سوزوکی ویگن آر کی بُکنگ روک دی گئی

0 205

پاکستان میں پاک سوزوکی کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ یہ ادارہ برسہا برس سے مقبول ترین ترین گاڑیاں تیار اور فروخت کرتا آ رہا ہے۔ اور یہی وجہ ہے کہ اس کا شمار ملک میں گاڑیاں تیار کرنے والے کامیاب ترین اداروں میں کیا جاتا ہے۔ گزشتہ سال بھی ادارے نے بڑی تعداد میں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں فروخت کیں جسے ایک ریکارڈ مانا جاتا ہے۔

ملک کے مشہور ترین کار ساز ادارے کے حوالے سے تازہ خبر یہ ہے پاک سوزوکی نے اپنے ڈیلرز کو نئی سوزوکی ویگن آر کی بکنگ سے روک دیا ہے۔ سوزوکی ڈیلرز کو موصول ہونے والی ہدایات کے مطابق یکم فروری 2018ء سے ویگن آر کی بُکنگ عارضی طور پر روکی جا رہی ہے البتہ ماہ جنوری تک بُک کی جانے والی تمام گاڑیاں شیڈول کے مطابق ہی فراہم کی جائیں گی۔

ڈیلرز کو جاری کردہ ہدایت نامے میں بکنگ روکنے کی وجوہات نہیں بتائیں گئیں۔ ممکنہ طور پر اس فیصلے کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں۔

اس فیصلہ کی ایک وجہ تو یہ ہوسکتی ہے کہ ادارے کو پہلے ہی بڑی تعداد میں آرڈر مل چکے ہیں جس کی وجہ سے پاک سوزوکی کو گاڑیوں کی مانگ پوری کرنے میں مشکل پیش آ رہی ہو اور ادارے کی خواہش ہے کہ مزید گاڑیوں کی بکنگ نہ کی جائے تاوقتیکہ کہ موجودہ خریداروں کو گاڑیاں فراہم نہیں کر دی جاتیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی ویگن آر بڑی تعداد میں فروخت ہوئی تھی۔suzuki-wagon-r

دوسری وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ پاک سوزکی اپنے گاہکوں کی توجہ ویگن آر سے ہٹا کر دوسری نسبتاً نئی ہیچ بیک یعنی سوزکی کلٹس کی طرف مبذول کروانا چاہتی ہے۔ لیکن چونکہ ان دونوں گاڑیوں کی قیمتوں میں بہت زیادہ فرق ہے اس لیے سوزوکی کلٹس کی فروخت میں اضافے کی یہ حکمت عملی زیادہ کارگر ثابت ہوتی نظر نہیں آ رہی۔

مذکورہ دونوں وجوہات محض خیالی ہیں اور فی الوقت یہ بات سوزوکی پاکستان ہی جانتا ہے کہ ویگن آر کی بکنگ کیوں روکی گئی ہے۔ اس معطلی کے حوالے سے مزید خبریں ملیں تو ہم اپنے قارئین کو فورا آگاہ کریں گے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.