آفیشل – 11 ویں جنریشن کی ہونڈا سوِک آ گئی!

1 13,360

دنیا بھر میں آٹوموٹو برانڈز زیادہ سے زیادہ اسپورٹس یوٹیلٹی وہیکلز/کراس اوورز پیش کر رہے ہیں۔ رولس رائس، بینٹلی اور یہاں تک کہ لیمبورگھینی جیسے برانڈز بھی SUVs لا رہے ہیں اور ریکارڈ فروخت کر رہے ہیں، اور وجہ ہے کہ صارفین زیادہ کراس اوورز/SUVs چاہ رہے ہیں۔ اس نئے رجحان کے باوجود جب بھی ہونڈا سوِک اور ٹویوٹا کرولا کے حوالے سے کوئی خبر آتی ہے تو گاڑیوں کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کر لیتی ہے۔ کومپیکٹ کار سیگمنٹ کی دنیا کا معروف نام ہونڈا سوِک اس وقت 10 ویں جنریشن میں ہے، جو 2015ء میں آئی تھی۔

گو کہ گاڑیوں کے خریداروں میں SUVs اور کراس اوورز کا نیا رجحان اب ذرا مضبوط ہو چکا ہے، لیکن سوِک ہمیشہ سے ہونڈا کا فلیگ شپ ماڈل تھا اور ہے، خاص طور پر امریکا میں اپنی بڑے پیمانے پر عالمی موجودگی کی وجہ سے، کیونکہ دنیا بھر سوِک کی ہونے والی فروخت میں سے آدھی یہیں ہوتی ہے۔ 1973ء سے، جب ہونڈا نے امریکا میں سوِک متعارف کروائی تھی، ہونڈا اب تک صرف اس ملک میں ہی سوِک کے 12 ملین یونٹس فروخت کر چکا ہے۔ 10 ویں جنریشن نے اس سیگمنٹ میں ایک نیا بینچ مارک مقرر کیا۔ موجودہ ہونڈا سوِک X اندر اور باہر سے ایک انقلابی ڈیزائن رکھتی ہے اور شمالی امریکا میں سال کی بہترین کار سمیت دنیا بھر میں کئی اعزازات بھی حاصل کر چکی ہے۔

Photos Credits: Motor Trends

11 ویں جنریشن کی لانچ:

موجودہ 10 ویں جنریشن کی سوِک کے پانچ کامیاب سالوں کے بعد اب تبدیلی کا وقت آ چکا ہے۔ پچھلے سال ہونڈا سوِک ہیچ بیک اور سوِک سیڈان کی ٹریڈ مارک/پیٹنٹ فائلنگ لِیک ہوئیں۔ ایک کیموفلاجڈ سوِک یورپ میں ٹیسٹنگ کے مراحل سے گزرتی اور مختلف سڑکوں پر چلتی دیکھی گئی۔ پچھلے سال 17 نومبر 2020 کو ہونڈا نے آنے والی سوِک کے پروٹوٹائپ کا ٹیزر کلپ ریلیز کیا۔ اس پروٹوٹائپ کے حوالے سے دنیا بھر میں ہونڈا کے پرستاروں کا رد عمل ملا جلا رہا۔

تقریباً دو ہفتے پہلے 14 اپریل کو ہونڈا نارتھ امریکا نے باضابطہ طور پر ایسی تصویریں جاری کیں جن میں نئی جنریشن کی سوِک کا فرنٹ ظاہر ہوتا ہے۔ دوسری بڑی خبر اس کی ریلیز کی باضابطہ تاریخ تھی، اور یہ دن ہے 28 اپریل اور ہونڈا ایک براہِ راست تقریب میں سب کچھ عوام کے سامنے لائے گا۔

