کراچی میں لامبورگینی کاؤنٹیچ کی ہوبہو نقل تیار

1 320

کہتے ہیں پاکستان میں ذہین افراد کی کوئی کمی نہیں اور یقین جائیے! بالکل ٹھیک کہتے ہیں۔ ہمارے پاس وسائل ہوں تو انتھک محنت سے ناممکن کو ممکن بنانے کا ہنر ہمیں بخوبی آتا ہے۔ اسی ذہانت و محنت کی جھلک گاڑیوں میں دلچسپی رکھنے والوں میں بھی نظر آتی ہے جس کی مثال کراچی میں تیار ہونے والی لامبورگینی کاؤنٹیچ کی نقل سے لی جاسکتی ہے۔

شاید آپ کو یہ گاڑی حقیقی لامبورگینی کے مقابلوں میں زیادہ خاص معلوم نہ ہو، لیکن قابل ستائش بات یہ ہے کہ اسے انتہائی محدود وسائل میں ان ہاتھوں نے تیار کیا ہے جن کے پاس لامبورگینی کی صرف تصاویر اور ویڈیوز ہی ہیں۔ انہوں نے زندگی میں کبھی بھی حقیقی لامبورگینی کو دور سے بھی نہیں دیکھا۔ اس کے علاوہ پاکستانی ورکشاپ میں دستیاب گاڑیوں کے چیسز پر اسپورٹس کار ڈیزائن کرنا اور اس کی باڈی کو ہوبہو بنانا بھی کسی کارنامے سے کم نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سب سے زیادہ گوگل کی جانے والی گاڑیاں

مشہور زمانہ لامبورگینی میں V12 نیچرلی ایسپریٹڈ انجن لگایا جاتا ہے۔ لیکن محدود بجٹ اور انجن کی عدم دستیابی کی وجہ سے دیسی لامبورگینی میں V6 انجن لگایا گیا ہے۔ اس لامبورگینی کی تیاری میں ووکس ویگن بیٹل 1965 کے چیسز استعمال کیے گئے ہیں یوں یہ پچھلے پہیوں کی قوت سے چلنے کے قابل ہوسکی ہے۔ کم از کم یہ خاصیت اصل اور نقل دونوں لامبورگینی میں ایک جیسی ہی ہے۔

Custom Lamborghini Karachi (13)

اس کے اندرونی حصے پر نظر ڈالیں تو وہاں آپ کو سفیدی مائل (off-white) رنگ نظر آئے گا۔ یہ رنگ ڈیش بورڈ اور سیٹس دونوں ہی پر استعمال کیا گیا ہے۔ لامبورگینی کے قینچی نما منفرد دروازے (scissor doors) بھی اس گاڑی کا حصہ ہیں جو روایتی گاڑیوں کے برعکس اوپر کی جانب کھلتے ہیں۔ اس کا نچلا حصہ عام لامبورگینی سے قدرے اونچا ہے لیکن ہمارے یہاں سڑکوں کی حالت زار دیکھتے ہوئے اسے زیادہ نیچے نہ رکھنے کا فیصلہ درست معلوم ہوتا ہے۔

کراچی میں تیار کی گئی لامبورگینی کاؤنٹیچ کی نقل میں بہتری کی کافی گنجائش موجود ہے۔ ہوسکتا ہے بہت سے لوگ اسے وقت اور پیسے کا ضیاع قرار دیں لیکن وہ کہتے ہیں ناں کہ شوق دا کوئی مول نئیں۔ ویسے بھی ہم میں سے کتنے لوگ ہیں جو اس طرح کی گاڑی تیار کرسکتے ہیں؟ شاید کوئی بھی نہیں۔ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ بات صرف پیسے کی نہیں بلکہ تخلیقی ذہن اور مصمم ارادے کی ہے کہ موجودہ حالات میں رہتے ہوئے اپنے خوابوں کی تکمیل کیسے ممکن بنائی جائے۔ آج تک لامبورگینی کاؤنٹیچ کو محض ‘پوسٹر کار’ کے طور پر ہی جانا جاتا ہے۔ سلام ہے ان لوگوں پر جنہوں نے اسے حقیقت کا روپ دیا۔

تصاویر بشکریہ کراچی ٹریک

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.