے والی تمام گاڑیوں کو 2009 تک EBA شامل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ بعد ازاں یورپ میں فروخت ہونے والی تمام گاڑیوں میں ABS کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی۔ اس مضمون میں ہم ان انتظامات اور اصطلاحات سے متعلق بات کریں گے کہ جو گاڑی میں شامل بریکنگ سسٹم کو بیان کرتے ہوئے استعمال کی جاتی ہیں۔

ایمرجنسی بریک اسسٹ (EBA)

EBA diagram

ہنگامی صورتحال میں گاڑی کے بریکس کو زیادہ موثر بنانے والے نظام کو ایمرجنسی بریک اسسٹ یا عرف عام میں EBA کہا جاتا ہے۔ ذیل میں موجود ویڈیو دیکھ کر آپ جان سکتے ہیں کہ EBA کس طرح کام کرتا ہے۔

عام رفتار سے چلنے کے دوران بریک لگانے پر گاڑی بہت آرام اور آہستگی سے رکتی ہے۔ جبکہ تیز رفتاری کے دوران ہنگامی صورتحال درپیش ہونے پر بریک کی قوت بھی زیادہ درکار ہوتی ہے۔ جتنی زیادہ گاڑی کی رفتار ہوگی ، اسے جلد از جلد روکنے کے لیے اتنی ہی زیادہ قوت درکار ہوگی۔ عام حالات میں جیسے جیسے بریک پیڈل پر دباؤ بڑھایا جائے ویسے ویسے اس کی قوت میں اضافہ ہوگا۔ لیکن ہنگامی صورتحال میں آپ کو بریک کی بھرپور قوت فوراً درکار ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ایمرجنسی بریکنگ اسسٹ (EBA) تیار کیا گیا جو بریک پیڈل کو پھرتی سے دبانے پر اس کی قوت کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ اس کے علاوہ جلدی جلدی بریک پیڈل دبانے پر اس کی کارکردگی مزید بڑھ جاتی ہے۔ اسی طرح عام طریقے سے بریک لگانے پر بھی اس کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔ ایمرجنسی بریکنگ اسسٹ سسٹم کی حامل گاڑیاں ABS اور EBD کے ساتھ مل کر زیادہ بہتر کارکردگی دکھاتا ہے بنسبت ان گاڑیوں سے کہ جن میں EBA نہیں شامل کیا جاتا۔

اینٹی-لاک بریکنگ سسٹم (ABS)

ABS

اینٹی-لاک بریکنگ سسٹم کو عرف عام میں ABS لکھا اور پکارا جاتا ہے۔ عام گاڑیوں میں (ABS کے بغیر) میں جب اچانک بریک لگایا جائے تو اس سے بریک لاک ہوجاتا ہے۔ بریک لاک ہونے سے ڈرائیور کے ہاتھوں میں موجود اسٹیئرنگ کی کارکردگی پر منفی اثر پڑتا ہے۔ جبکہ ABS کی موجودگی میں بریک لگانے کے باوجود اسٹیئرنگ کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں پڑتا اور وہ بالکل ٹھیک طریقے سے اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ ABSکے حوالے سے ایک خیال مشہور ہے کہ اس کی موجودگی میں بریک لگانے پر گاڑی فوراً رکنے کے بجائے کچھ لمحوں بعد رکتی ہے جبکہ حقیقت میں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔

الیکٹرانک بریک فورس ڈسٹری بیوشن (EBD)

EBD

گاڑی کے تمام پہیے مختلف نوعیت کا کام کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں روکنے کے لیے یکساں قوت کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں اچانک بریک لگانے پر گاڑی کا تمام تر وزن اگلے پہیوں پر منتقل ہوجاتا ہے اور دباؤ میں اضافے سے انہیں فوری رکنے میں مشکل پیش آتی ہے۔ الیکٹرانک بریک فورس ڈسٹری بیوشن یعنی EBD کو دراصل اسی مقصد کے لیے ABS کی مدد کرنے کے تیار کیا گیا ہے۔ EBD ہر پہیے کی کی تیز اور کم ہوتی رفتار پر نظر رکھ کر اس پر پڑنے والے بوجھ کا اندازہ لگاتا ہے۔ پھر ہنگامی صورتحال میں اچانک بریک لگانے پر یہ بریکنگ سسٹم کے والوز (valves) کو موافق بناتا ہے اور ہر پہیے پر پڑنے والے بوجھ کے مطابق بریک کی قوت تقسیم کرتا ہے۔ EBD اسٹیئرنگ ویل کے زاویے کو بھی دیکھتا ہے اور اگر اچانک بریک لگانے کے دوران اگر اسٹیئرنگ بہت زیادہ گھوما ہوا ہو تو اسے واپس سیدھا کرنے میں مدد کرتا ہے یوں گاڑی الٹنے کا خطرہ باقی نہیں رہتا۔

خود مختار ایمرجنسی بریکنگ (AEB)

AEB

خود مختار (Autonomous) ایمرجنسی بریکنگ سسٹم کو عام طور پر AEB کہا جاتا ہے۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ اس سسٹم کو خودکار طریقے سے بریک لگانے کے لیے بنایا گیا ہے۔ لیکن AEB بذات خود حرکت میں آنے سے قبل ڈرائیور کو ممکنہ تصادم سے خبردار کرتا ہے اور ڈرائیور کے فی الفور ردعمل نہ دکھانے پر گاڑی بذات خود روکنے کی کوشش کرتا ہے۔

عام طور پر AEB دو گاڑیوں کے آپسی تصادم کو بچانے میں بہتر کردار ادا کرتا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ اگلی گاڑی سے ٹکرانے کی نوعیت قابل پیش گوئی اور بہت عام ہونا ہے۔ پاکستان میں ہونے والے اکثر حادثات بھی اسی نوعیت کے ہوتے ہیں اس لیے مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑیوں میں AEB کی شمولیت لازمی ہونی چاہیے۔

پاکستان میں تیار کی جانے والی گاڑیوں میں موجود بریکنگ سسٹم کا خلاصہ ذیل میں ملاحظہ فرمائیں:

ABS EBA EBD AEB
سوزوکی ویگن آر x x x x
سوزوکی کلٹس x x x x
FAW وی 2 دستیاب x دستیاب x
ہونڈا سِٹی دستیاب x x x
ہونڈا سِوک دستیاب x دستیاب x
ٹویوٹا کرولا GLi دستیاب دستیاب دستیاب x
ٹویوٹا آلٹِس گرانڈے دستیاب دستیاب دستیاب x
Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.