ریکارڈ منافع، “باس” مہران قدم جمائے کھڑی ہے

3 109

ہم کئی سالوں سے سن رہے ہیں کہ پاک سوزوکی کی مہران بس اب غائب ہونے ہی والی ہے، لیکن اب تک نہ صرف مہران مضبوطی سے اپنے قدم بلکہ ٹائر جمائے ہوئے ہے بلکہ ہیچ بیک میں ملک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی ہے۔

مہران کے بارے میں آخری خبر یہ آئی تھی کہ اس کی جگہ آلٹو 660cc لے گی، لیکن یہ افواہ بھی ہوا میں اڑ گئی۔ پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی فروخت کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پاک سوزوکی نے فروری 2018ء میں 4360 مہران  گاڑیاں فروخت کیں، اور اگر ہم پچھلے سال کے فروری سے تقابل کریں تو کمپنی نے 1000 یونٹ زیادہ بیچے ہیں۔ فروری 2017ء میں ادارے نے 3360 عدد مہران گاڑیاں فروخت کیں(یعنی یہ ہے 30 فیصد اضافہ)۔

یہ اعداد و شمار واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں کہ اس گاڑی کی فروخت اپنے عروج پر ہے، تو آخر یہ کہا کس نے تھا کہ مہران کا جلد خاتمہ ہو جائے گا۔ اس گاڑی کے اب تک برقرار رہنے کی اہم ترین وجہ ہے اس کی قیمت جو 709,000 ہے (سستا ترین ویریئنٹ VX)۔

پاکستان میں بڑی آبادی درمیانے طبقے کی ہے جس کی قوت خرید اتنی اچھی نہیں، اس لیے وہ اپنے لیے بالکل نئی گاڑی خریدنا چاہے تو واحد انتخاب سوزوکی مہران کا رہ جاتا ہے۔ واضح رہے کہ مقامی مینوفیکچرر یونائیٹڈ آٹو 800cc کی ایک گاڑی بنا رہا ہے اور اس سال اپنی یہ ہیچ بیک جاری بھی کرے گا، اس لیے کم از کم لوگوں کو 800cc ہیچ بیک کیٹیگری میں کچھ اور بھی منتخب کرنے کو تو ملے گا۔ البتہ HRL زوٹیے Z100 مہران کو کچھ خاص چیلنج نہیں کر پائے گی۔

مڈل کلاس آبادی کے لیے ایک گاڑی کی مرمت پر آنے والے اخراجات کی وجہ سے بھی مہران رکھنا زیادہ آسان ہے – سادہ الفاظ میں کم خرچ دیکھ بھال بھی ایک اہم وجہ ہے کہ لوگ اب بھی مہران خریدتے ہیں۔

مہران بنانے والے پاک سوزوکی نے اپنا منافع بھی جاری کردیا ہے جو حیران کن ہے۔ تفصیلات کے مطابق ادارے نے 2017ء میں 3.825 ارب روپے کا بھاری منافع حاصل کیا جو 2016ء میں 2.77 ارب روپے تھا۔ یہ سال بہ سال بنیاد پر 38 فیصد کا متاثر کن اضافہ ہے۔ کمپنی کی مجموعی فروخت میں بھی سال بہ سال میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔ ویگن آر اور مہران بدستور کمپنی کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیاں رہیں۔

واضح رہے کہ مارچ کے آغاز میں کمپنی نے اپنی ویگن آر کی قیمت میں 50 ہزار روپے کا اضافہ بھی کیا تھا۔ مزید برآں، کمپنی کی حصص پر آمدنی بھی 33.69  سے بڑھ کر 46.49 روپے ہو چکی ہے۔

اگر تمام پہلوؤں کو دیکھ کر ایک جملے میں بات ختم کی جائے تو وہ یہ ہے کہ مہران کہیں نہیں جا رہی کیونکہ سوزوکی اپنی “سونے کے انڈے دینے والی اس مرغی” کو کیوں ذبح کرے؟

نیچے تبصروں میں اس حوالے سے اپنی رائے سے ضرور آگاہ کیجیے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.