سوِک ایک عالمی ماڈل ہے اور مختلف علاقوں میں ایک جیسا ڈیزائن ہی پیش کرتا ہے، لیکن یہ بات ذہن میں رکھیں کہ یہ تحریر صرف امریکی ڈومیسٹک ماڈل کے بارے میں ہے۔ گو کہ ہر علاقہ مختلف فیچرز اور آپشنز حاصل گا، لیکن اسٹائل ڈیزائن بحرِ اوقیانوس کے دونوں جانب ایک سا ہی رہتا ہے۔

نئی ہونڈا سوِک کا ایکسٹیریئر:

اگر ہم سوِک XI کے ایکسٹیریئر کو ایک لفظ میں بیان کریں تو ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ ‘بے بی ایکرڈ’ ہے کیونکہ یہ موجودہ 10 ویں جنریشن کی ایکرڈ کے کئی ڈیزائن عناصر رکھتی ہے۔ موجودہ 10 ویں جنریشن کی ایکرڈ وہ گاڑی ہے جس نے 2018 میں “شمالی امریکا میں سال کی بہترین گاڑی” کا بہترین اعزاز جیتا تھا۔ یہی اعزاز 2016 میں 10 ویں جنریشن کی سوِک نے بھی حاصل کیا تھا۔ سوِک XI ایوارڈ یافتہ سوِک X کا ہی ارتقا ہے جسے ایک اور ایوارڈ یافتہ ایکرڈ کے عناصر ملا کر پیش کیا گیا ہے۔

ہونڈا کے چند پرستار اتفاق کریں گے کہ فرنٹ ڈیزائن اپروج میں تیسری جنریشن کی سوِک کی کچھ جھلک بھی نظر آتی ہے۔ ہونڈا کے مطابق وہ اسٹائلنگ کو بہتر بناتے ہوئے ایک نئے لیول پر لے گیا ہے۔ 10 ویں جنریشن کی سوِک تاریخ کی سب سے کامیاب سوِک تھی، اور ہونڈا نے اس سوِک کے بہترین حصے نہ صرف برقرار رکھے ہیں بلکہ سوِک کی پرانی جنریشنز کی ڈیزائن علامات کو بھی شامل کیا ہے۔

ہونڈا کے مطابق نئی سوِک کی ڈیزائن تھیم ہے “باریک اور ہلکی” اور “انسان مرکزی”۔ ایکسٹیریئر میں بڑی تبدیلی A-پلر پر کی گئی ہے جو نہ صرف 1 انچ نیچے بلکہ 2 انچ پیچھے بھی کیا گیا ہے۔ اس کا نتیجہ نہ صرف ہُڈ لمبا ہونے کی صورت میں نکلا ہے بلکہ اس سے فرنٹ پر گلاس سرفَیس بھی بڑھی ہے اور فرنٹ ویو بہتر ہوا ہے۔

سوِک X ہونڈا لائن اپ میں بذاتِ خود ایک بڑی ڈیزائن تبدیلی تھی، اور نئی سوِک اس عمل کو مزید آگے لے گئی ہے۔ اس میں وہی اسپورٹ بیک ہے جو ہم نے سوِک X کے اسپورٹی ڈیزائن میں دیکھی تھی۔ 11 ویں جنریشن میں یہ ڈیزائن حکمتِ عملی نظر آتی ہے لیکن اس میں ٹرنک کے کنارے/انٹیگریٹڈ اسپوائلر کو ذرا بڑھایا گیا ہے جس سے اسے ڈرامائی لُک ملتا ہے۔ نیا ماڈل “C” شکل کی ٹیل لائٹس کے بغیر ہے۔ نئے ماڈل میں سلِم LED لائٹس کا انوکھا ڈیزائن ہے۔ اس میں ایک نیا بمپر اور ذرا لمبے رِفلیکٹرز ہیں۔ اس کے علاوہ بمپر میں نئے بلیکڈ-آؤٹ ایگزاسٹ آؤٹ لیٹ ہیں، جو اسے ایک پریمیئم اور اسپورٹی لُک دیتے ہیں۔

