نئی آلٹو میں 800cc مہران ہی کا انجن شامل ہوگا
امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان میں تیار اور فروخت ہونے والی سب سے قدیم اور تاریخی گاڑی سوزوکی مہران بالآخر 30 سالہ تک قوم کو اپنی شاندار خدمات پیش کرنے کے بعد جلد رخصت ہونے والی ہے۔
ممکن ہے کہ اس کی جگہ ہمیں نئی آلٹو دیکھنے کو ملے تاہم اب تک یہ بات حتمی نہیں کہ آیا پاک سوزوکی اس کا نام مہران ہی رکھے گی یا پھر اسے آلٹو کے نام سے پیش کیا جائے گا۔ چونکہ دیگر سوزوکی گاڑیوں مثلاً سوزوکی کلٹس کو بھی نام تبدیل کیے بغیر ہی پیش کیا گیا، اس لیے نئی گاڑی کے ساتھ بھی یہی معاملہ ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔
Is This The New Suzuki Alto That Will Be Replacing Suzuki Mehran In Pakistan?
اس حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ خبر تو سامنے نہیں آئی تاہم خفیہ ذرائع بتاتے ہیں کہ پاک سوزوکی نے مستقبل میں پیش کی جانے والی آلٹو میں بھی سوزوکی مہران ہی کا انجن لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا ہے کہ پاکستان میں 660cc (نیچرلی ایسپریٹڈ / ٹربو) انجن والی آلٹو نہیں دستیاب ہو گی جیسا کہ باقی دنیا میں ہو رہا ہے۔ بلکہ مہران کی جگہ لینے والی ہیچ بیک میں وہی 796cc انجن شامل ہوگا۔
اس کے علاوہ آٹومیٹک گیئر کی شمولیت کی بھی کوئی توقع نہیں رکھی جا سکتی البتہ نئے 5-اسپیڈ مینوئل گیئر باکس شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایک اور اہم اطلاع یہ ہے کہ کار ساز ادارے نے پہلے ہی بڑی تعداد میں نئی گاڑیاں تیار کر لی ہیں۔ گو کہ تیار شدہ گاڑیوں کی حتمی تعداد کا علم نہیں ہو سکا تاہم اندر کی خبر یہ ہے کہ لگ بھگ 50 گاڑیاں بالکل تیار حالت میں موجود ہیں اور انہیں عنقریب جانچ و نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ نئی آلٹو کو پہلے ہی پاک سوزوکی کے اپنے دفاتر میں دیکھا جا چکا ہے۔ اس کی لیک ہونے والی خفیہ تصاویر اور دیگر تفصیلات آپ درج بالا ربط پر دیکھ اور پڑھ سکتے ہیں۔
شاید عنقریب ہم ایک نئے انداز اور نئے نام سے متعارف ہو جائیں لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جب تک پاکستان رہے گا، مہران کا نام زندہ رہے گا۔
یہاں بتاتا چلوں کہ فی الحال یہ تمام خبریں اور تفصیلات مختلف ذرائع سے حاصل کردہ ہیں اور ان کی باضابطہ تصدیق ہونا باقی ہے۔ ہوسکتا ہے کہ ان میں سے کچھ بالکل درست ثابت ہوں اور کچھ نہیں۔ لیکن یہ تو تب ہی پتہ چلے گا کہ جب آنے والی گاڑی سے پردہ اٹھایا جائے گا۔
نئی آلٹو کے بارے میں مزید جاننے کے لیے پاک ویلز کے ساتھ رہیے۔