ہم اب تک یارِس کے بارے میں کیا کچھ جانتے ہیں؟

0 182

انڈس موٹر کمپنی (IMC) ٹویوٹا اِس سال کے آخر تک پاکستان میں ٹویوٹا ویوس/یارِس کی لانچنگ کے لیے ان گاڑیوں کے تجربات کر رہا ہے، لیکن ہم اس سیڈان کے بارے میں اب تک کیا کچھ جانتے ہیں؟ آئیے دیکھتے ہیں! 

ٹویوٹا یارِس کے سڑکوں پر تجربات: 

ٹویوٹا ویوس چند ملکوں میں یارِس کے نام سے آتی ہے۔ اس سیڈان کو پاکستان کی سڑکوں کو کئی بار دیکھا گیا ہے۔ موٹروے پر چلتی ہوئی ان کیموفلاجڈ گاڑیوں کی تصویریں کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔ BQQ-861 رجسٹریشن نمبر رکھنے والی یہ کار موٹر وے پر دیکھی گئی تھی جو 1329cc انجن رکھتی ہے۔ حال ہی میں رجسٹریشن نمبر BQQ-386 رکھنے والی ایک اور کیموفلاجڈ ٹویوٹا ویوس/یارِس دیکھی گئی تھی۔ ویوس کا یہ مخصوص ورژن 1498cc کا انجن رکھتا ہے۔ یعنی پتہ چل رہا ہے کہ کمپنی پاکستان میں نئی ٹویوٹا ویوس/یارِس کے دو ویرینٹس پر تجربات کر رہا ہے۔ امید ہے کہ یہ سیڈان اسی سال ملک میں ٹویوٹا کرولا کے XLi اور GLi ویرینٹس کی جگہ لے گی۔ کمپنی مفت رجسٹریشن اسکیم شروع کرکے اپنے XLi/GLi ویرینٹس جلد از جلد ختم کرنے کا سلسلہ شروع کر چکی ہے۔ پاکستان میں نظر آنے والی ویوس کی کچھ تصویریں یہ ہیں: 

لانچ کے حوالے سے مقامی مارکیٹ میں امیدیں: 

فی الوقت ہمیں یہ معلوم ہے کہ ٹویوٹا پاکستان کی سڑکوں پر اس گاڑی کے دو ویرینٹس پر تجربات کر رہا ہے۔ یعنی کمپنی مقامی مارکیٹ میں دونوں ویرینٹس پیش کرنے پر غور کر رہی ہے؛ لیکن یہ بات یقین سے نہیں کی جا سکتی۔ 1329cc انجن کی ٹویوٹا ویوس/یارِس 4NR-FE یونٹ ہے جو زیادہ سے زیادہ 98hp اور 123Nm ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب بہتر ویرینٹ کی ویوس/یارِس 1498cc سے لیس ہے جو 2NR-FE یونٹ ہے۔ یہ زیادہ سے زیادہ 140Nm ٹارک کے ساتھ 106hp پیدا کر سکتا ہے۔ واضح ہے کہ ٹویوٹا ممکنہ طور پر ویوس/یارِس کے 1.3L ویرینٹ کو اپنی 1.3L XLi/GLi کرولا کی جگہ دینے کی تیاری کر رہا ہے اور ۔ البتہ ایک امکان یہ بھی ہے کہ IMC ویوس/یارِس کا 1.5L ورژن بھی متعارف کروا کے اپنے حریف ہونڈا اٹلس کو ٹکر دے کہ جو سٹی کے 1.3L اور 1.5 دونوں ورژنز پیش کرتا ہے۔ فی الحال کسی بھی امکان کو باآسانی رد نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کمپنی صرف اپنی کرولا کی جگہ نئی گاڑی ہی متعارف نہیں کروانا چاہتی بلکہ اس کیٹیگری میں اپنے مقابل ادارے ہونڈا کے خلاف مقابلے کی فضاء کو بھی بڑھانا چاہتی ہے۔ 