سائیڈ پروفائل پر فرنٹ سے بیک تک ایک مستقل کریکٹر لائن چلتی ہے، جو ایکرڈ کی نقل لگتی ہے اور ہونڈا کے مطابق یہ حرکت کا احساس دیتی ہے۔ ہونڈا نے سائیڈ ویو مررز بھی ڈور پینلز پر منتقل کیے ہیں۔ اس سے پہلے یعنی 10 ویں جنریشن کی سوِک میں یہ دروازے کے کنارے اور ایک پِلر جنکشن جیسی روایتی جگہ پر ہوتے تھے۔ نئی جگہ سے ڈرائیور کا ویو بڑھتا اور بہتر ہوتا ہے۔

فرنٹ باڈی ڈیزائن ذرا نیچے بونٹ اور فینڈرز اور ایک نچلی فرنٹل ہوریزونٹل بیلٹ لائن رکھتا ہے جو زیادہ چوڑا اور اسپورٹی لُک دیتی ہے۔ فرنٹ پر ہم نے نئی ہیڈ لائن اور DRLs بھی دیکھی ہیں۔ ایک نئی سیدھی فرنٹ گرِل ہے اور گاڑی سامنے سے ذرا جھکی ہوئی اور چوڑی لگتی ہے۔ مجموعی طور پر یہ ایکرڈ کی موجودہ جنریشن سے متاثر لگتی ہے مثلاً چوڑی اور سیدھی فرنٹ ہُڈ لائن اور زیادہ نمایاں سائیڈ بیلٹ لائنز، خاص طور پر “C پِلر” اور گلاس کارنر پر notch۔

پیمائش:

نئی سوِک (USDM) 184 انچ لمبی، 70.9 انچ چوڑی جبکہ 55.7 انچ اونچی ہے اور 107.7 انچ کا وِیل بَیس رکھتی ہے۔ اس کے مقابلے میں دیکھیں تو سوِک X 182.7 انچ لمبی، 70.9 انچ چوڑی اور 55.7 انچ اونچی ہے اور 106.3 انچ کا وِیل بَیس رکھتی ہے۔ اس سے نئی سوِک کی مجموعی لمبائی اور وِیل بَیس پچھلے ماڈل سے زیادہ لمبی ہے، یعنی اس میں مسافروں کی گنجائش نسبتاً زیادہ ہے۔ گو کہ پیمائش میں اضافہ ہوا ہے لیکن ڈِگی کی گنجائش 14.8 مکعب فٹ ہے جو پچھلی سوِک میں 15.1 مکعب فٹ تھی۔

امریکی ماڈل آٹھ مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگی، جن میں سے تین Meteorite Gray Metallic، Sonic Gray Pearl اور Morning Mist Blue Metallic بالکل نئے آپشن ہیں۔

ہونڈا سوِک 11 ویں جنریشن کا انٹیریئر:

ہونڈا ہمیشہ ذرا نت نئے اقدامات اٹھاتا ہے اور سوِک کی ہر نئی جنریشن میں انٹیریئر مکمل طور پر تبدیل ہوتا ہے۔ سوِک X نے انٹیریئر میں جگہ کے بہترین استعمال اور صارف دوستی کے لیے ایک ایوارڈ جیتا تھا۔ نئی 11 ویں جنریشن کی سوِک اس سے بھی چند قدم آگے گئی ہے۔ ہونڈا کے مطابق نئی سوِک MM فلسفے پر عمل پیرا ہے یعنی “Man Maximum / Machine Minimum”، اس کا نتیجہ زیادہ کیبن گنجائش اور چیزوں کے لیے کم جگہ کی صورت میں نکلا ہے۔

سوِک کا انٹیریئر سادہ اپروچ رکھتا ہے لیکن intuitive ضرور ہے؛ ہونڈا کے مطابق انٹیریئر ڈیزائن گاڑی میں موجود لوگوں کو مد نظر رکھ کر بنایا گیا ہے۔ نئے انٹیریئر کا بنیادی خیال ہے توجہ کو منتشر کرنے والی چیزوں کی کمی اور ان کے کارآمد ہونے میں اضافہ۔ یہ نیا ڈیزائن خیال آئندہ تمام ہونڈا ماڈلز میں استعمال کیا جائے گا اور ہونڈا سوِک اسے استعمال کرنے والی پہلی گاڑی ہے۔

