ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہونڈا وِزل اور ہونڈا فِٹ میں خرابیوں کا انکشاف

173

ہونڈا وِزل (جسے HR-V کے نام سے بھی پیش کیا جاتا ہے) اور ہونڈا فِٹ (جسے Jazz کے نام سےبھی پیش کیا جاتا ہے) میں تکنیکی خرابیاں سامنے آئیں ہیں جس کے بعد ہونڈا جاپان نے ان گاڑیوں کو درستگی کے لیے طلب کرلیا ہے۔ یہ خرابی پاور اسٹیئرنگ اور اس میں لگے برقی پرزے میں آئی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان میں ہونڈا فِٹ اور ہونڈا وِزل بڑی تعداد میں جاپان سے پاکستان درآمد کی جاتی ہیں اور مذکورہ خرابیاں جاپان میں فروخت ہونے والی گاڑیوں ہی میں سامنے آئی ہیں۔

مشہور جریدے بلومبرگ سے بات کرتے ہوئے جاپانی وزارت ٹرانسپورٹ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ برقی یونٹ میں خرابی کی وجہ سے کم از کم چھ بار گاڑی میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں جبکہ پاور اسٹیئرنگ میں خرابی کی وجہ سے دو حادثات بھی ہوئے تاہم خوش قسمتی سے ان میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم: ہونڈا HR-V پاکستان میں متعارف کروادی گئی

جن گاڑیوں میں یہ خرابیاں پائی گئی ہیں ان میں اگست 2013 سے فروری 2016 تک تیار اور فروخت کی جانے والی وِزل اور فِٹ شامل ہیں۔ ہونڈا (Honda) نے باضابطہ طور پر فِٹ میں ان خرابیوں کو تسلیم کرتے ہوئے صارفین سے گاڑیوں میں بالکل مفت درستگی کروانے کا کہا ہے تاہم ہونڈا وِزل کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

2014 Honda Fit Hybrid
ہونڈا فِٹ ہائبرڈ 2014

ماضی میں بھی ان دونوں گاڑیوں میں متعدد تکنیکی مسائل سامنے آچکے ہیں۔ اکتوبر 2013 میں تقریباً 4,883 ہونڈا فِٹ کو آٹو میٹک ٹرانسمیشن میں ہونے والی خرابیوں کے باعث طلب کیا گیا تھا جو بعد ازاں دسمبر 2013 میں یہ تعداد 36,100 تک پہنچ گئی۔ پھر دو ماہ بعد فروری 2014 میں انجن کنٹرول یونٹ میں شکایات کے بعد مجموعی طور پر 81,353 ہونڈا فِٹ اور وِزل میں درستگی کی گئی۔ بعد ازاں اسے طویل دیتے ہوئے جولائی 2014 تک 175,356 گاڑیوں کے مسائل حل کیے گئے۔ یہ سلسلہ یہیں پر ختم نہیں ہوا بلکہ چند ہی ماہ بعد 321,501 ہونڈا فِٹ اور ہونڈا وِزل گاڑیوں کو انجن اگنیشن کوائل اور پاور سپلائی سرکٹ میں درستگی کے لیے ہونڈا جاپان سے رجوع کرنے پڑا۔

ہونڈا فِٹ اور وِزل جاپان سے پاکستان میں منگوائی جاتی ہیں۔ اگر آپ نے چند ماہ قبل ان گاڑیوں کو خریدا ہے تو اپنے مقامی ہونڈا ڈیلرشپ سے رابطہ کریں۔ ہونڈا پاکستان نے جنوری 2016 میں ہونڈا HR-V متعارف کروائی ہےجو تھائی لینڈ سے درآمد کر کے فروخت کی جارہی ہیں۔ تاہم گاڑیوں کے پرزوں میں مماثلت کی وجہ سے امکان ہے کہ ہونڈا پاکستان درآمد شدہ جاپانی ہونڈا وِزل میں موجود مسئلے کو حل کرنے کے لیے آپ کی مدد کرسکتے ہیں۔

Honda Vezel
ہونڈا وِزل جاپان
2016 Honda HR-V Pakistan
2016 ہونڈا HR-V
Google App Store App Store

تبصرے بند ہیں.