ٹویوٹا یارِس/ویوس اِس وقت کہاں کہاں دستیاب ہے؟ 

ٹویوٹا ویوس/یارِس اس وقت بھارت، تھائی لینڈ، ملائیشیا، سنگاپور جیسی دوسری آٹو مارکیٹوں میں دستیاب ہے۔ یہ ملائیشیا میں ویوس کے نام سے ہے جبکہ بھارت اور تھائی لینڈ میں بالترتیب یارِس اور یارِس Ativ کے نام سے آتی ہے۔ بھارت میں اسے حال ہی میں 1.5L ویرینٹ میں لانچ کیا گیا تھا جبکہ تھائی آٹو سیکٹر میں یہ نسبتاً چھوٹے 1.2L انجن کے ساتھ آئی۔ ایسا کرنے کی وجہ اسے ایکو کارز کی کیٹیگری میں لانا تھا تاکہ سبسڈیز مل سکیں۔ 

کرولا XLi/GLi کا متبادل حاصل کرنا اچھا سودا ہے؟ 

ٹویوٹا ویوس/یارِس مقامی مارکیٹ میں دستیاب کرولا کے مقابلے میں تقریباً 200 کلو ہلکی ہے۔ کرولا کا 1.3L ویرینٹ یعنی XLi اورGLi، 1298cc 2NZ-FE انجن رکھتا ہے کہ جو زیادہ سے زیادہ 84 hp اور 120 Nm ٹارک پیدا کر سکتا ہے۔ جیسا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ٹویوٹا ویوس/یارِس کا 1.3L ویرینٹ زیادہ سے زیادہ 98 hp اور 123 Nm ٹارک پیدا کر سکتا ہے، اس لیے کرولا اس کے مقابلے میں کم طاقتور ہے۔ ٹویوٹا ویوس کم وزن ہونے کے ساتھ ساتھ کارکردگی کے لحاظ سے اور مؤثر ہونے کے اعتبار سے بھی ایک بہتر یونٹ ہے۔ اس لیے ویوس/یارِس سیڈان اس سال ٹویوٹا کی لائن اَپ میں ایک اچھا اضافہ ہوگا۔ 

کیا موجودہ معاشی حالات یارِس کی آمد کے لیے موزوں ہیں؟ 

امریکی ڈالر کے مقابلے میں مقامی کرنسی کی گرتی ہوئی قدر کی وجہ سے ملک کی آٹو انڈسٹری اس وقت سخت بحران کا شکار ہے، جس کا نتیجہ گاڑیوں کی فروخت میں زبردست کمی کی صورت میں نکلا ہے۔ البتہ IMC کے ایک عہدیدار کے مطابق آٹو مینوفیکچرر ان معاشی حالات میں بھی نئی سیڈان متعارف کروانے کے لیے تیار ہے۔ توقع ہے کہ یہ گاڑی رواں سال کے اختتام تک پیش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ IMC نے مارکیٹ میں کم طلب ہونے کی وجہ سے جولائی 2019ء میں اپنی پیداوار گھٹاتے ہوئے کام کو ہفتے میں 5 دنوں تک محدود کردیا تھا۔ 

ٹویوٹا یارِس میں کیا کچھ ہے؟ 

سامنے کے حصے پر ایک جدید ریڈی ایٹر گرِل ڈیزائن کے ساتھ ٹویوٹا یارِس ایک جاندار شکل و صورت رکھتی ہے۔ ہیڈلائٹس اور ریئر لیمپس کرولا جیسے ہی ہیں لیکن اس کا ایروڈائنامک ڈیزائن خاصے کی چیز ہے۔ سب عالمی مارکیٹوں میں سے کہ جہاں کمپنی نے یہ گاڑی متعارف کروائی ہے، آئیے دیکھتے ہیں کہ ملائیشین ورژن میں کون کون سے فیچرز ہیں کیونکہ ممکنہ طور پر یہی ورژن پاکستان میں آئے گا۔ 