‏A-پلر کی اسٹریٹجک پلیسمنٹ اور اینگل کا نتیجہ COWEL کے نیچے ہونے کی صورت میں نکلا ہے (وہ مقام جہاں ڈیش بورڈ اور ونڈ شیلڈ ملتے ہیں)؛ اس سے گاڑی میں کشادگی کا احساس پیدا ہوتا ہے اور سامنے سڑک کا زیادہ چوڑا اور کھلا منظر ملتا ہے۔ نیا ڈیش بورڈ ڈیزائن سادہ ہے۔

ہونڈا کے مطابق انٹیریئر اعلیٰ معیار کے مٹیریلز استعمال کرتا ہے، خاص طور پر ٹچ پوائنٹس پر مثلاً گیئر کے لیور، ڈیش بورڈ، سائیڈ ڈور پینلز اور اسٹیئرنگ ویلز پر۔ وہ تمام سطحیں کہ جو انگلیوں کے نشانات یا میل کا سبب بن سکتی ہیں ان میں ایسے مٹیریلز استعمال کیے گئے ہیں جو ہر مرتبہ کار میں داخل ہونے پر ڈرائیور کو ایک شفاف منظر دیتے ہیں۔

نیا مستطیل ٹچ اسکرین انفوٹینمنٹ سسٹم فلوٹنگ اسٹائل کا ہے اور ڈیش بورڈ کے اوپر موجود ہے۔ سوِک نئے اسٹائل کا اسٹیئرنگ ویل رکھتی ہے، اور اس میں مکمل نیا ڈجیٹل کلسٹر ہے۔ اسٹینڈرڈ یونٹ 7-انچ کا ہے جبکہ ٹاپ آف دی لائن ماڈل 9-انچ کا HD انفوٹینمنٹ ڈسپلے رکھتا ہے۔ ٹاپ آف دی لائن ماڈل 10.2 انچ کا فل LCD انسٹرومنٹ پینل بھی رکھتا ہے جبکہ دوسرے ویرینٹس 7-انچ کا LCD انسٹرومینٹل ڈسپلے رکھتے ہیں۔

ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو اسٹینڈرڈ کے طور پر آتے ہیں (ٹاپ ویرینٹ میں ایک وائرلیس کنکشن ہے)، جبکہ ٹاپ آف دی لائن ماڈل میں 12 اسپیکر بوس پریمیئم آڈیو سسٹم ہے، سراؤنڈ-اسٹیج ڈجیٹل سگنل پروسیسنگ کے ساتھ۔ ہونڈا کے مطابق بوس آڈیو ماہرین نے اس سسٹم کو خاص طور پر سوِک کے لیے تیار کیا ہے تاکہ تمام موسیقی کا بہترین تجربہ حاصل کرنے کے لیے جاندار کارکردگی دکھائے۔ سب سے اہم فیچر انفوٹینمنٹ سسٹم میں ایک فزیکل نوب کی موجودگی ہے۔ سوِک X کو ابتدا میں نوب کی عدم موجودگی پر کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس میں ایک سادہ تھری-نوب ڈوئل زون کلائمٹ کنٹرول انٹرفیس ہے۔ نیا سیٹ ڈیزائن بھی ہے جو بہتر آرام اور استحکام کے لیے نئے ڈیزائن شدہ سیٹ فریمز کے ساتھ آتا ہے۔ سینٹرل کنٹرول ڈیزائن کو کام اور استعمال کے لیے بہتر بنایا گیا ہے جبکہ نئے ڈیزائن شدہ کپ ہولڈرز اور گیئر لیور بھی دیکھے گئے ہیں۔ عام فیچرز، جن میں سن رُوف، چمڑے یا کپڑے کی پاورڈ ڈرائیور اور مسافروں کی نشستیں شامل ہیں، ٹرِم لیول کی بنیاد دستیاب ہیں۔ مجموعی طور پر انٹیریئر ایک جدید، آراستہ و پیراستہ اور ڈائنامک لُک رکھتا ہے۔

