ناقص وائرنگ کے باعث نسان بلوبرڈ کی تباہی

2 465

اب سے چند روز قبل پاک ویلز فیس بک کمیونٹی پر ایک گاڑی کی تصویر شیئر کی گئی جس کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا تھا۔ یہ گاڑی جاپانی کار ساز ادارے نسان (Nissan) کی تیار کردہ سیڈان بلیو برڈ سلفی II تھی۔ جاپان میں تیار کی جانے والی گاڑیاں اپنے بہترین معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان گاڑیوں میں اس طرح کے واقعات کم ہی سننے میں آتے ہیں لہٰذا تصویر کو دیکھ کر اس بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت پیش آئی۔ تصویر کے ساتھ درج معلومات کے مطابق گاڑی کو آگ اس وقت لگی کہ جب وہ گیراج میں کھڑی ہوئی تھی۔ اس بات سے یہی اندازہ لگایا گیا کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہی ہوسکتی ہے۔

2

گو کہ دنیا بھر میں اس طرح کے واقعات دیکھنے اور سننے میں آتے ہی رہتے ہیں کہ جن میں شارٹ سرکٹ کے باعث گاڑی میں آگ لگ گئی تاہم پاکستان میں ایسے واقعات شاذ و نادر ہی رونما ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: استعمال شدہ گاڑی خریدنے سے پہلے انجن کی 5 چیزیں ضرور دیکھیں

اس حوالے سے جب میں نے گاڑیوں کے ایک ماہر سے بات کی تو انہوں نے بتایا کہ بجلی کے تاروں میں فیوز کے عدم استعمال کے باعث ایسا ہونا ممکن ہے۔ چونکہ تار کے ساتھ فیوز استعمال نہیں کیا گیا اس لیے کسی جگہ پر وہ انجن سے رگڑ لگی اور یوں گاڑی کے برقی آلات نے آگ پکڑلی۔ پھر چند ہی لمحوں میں اس آگ نے گاڑی کے اگلے حصے میں موجود تمام ہی پرزوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

اس لیے اپنی گاڑی میں آڈیو سسٹم یاکسی بھی برقی نوعیت کا کام کرواتے ہوئے اس بات کا بخوبی خیال رکھنا چاہیے کہ اسٹارٹر کیبل اور آلٹرنیٹر کے درمیان موجود برقی تار میں فیوز بھی استعمال کیا جائے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کونسا فیوز استعمال کیا جانا چاہیے اور کیوں؟ اس کا جواب جاننا بہت ہی آسان ہے۔

Fuses

سب سے پہلے آپ اپنے ایمپلی فائر (amplifier) میں موجود فیوز کا سائز دیکھیں۔ اگر آپ کے پاس 30 ایمپئیر کے 2 ایمپلی فائر ہیں تو بہتر ہوگا کہ آپ برقی تار میں 60 ایمپئیر کا فیوز استعمال کریں۔ یہ فیوز گاڑی میں موجود برقی تاروں کی حفاظت کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس معاملے میں کوتاہی کرنےسے اجتناب کریں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک ویلز کار شیور: استعمال شدہ گاڑی جانچنے کا آسان طریقہ

بلاشبہ آڈیو سسٹم کی ناقص وائرنگ کے باعث جلنے والی اس گاڑی کے مالک سے اظہار ہمدردی کرنا چاہیے۔ ساتھ ہی ہمیں اس واقعے سے سبق بھی سیکھنا چاہیے کہ گاڑیوں کی مرمت، دیکھ بھال اور اس میں اپنی خواہش کے مطابق تبدیلی کرنے کا تمام کام کس قدر حساس اور توجہ طلب ہے۔ ایک ایسے ملک میں کہ جہاں جعلی معالج اور جراحوں کے ہاتھوں ہونے والے نقصانات کی خبریں عام ہیں وہاں غیر تربیت یافتہ مکینک کے ہاتھوں گاڑیوں کا تباہ ہوجانا کوئی اچھوتی بات نہیں ہے۔

1

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.