یارِس – ایک مکمل سیفٹی پیکیج 

ٹویوٹا ویوس/یارِس آرام اور سیفٹی کے لحاظ سے ایک مکمل اور بھرپور پیکیج ہے۔ اسے 5-اسٹار آسیان NCAP سیفٹی ریٹنگ سے نوازا گیا تھا جو اسے اپنے سیگمنٹ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی گاڑی بناتا ہے۔ نئی 2019ء ویوس بلائنڈ اسپاٹس سے بھی بچاتی ہے۔ جیسے ہی کوئی گاڑی ڈرائیور کی نگاہ میں آتی ہے تو یہ آواز دے کر وارننگ دیتی ہے۔ پینورامک ویو مانیٹر کی مدد سے ٹویوٹا ویوس چھوٹی سی جگہ پر بھی پارکنگ کا بہتر تجربہ دیتی ہے کیونکہ یہ اوپر سے منظر دکھاتی ہے۔ اس کا ڈجیٹل وڈیو ریکارڈ آگے کے منظر ریکارڈ کرنے کے لیے ایک اہم ٹول ہے اور حادثے کی صورت میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ گاڑی سات SRS ایئر بیگز بھی رکھتی ہے تاکہ کسی تصادم کی صورت میں ڈرائیور اور مسافروں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ ہِل اسٹارٹ اسِسٹ کنٹرول (HAC) بھی نئی ویوس میں موجود ہے کہ گاڑی کو چڑھائی چڑھتے ہوئے پیچھے جانے سے روکے۔ 

انٹرٹینمنٹ اور کنیکٹیوِٹی: 

کنیکٹیوٹی کے لحاظ سے ویوس بے مثال تجربہ دیتی ہے کیونکہ صارفین انٹرٹینمنٹ کی دنیا تک رسائی کے لیے اپنا فون کنیکٹ کر سکتے ہیں۔LCD پینل کے ذریعے نیوی گیشن اور دورانِ سفر تفریح کے لیے متعدد ایپس تک رسائی بھی ملتی ہے۔ LCD ڈیش بورڈ کے درمیان میں لگی ہوئی ہے جو USB کنیکٹیوٹی بھی دیتی ہے۔ ایک USB پورٹ پچھلے حصے میں بھی ہے تاکہ سفر کے دوران اپنی ڈیوائسز کو چارج رکھا جا سکے۔ 

انٹیریئر: 

ٹویوٹا ویوس/یارِس ایک کشادہ انٹیریئر کے ساتھ ڈرائیور کے لیے ایک بہتر ملٹی انفارمیشن ڈسپلے رکھتی ہے۔ انسٹرومنٹ کلسٹر میں کچھ اہم پیرامیٹرز نظر آتے ہیں جیسا کہ ایندھن کی کھپت، انجن کے گرم ہونے کی نشاندہی، بقیہ رینج، ایکو-انڈی کیٹر اور ODO میٹر اور RPM میٹر کے ساتھ ٹائم ڈسپلے۔ ٹویوٹا ویوس/یارِس ڈرائیونگ موڈز سے بھی لیس ہے۔ ڈرائیور ضرورت کے اعتبار سے مطلوبہ انجن رسپانس حاصل کرنے کے لیے ایکو یا اسپورٹس موڈ میں گاڑی چلا سکتا ہے۔ پھر پیڈل شفٹرز کی موجودگی بھی مینوئل اور آٹومیٹک موڈز کے درمیان انتخاب کی سہولت دیتی ہے۔ الیکٹروکرومک ریئر وِیو مرر اس سیڈان کا ایک اور خاص فیچر ہے کیونکہ یہ پیچھے سے آنے والی گاڑی کی ہیڈلائٹس کی تیز روشنی سے آنکھوں پر پڑنے والے دباؤ کو کم کرتا ہے۔ یہ گاڑی لگژری اور سیفٹی فیچرز کا بہترین امتزاج رکھتی ہے۔ 

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ہمارے مستند ذرائع کے مطابق یہ نئی گاڑی یارِس کے نام سے پیش کی جائے گی۔ ہمارے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی پانچ مختلف ویرینٹس میں آئے گی اور اس میں مینوئل اور آٹو دونوں ٹرانسمیشنز ہوں گی۔ 

اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ گاڑی 1.3 اور 1.5 انجن آپشنز میں مارکیٹ میں پیش کی جائے گی اور اس کی بنیادی قیمت 24 لاکھ روپے ہوگی۔ ان تمام سوالوں کے جوابات کے لیے ہمیں اس سال کے آخر تک انتظار کرنا ہوگا۔ پاکستان میں آنے والی ٹویوٹا ویوس کے بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟ ہمیں نیچے تبصروں میں ضرور بتائیں۔ آٹوموبائل انڈسٹری کے بارے میں تازہ ترین خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.