مکینیکلز:

گو کہ ایکسٹیریئر اور انٹیریئر میں کافی نئی چیزیں ہیں، لیکن مکینیکلز پچھلی جنریشن ہی آئے ہیں بس کچھ اپڈیٹس اور بہتریوں کے ساتھ ہیں۔ امریکی سوِک انہی دو انجن آپشنز میں دستیاب ہوگی جو گزشتہ ماڈل میں ہیں۔ ایک 2L نیچرلی ایسپائریٹڈ انجن 158HP @6500 rpm اور 187NM ٹارک @4200 rpm پر۔

دوسرا انجن وہی 1.5 ٹربو چارجڈ انجن ہے لیکن اب اس کی ہارس پاور بڑھا کر 180 @6000 rpm کر دی گئی ہے جبکہ ٹارک بھی بڑھ کر 240 NM ہو گیا ہے جو 1,700-4,500 rpm کے درمیان دستیاب ہے۔ دونوں انجن ورژنز 3 موڈ ڈرائیو سسٹم کے ساتھ آتے ہیں جن میں ECON، نارمل اور اسپورٹ شامل ہیں۔

سوِک X مینوئل ورژن میں دستیاب تھی، لیکن مینوئل پسند کرنے والوں کے لیے بُری خبر یہ ہے کہ سوِک اب صرف Continuously Variable Transmission یعنی CVT میں دستیاب ہے۔ تمام سوِک میک فرسن اسٹرٹ فرنٹ سسپنشن اور ملٹی لنک ریئر سسپنشن کے ساتھ آتی ہیں۔ بنیادی ماڈل 215/55/16 انچ ویلز کے ساتھ آتا ہے جبکہ نئے ڈیزائن شدہ 215/50/17 انچ اور 235/40/18 ٹرِم لیول اسٹینڈرڈ میں دستیاب ہیں۔

نئی سوِک کو ایک زیادہ قابل، موافق اور بہتر طریقے سے ٹیون کیا گیا سسپنشن سیٹ اپ ملتا ہے۔ ہونڈا کے مطابق فرنٹ سسپنشن بہتر اسٹیئرنگ اور گاڑی کی بہتر ہینڈلنگ کے لیے کم وزن کے المونیم فرنٹ سب فریم کے ساتھ اب کم رگڑ کے حامل بال جوائنٹس اور ڈیمپر ماؤنٹس رکھتا ہے۔ الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ بہتر فیڈ بیک اور استحکام کے لیے ٹیون کیا گیا ہے۔ ریئر ٹریک میں بہتری کے لیے گزشتہ جنریشن کے مقابلے میں 0.5 انچ کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ شور اور وائبریشن کو کم کرنے کے لیے نچلے آرمز میں bushings لگائی گئی ہیں۔ کم رگڑ کے حامل نئے فرنٹ اور ریئر ویل بیئرنگز اور کم drag رکھنے والے calipers بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر سسپنشن اپگریڈز کہیں بہتر ڈائنامک اور ہموار روڈ ہینڈلنگ دیتے ہیں۔

امریکا سے باہر کی مارکیٹیں اسی 1.5T انجن کی توقع رکھ سکتی ہیں جبکہ 2L NA انجن کی دستیابی صرف جانے والے ماڈل کے لیفٹ ہینڈ ڈرائیو سوِک میں تھی، اور ہو سکتا ہے کہ یہ یہی معاملہ نئی سوِک کا بھی ہو۔ ہو سکتا ہے کہ ہونڈا ایشیائی ممالک میں 1.5T کے ساتھ یہی 1.8L انجن بھی برقرار رکھے۔ ہمیں مزید پتہ چلے گا جب 11 ویں جنریشن کی سوِک امریکا سے باہر لانچ ہوگی۔

