اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ای-ٹکٹنگ کا آغاز کردیا

1 70

ایک ہفتہ قبل ہم نے پارک سیکیور کے بارے میں ایک تحریر لکھی تھی، جو اسلام آباد ٹریفک پولیس کا جاری کردہ نیا منصوبہ ہے۔ حالیہ چند سالوں میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایک اور نمایاں بہتری پیش کی ہے اور یوں بین الاقوامی معیار کے ٹریفک پولیس شعبوں کے برابر آنے کے لیے اپنی تشکیل نو کا کام کر رہی ہے۔ انہوں نے عوام کی سہولت کے لیے ایک اور پروجیکٹ ای-ٹکٹنگ سسٹم جاری کیا ہے۔

تو یہ ای-ٹکٹنگ ہے کیا؟ ای-ٹکٹنگ بنیادی طور پر چالان/ جرمانے بھرنے کا ایک ڈجیٹل طریقہ ہے۔ یہ جرمانے جمع کرنے کا ایک جدید طریقہ ہے، جو قوانین توڑنے والوں کو فوری جرمانہ ادا کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے اور کاغذی رسیدوں کی ضرورت ختم کرتا ہے۔ قانون توڑنے والے صرف 30 سیکنڈ میں اپنے جرمانے بھر سکتے ہیں اور انہیں ٹریفک پولیس کے پاس دستاویزات جمع کروانے اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد انہیں واپس لینے کے جھنجھٹ سے نہیں گزرنا پڑتا، اور نہ ہی جرمانے کے لیے بینکوں کی طویل قطاروں میں لگنے کی مصیبت جھیلنا پڑے گی۔ یہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک بہترین قدم ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ای-ٹکٹنگ سسٹم متعارف کروانے کے لیے نیشنل بینک آف پاکستان اور ایک مقامی بینک کے ساتھ تعاون کیا ہے۔ یہ نظام کچھ اس طرح کام کرتا ہے:

ٹریفک وارڈن اب موبائل ایپ کے ذریعے چالان/جرمانے جاری کر سکتا ہے۔ قانون توڑنے والے کو ڈجیٹل رسید کے ساتھ ایک ایس ایم ایس وصول ہوگا جس میں تمام تفصیلات شامل ہوں گی۔ اب قانون توڑنے والا جائے وقوعہ پر ہی آن لائن جرمانہ ادا کر سکتا ہے۔ ٹریفک وارڈن تصدیق ہونے کے بعد کہ جرمانہ ادا کردیا گیا ہے، جائے وقوعہ پر ہی دستاویزات واپس کر سکتا ہے۔

یہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا بہت بڑا قدم ہے اور ہمیں امید ہے کہ ادارہ اپنے معیارات کو بلند کرنا جاری رکھے گا اور ان بین الاقوامی ٹریفک پولیس اداروں کے معیارات پر پورا اترے گا جن کی ہم ہمیشہ تعریف کرتے ہیں۔

اس وقت یہ سسٹم تجرباتی مرحلے میں ہے اور 70 تربیت یافتہ اہلکاروں کو سسٹم کے نفاذ اور اسے ہموار انداز میں چلانے کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔ یہ سسٹم مندرجہ ذیل 8 مقامات پر جاری کیا گیا ہے:

  1. زیرو پوائنٹ
  2. سیکریٹیریٹ چوک
  3. ایف-8 ایکسچینج چوک
  4. ریڈیو پاکستان چوک
  5. میلوڈی چوک
  6. فیصل چوک
  7. آبپارہ چوک
  8. ڈھوکری چوک

اس منصوبے کے حوالے سے تبصرہ دے کر اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.