‏11 ویں جنریشن کی سوِک میں سیفٹی:

سیفٹی کے معاملے میں ہونڈا نے active اور passive سیفٹی فیچرز اور آلات کے لحاظ سے کئی بہتریاں اور اضافے کیے ہیں۔ نئی سوِک میں Advanced Compatibility Engineering™ (ACE™) باڈی اسٹرکچر مسافروں کی بہتر حفاظت کے لیے بنایا گیا ہے جس میں نیا بالائی A-پلر اسٹرکچر، ایک سائیڈ فریم اور ایک نچلا فائروال اسٹرکچر شامل ہیں۔ تمام اہم مقامات کے لیے مضبوط کمپونینٹس کا استعمال کیا گیا ہے، بشمول سائیڈ امپیکٹ پروٹیکشن کے لیے۔

سوِک کے تمام ورژنز 10 ایئر بیگز سے لیس ہوں گے، جن میں اگلی جنریشن کے ڈرائیور اور فرنٹ پیسنجر ایئر بیگز شامل ہیں، جو تصادم کی صورت میں سر کی حرکت کو قابو کرتے ہوئے دماغی چوٹ کے امکانات گھٹانے کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ یہ دنیا میں اپنی قسم کا پہلا ایئر بیگ ڈیزائن ہے۔ نئی سوِک ریئر پیسنجر سائیڈ ایئر بیگ رکھنے والی پہلی سوِک بھی ہے۔ ہونڈا کا ایکٹِو سیفٹی سسٹم ہونڈا سینسنگ، ڈرائیور کی مدد کے لیے بہتر ٹیکنالوجیز سے لیس کیا گیا ہے۔

‏11 ویں جنریشن کی سوِک کی پروڈکشن اور لانچ:

‏11 ویں جنریشن کی سوِک مارکیٹ/ریجن کے لحاظ سے سیڈان اور ہیچ بیک دونوں باڈی اسٹائل میں پیش کی جائے گی۔ سوِک Si سیڈان اور ہیچ بیک سوِک بعد میں شامل ہوں گی، جبکہ سب سے زبردست سوِک ٹائپ R ہیچ بیک اگلے سال کسی وقت آئے گی۔

ہونڈا 11 ویں جنریشن میں 2 دروازوں والی کوپ پیش نہیں کرے گا؛ ایک دو دروازوں والا ماڈل شمالی امریکا کے لیے مخصوص تھا۔ کمپنی نے حال ہی میں 10 ویں جنریشن کو معطل کیا ہے۔ اس کی واپسی بھی متوقع نہیں۔ امریکی مارکیٹ کے لیے قیمت ابھی تک پیش نہیں کی گئی لیکن 2L بَیس LX ماڈل کے لیے 20,000 ڈالرز سے کم قیمت کی توقع رکھیں جبکہ فُلی ٹؤرنگ کے لیے لگ بھگ 27,000 ڈالرز کی۔

شمالی امریکا کے صارفین کے لیے نئی سوِک کی پروڈکشن پہلے ہی شروع ہو چکی ہے، جبکہ سیلز 2021ء کے موسمِ گرما سے شروع ہوں گی۔ یورپی اور ایشیائی مارکیٹیں 2021 کے اواخر یا 2022 کے اوائل میں اس ماڈل کو چلتا دیکھیں گی۔

یہاں پاکستان میں 11 ویں جنریشن کی سوِک کی 2022 کے وسط سے پہلے امید نہ رکھیں۔ یعنی سوِک X کی پاکستان میں ابھی ایک سال سے زیادہ کی زندگی باقی ہے۔

تو نئی سوِک کے بارے میں آپ کی رائے کیا ہے؟

ساتھ ہی خصوصی پاک ویلز ڈسکشن تھریڈ میں بھی شامل ہو جائیں: پاک ویلز سوِک XI۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.